”PAYOفوڈ پینٹری کی سالانہ تقریب، ”فوڈ فرج“ کا بھی افتتاح کر دیا گیا“
تقریب میں اسمبلی وومین روڈنی بشٹ ، قونصل جنرل عائشہ علی ، کونسل وومین فرح لوئیس ،بورو پریذیڈنٹ بروکلین ایرک اور کونسل مین ہائم ڈوئچ کے نمائندوں اور ڈائریکٹر فوڈکیٹ میکینذی کی شرکت
نیویارک (محسن ظہیر سے ) نیویارک میں پاکستانی کمیونٹی کے سب سے بڑے گڑھ کونی آئی لینڈ ایونیو، بروکلین میں کمیونٹی کے جواں سال ارکان کی ایک نمائندہ تنظیم ”پاکستانی امریکن یوتھ آرگنائزیشن “ (PAYO) کی فوڈ پینٹری کا ایک سال مکمل ہو گیا ہے ۔فوڈ پینٹری کے زیر اہتمام خدمت خلق کا ایک سال مکمل ہونے پر پاکستانی امریکن یوتھ آرگنائزیشن کی جانب سے خصوصی تقریب منعقد ہوئی ۔ تقریب میں اسمبلی وومین روڈنی بشٹ ، پاکستانی قونصل جنرل عائشہ علی ، کونسل وومین فرح لوئیس ،بورو پریذیڈنٹ بروکلین ایرک ایڈمزاور کونسل مین ہائم ڈوئچ کے خصوصی نمائندوں کے علاوہ مئیر آفس کی ڈائریکٹر فوڈکیٹ میکینذی سمیت مقامی اہم شخصیات اور کمیونٹی ارکان اور اکنا ریلیف نیویارک کے عاطف بھائی سمیت دیگر نے بڑی تعداد میں شرکت کی ۔
فوڈ پینٹری کے ایک سال مکمل ہونے کے ساتھ ساتھ ”پائیو“ کی جانب سے آفس کے سامنے رکھے جانے والے فوڈ فرج کا بھی افتتاح کیا گیا جس میں اشیائے خوردو نوش موجود ہوا کریں گی اور ضرورت مندوں کو دعوت عام ہو گی کہ وہ ضرورت کے مطابق اشیاءفرج سے خود حاصل کر لیں
”پائیو “ کے پریذیڈنٹ وکیل احمد نے تقریب میں مہمانان خصوصی سمیت شرکاءکو خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ کورونا وبا نے ہمیں باور کروایا کہ مشکل حالات میں مل کر اور ایک دوسرے کی مدد کرکے ہی چیلنجوں سے نبرد آزما ہو ا جا سکتا ہے ۔ ہمارے لئے فخرکی بات ہے کہ ہم نے ایک سال میں ہزاروں خاندانوں کی مدد کی اور کرتے رہیں گے
”پائیو “ کے وائس پریذیڈنٹ جواد شبیر کا کہنا تھا کہ ایک سال قبل فوڈ پینٹری کے ذریعے ہفتے میں چارہزار پاو¿نڈز اشیائے خوردو نوش اور راشن مستحق افراد میں تقسیم کرنے کے جس سلسلہ کا آغاز کیا تھا ، وہ الحمد للہ آج ہر ہفتے 60ہزار پاو¿نڈز راشن کی تقسیم تک پہنچ چکا ہے ۔جوان شبیر کا مزید کہنا تھا کہ ”پائیو “ کے زیر اہتمام اب ہر ہفتے بروکلین میں چار مقامات پر گیارہ سو افراد میں 60ہزار او¿نڈز راشن تقسیم کیا جاتا ہے ۔
اسمبلی وومین روڈنی بشٹ ، کونسل وومین فرح لوئیس ، بورو پریذیڈنٹ ایرک ایڈمز اور کونسل مین ہائم ڈوئچ کے نمائندوں نے ”پائیو“ کی خدمات خلق کو شاندر الفاظ میں خراج تحسین پیش کیا ۔ ان کا کہنا تھا کہ ”پائیو“ نے جن حالات میں خدمات انجام دی، وہ مشکل حالات تھے ۔ نیویارکرز مشکل وقت میں خدمات انجام دینے والوں کو کبھی فراموش نہیں کریں گے
تقریب سے خطاب کے دوران امام احمد علی ، ڈسٹرکٹ لیڈر جوش پئیر، جبراک اکرم سمیت دیگر کی جانب سے بھی پائیو کی خدمات کو سراہا گیا ۔
نیویارک سٹی کی ڈائریکٹرفوڈ کیٹ میکینزی کا کہنا تھا کہ نیویارک سٹی گورنمنٹ اور مئیر آفس ”پائیو “ جیسی تنظیموں کی خدمات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے کہ جس نے معاشی مشکلات کے شکار نیویارکرز کی مدد میں وبا کے دوران صف اول میں رہ کر اپنا کردار ادا کیا۔پاکستانی قونصل جنرل عائشہ علی کی جانب سے بھی ”پائیو “ کی خدمات کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا گیا کہ اوورسیز پاکستانیوں کے خدمات خلق کے کاموں سے ملک و قوم کا نام بھی روشن ہوتا ہے اور پاکستان کو ایسے اوورسیز پاکستانیوں اور تنظیموں پر فخر ہے ۔تقریب میں اسمبلی وومین روڈنی ، ارکان کونسل فرح لوئیس ، ہائم ڈوئچ اور بورو پریذیڈنٹ آفس کی جانب سے ”پائیو “ اور تنظیم کے پریذیڈنٹ وکیل احمد کو سائٹیشن پیش کی گئیں جبکہ تنظیم کے ارکان اور والنٹئیرز کی خدمات کے اعتراف کے طور پر تعریفی اسناد پیش کی گئیں ۔پاکستانی امریکن یوتھ آرگنائزیشن کا کہنا ہے کہ نیویارک میں وبا کی وجہ سے معاشی مشکلات کے شکار نیویارکرز کو مسلسل مدد کی ضرورت ہے اور ”پائیو“ ان کی مسلسل مدد کرتی رہے گی ۔