خبریں

سانحہ انڈیانا، سکھ امریکن کمیونٹی سے مسلم و پاکستانی کمیونٹی کا اظہارتعزیت

کونسل آف امریکن اسلامک ریلیشن اور امریکن پاکستانی پبلک افئیرز کمیٹی کا سوگوران خاندانوں سے تعزیت کا اظہار

نیویارک (اردونیوز ) پاکستانی اور مسلم امریکن کمیونٹی کی جانب سے امریکہ کی سکھ برادری سے انڈیانا میں فائرنگ کے ایک واقعہ کے دوران سکھ کمیونٹی سے تعلق رکھنے والے چار افراد کی ہلاکت پر تعزیت اور افسوس کا اظہار کیا گیا ہے۔ مسلم امریکن کمیونٹی کی ایک نمائندہ تنظیم کونسل آف امریکن اسلامک ریلیشن (CAIR) اور امریکن پاکستانی پبلک افئیرز کمیٹی (اے پی پیک۔APPAC) کی جانب سے سکھ امریکن کمیونٹی کے نام الگ الگ پیغامات میں انڈیانا میں فیڈیکس کے آفس کے سامنے ہونیوالے فائرنگ میں جاں بحق ہونے والے آٹھ افراد جن میں چار سکھ امریکن تھے ، کی ہلاکت پر افسوس کا اظہار کیا گیا اور سوگوران خاندانوں سے تعزیت کی گئی ہے ۔ پولیس نے ہلاک ہونے والے افراد کے نام جاری کئے ہیں، جن میں سے 4 سکھ برادری سے تعلق رکھتے تھے۔ ان میں 48 سالہ امر جیت سیخون، 64 سالہ جسویندر کور، 66 سالہ امر جیت جوہال، اور 68 سالہ جسویندر سنگھ شامل ہیں۔جاں بحق ہونیوالے دیگر افراد میں، 32 سالہ میتھیو آر الیگزینڈر، 19 سالہ سماریا بلیک ویل، 19 سالہ کیتھرین سمتھ، اور 74 سالہ جان ویزرٹ شامل ہیں۔ سات کے قریب افراد زخمی بھی ہوئے تھے۔
کونسل آف امریکن اسلامک ریلیشن اور امریکن پاکستانی پبلک افئیرز کمیٹی کی جانب سے کہا گیا ہے کہ پاکستانی و مسلم امریکن کمیونٹی اس اندوہناک سانحہ میں جاں بحق ہونے والے افراد کے سوگوار خاندانوں کے غم میں برابر کی شریک ہے ۔
پولیس کا کہنا تھا کہ 19 سالہ حملہ آور برینڈن ہال اسی فیڈ ایکس کے دفتر کا ملازم تھا اور حملے کے بعد برینڈن نے خود اپنی جان لے لی تھی۔ پولیس کا کہنا ہے کہ اس نے حملے میں استعمال ہونے والی دونوں رائفلیں قانونی طور پر خریدیں تھیں۔پولیس کا کہنا ہے کہ برینڈن نے دفتر کے باہر ہی سے لوگوں پر گولیاں برسانا شروع کر دی تھیں، اور بعد میں وہ دفتر کے اندر آیا، جہاں اس نے ملازمین کو گولیوں کا نشانہ بنایا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ فائرنگ دو تین منٹ جاری رہی اور پولیس افسران کے وہاں پہنچے سے پہلے ہی ختم ہو چکی تھی۔

Related Articles

Back to top button