پاکستان

جموں کشمیر لبریشن فرنٹ کے رہنما سردار انور ایڈوکیٹ کی ”یاسین ملک بچاو ، کشمیر بچاو “ مہم پر امریکہ آمد

صدر جو بائیڈن مسلہ کشمیر کے حل میں اپنی عالمی ذمہ داری ادا کریں ، یاسیم ملک پر مظالم کا اقوام متحدہ ، ایمنسٹی انٹرنیشنل سمیت عالمی ادارے نوٹس لیں ، سردارانور ایڈوکیٹ

نیویارک (اردونیوز ) جموں و کشمیر لبریش فرنٹ ( جے کے ایل ایف ) کے رہنما سردارانور بھارتی جیل میں قید جموں و کشمیر لبریش فرنٹ کے رہنما یاسین ملک کے ساتھ روا رکھی جانیوالی زیادتیوں ، ظلم اور نا انصافیوں اور مسلہ کشمیر کو اجاگر کرنے کے سلسلے میں خصوصی مہم میں امریکہ پہنچ گئے ہیں ۔ وہ نیویارک ، واشنگٹن اور ٹیکساس سمیت امریکہ کی مختلف ریاستوں کا دورہ کررہے ہیں جس میں وہ کشمیری و پاکستانی کمیونٹی سمیت مختلف تنظیموں سے ملاقاتیں کریں گے ۔
نیویارک پہنچنے کے بعد پریس کانفرنس سے سردارانور ایڈوکیٹ نے جموں و کشمیر لبریشن فرنٹ یو ایس اے کے جنرل سیکرٹری اشرف گلشن ، نیویارک کے صدر راجہ مختاراحمد، سردار سید افسر، سردارالیاس خان ، سردار گل بادشاہ اور امتیاز احمد کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کے دوران تہاڑ جیل بھارت میں قید یاسین ملک کے ساتھ روا رکھے جانے والے سلوک پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ انسانی حقوق و شہری آزادیوں کی تنظیمیں نوٹس لیں اور ظالم بھارتی حکومت پر زور ڈالے کہ وہ یاسین ملک کو مسلسل ریاستی انتقامی کاروائیوں کا نشانہ بنانے سے روکے اور انہیں آزاد کرے ۔
سردار انور ایڈوکیٹ نے کہا کہ یاسین ملک نے بھارتی حکومت سے دو ٹوک الفاظ میں کہہ رکھا ہے کہ وہ اپنی زندگی میں کبھی بھی اصولوں پر سمجھوتہ نہیں کریں گے ، اس کی وہ قیمت ادا کررہے ہیں اور خواہ کوئی بھی قیمت ہو ، وہ ادا کریں گے ۔
سردار انور نے کہا کہ ہم امریکی صدر جو بائیڈن کو اپنی قوم اور جموں و کشمیر لبریشن فرنٹ کی جانب سے انہیں ان کی جمہوری فتح پر مبارکباد پیش کرتے ہیں ۔ہم سمجھتے ہیں کہ صدر بائیڈن کی پالیسیاں بظاہر انسان دوست نظر آتی ہیں ۔ ہم توقع رکھتے ہیں کہ صدر بائیڈن ، اپنی سیاسی بصیرت ، امور خارجہ کے اپنے وسیع تجربے کو پیش نظر رکھتے ہوئے مسلہ کشمیر کے پر امن حل کو یقینی بنانے میں اپنا کردار ادا کریں گے ۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ہم سمجھتے ہیں کہ ہندوستان اور پاکستان دونوں کو کشمیر سے اپنی فوجیں واپس بلا لینی چاہئیے اور کشمیریوں کی جو اکثریت اپنے مستقبل کا فیصلہ کرے ، اسے دونوں ممالک اور کشمیری قوم بھی تسلیم کرے ۔

Sardar Anwar Advocate, JKLF

سردار انور کا کہنا تھا کہ ہم نے ”یاسین ملک بچاو¿، کشمیر بچاو¿ “ مہم پوری دنیا میں شروع کی ہے ۔ یورپ، برسلز، واشنگٹن اور نیویارک سمیت پوری دنیا میں موجود کشمیری کمیونٹی کو متحرک کررہے ہیں ۔ ہم اقوام متحدہ کے ہیڈ کوارٹر سمیت اہم مقامات پر مظاہرے کرکے ، دنیا کی توجہ اس اہم مسلہ کی طرف دلائیں گے ۔انسانی حقوق کی تنظیموں ، دانشوروں ، صحافیوں سے رابطہ کرکے انہیں بتائیں گے کہ ہم امن چاہتے ہیں اور مسلہ کشمیر کا حل چاہتے ہیں ۔ ہم ایمنسٹی انٹر نیشنل سمیت انسانی حقوق کی تنظیموں سے بھی مطالبہ کرتے ہیں کہ یاسین ملک جنہوں نے اپنی پوری زندگی کشمیری عوام کے حقوق کے لئے وقف کر دی ہے ، کی غیر مشروط رہائی کے لئے اپنی ذمہ داریاں پوری کریں اور کردار ادا کریں ۔جیل میں یاسین ملک کی صحت خراب ہے اور تہاڑ جیل میں ان کی زندگی کو شدید خطرات ہیں ۔انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ سمیت عالمی ادارے کہ جنہوں نے 1947کے بعد کشمیری عوام کو مسلہ کشمیر کے پر امن حل کی ضمانت دی تھی ، وہ اس مسلہ کے حل کو یقینی بنانے میں اپنا کردار ادا کرے۔انہوں نے کہا کہ جب تک ایک بھی کشمیری زندہ ہے ، ہم اپنی قومی آزادی کے لئے جدوجہد جاری رکھیں گے ۔
یہ ہندوستان کی بد قسمتی ہے کہ مودی کا ہندوستان گاندہی ، سبھاش چندر بوش، بھگت سنگھ کا ہندوستان نہیںہے ۔ آج کا ہندوستان ، نریندر مودی کا ہندوستان ہے ۔ مودی ، اس دہشت گرد مائنڈ سیٹ کا نام ہے کہ جس نے گاندھی کو قتل کیا ۔مودی آر ایس ایس کا نمائندہ ہے جو کہ گاندھی کے قتل کے علاوہ گجرات میں قتل عام کی ذمہ دار تنظیم ہے ۔یہی مودی مائنڈ سیٹ کشمیریوں میں قتل عام کررہا ہے۔تاریخ ہمیں بتاتی ہے کہ ظلم ، جبر اور بربریت سے نئی تحریکیں جنم لیتی ہیں ۔ کشمیر کی آزادی کی تحریک انشاءاللہ جلد اپنے انجام کو پہنچیں گی اور کشمیر آزاد ہوگا۔

Related Articles

Back to top button