پاکستان

نیوجرسی ؛کتوں کے اچانک حملہ میں پاکستانی کشمیری بچہ ہلاک ، ماں زخمی

امریکی ریاست نیوجرسی کے علاقے کارٹریٹ میں ہمسائیوں کے دو خطرناک کتوں کے گھر میں گھس کر کئے جانیوالے حملے میں تین سال اور دہ ماہ کا کم عمر پاکستانی کشمیری عزیز احمدہلاک ہو گیا

المناک سانحہ میں ماں اپنے لخت جگر کو درندہ صف کتوں کے پنجوں سے بچانے کی ہر ممکن کوشش میں رہی تاہم اپنے معصوم بیٹے اور اس کی جاں کو نہ بچاسکی اور شدید زخمی ہو گئی

نیوجرسی (محسن ظہیر سے )امریکی ریاست نیوجرسی کے علاقے کارٹریٹ میں ہمسائیوں کے دو خطرناک کتوں کے گھر میں گھس کر کئے جانیوالے حملے میں تین سال اور دہ ماہ کا کم عمر پاکستانی کشمیری عزیز احمدہلاک ہو گیا ۔ اس المناک سانحہ میں ماں اپنے لخت جگر کو درندہ صف کتوں کے پنجوں سے بچانے کی ہر ممکن کوشش میں رہی تاہم اپنے معصوم بیٹے اور اس کی جاں کو نہ بچاسکی اور شدید زخمی ہو گئی ۔گھر میں موجود دوسرے بیٹوں اور مبینہ طور پر ہمسائیوں کی جانب سے کی جانیوالی فون کال کے بعد پولیس ، ایمبولنس اور خطرناک جانوروں کو ڈیل کرنے والا سکواڈ جائے وقوعہ پہ پہنچا جس نے ایک حملہ آور کتے کو موقع پر ہلاک کر دیا جبکہ دوسرا کتا فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا ۔کمسن عزیز جسے کتوں نے حملوں میں بھنبھوڑ کر رکھ دیا کو شدید زخمی حالت میں اپنی زخمی والدہ کے ہمراہ ائیر ایمبولنس کے ذریعے رابرٹ جانسن ہسپتا ل پہنچایا گیا لیکن وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے ہمیشہ ہمیشہ کے لئے دنیائے فانی سے رخصت ہو گیا ۔
تفصیلات کے مطابق بروکلین (نیویارک ) کے ایک آٹو پارٹ سٹور پر کام کرنے والے پاکستانی امریکن کشمیری چوہدری تنویر احمد جن کا تعلق ، میر پور آزاد کشمیر سے ہے ، نے ایک ماہ قبل کارٹریٹ ، نیوجرسی میں اپنا گھر خریدا اور اپنی اہلیہ اور تین بیٹوں کے ساتھ وہاں منتقل ہو گئے ۔امریکہ میں سالہا سال سے محنت مزدور ی کے بعد اپنے گھر میں منتقل ہونے پر پورا خاندان خوش و خرم تھا لیکن انہیں معلوم نہیں تھا کہ خوابوں کے اس نئے گھر میں منتقلی کے صرف ایک ماہ کے بعد ہی ان کی زندگی میں ایک ایسا موڑ آئیگا جو پورے خاندان کو ہمیشہ کے لئے رنجیدہ کر جائے گا۔
چوہدری تنویر احمد کے قریبی دوست چوہدری اختر نے ”اردونیوز“ کو بتایا کہ منگل 16مارچ ی سہ پہر چار بجے کے قریب چوہدری تنویر کی اہلیہ شبانہ اپنے تینوں بچوں بالخصوص تین سالہ عزیز کے ساتھ گھر کے لان میں موجود تھی ۔ اس دوران اچانک دو ”پٹ بل “کتے ان کے لان میں نمودار ہوئے اور آناً فاناً حملہ آور ہو گئے ۔ ماں کے پکارنے پر دو بڑے بیٹے بھاگ کر گھر میں داخل ہو گئے جبکہ اس دوران کتوں نے چھوٹے بیٹے عزیز کو دبوچ لیا اور اس پر حملے شروع کر دئیے ۔ ماں اپنے ننھے منے لخت جگر کو درندہ صفت کتوں سے بچانے کےلئے ان پر جھپٹی اور بچے کو ان کی گرفت سے نکالنے کی کوشش میں رہی لیکن خود بھی درندہ صفت کتوں کا نشانہ بنا گئی ۔
اس صورتحال کو دیکھ کر گھر میں موجود دس سالہ بیٹے اور مبینہ طور پر ہمسائیوں نے 911پر ایمرجنسی مدد کے لئے کال کی جس کے بعد پولیس ، ایمبولنس اور خطرناک جانوروں سے نمٹنے والا سکواڈ جائے وقوعہ پر پہنچ گیا لیکن اس دوران خونی کتوں نے کمسن عزیز اور اس کی ماں کو شدید زخمی کر دیا۔ خطرناک جانوروں سے نمٹنے والے سکواڈ کی جانب سے ایک کتے کو موقع پر ہی ہلاک کر دیا گیا جبکہ دوسرا جائے وقوعہ سے فرار ہو گیا۔میڈیکل حکام نے ائیر ایمبولنس کے ذریعے معصوم عزیز اور اس کی والدہ شبانہ کو رابرٹ وڈ جانسن ہسپتال منتقل کیا جہاں پہنچنے پر معصوم بچے کو مردہ قرار دے دیا گیا جبکہ والدہ کی حالت کو تشویش ناک قرار دیا گیا تاہم خاندانی ذرائع کا کہنا ہے کہ والدہ کی حالت اب خطرے سے باہر ہے ۔
معصوم عزیز کی نماز جنازہ مسجد الولی نیوجرسی میں ادا کی جائے گی ۔ اس المناک ، افسوسناک ، دل دوز ، اندوہناک سانحہ کی وجہ سے پاکستانی امریکن ہی نہیں بلکہ نیوجرسی کی پوری کمیونٹی نہایت ہی افسردہ اور رنجیدہ ہو گئی ہے۔ چوہدری اختر، چوہدری ظہور،چوہدری حنیف ، طاہر امین سمیت کمیونٹی اور سوگوار خاندان کے عزیز و اقارب کا کہنا ہے کہ ان کے پاس اس سانحہ پر اظہار افسوس کے لئے الفاظ نہیں ہیں ۔انہوں نے کہا کہ ہم سوگوار خاندان کے غم میں برابر کے شریک ہیں ۔

Nanny Wanted in West Virginia

Related Articles

Back to top button