کورونا امدادی بل کے بعد کانگریس امیگریشن اصلاحات کا بل بھی منظور کرے ،سرور چوہدری
امدادی بل کی منظوری پر بائیڈن انتظامیہ اورکانگریس کی ڈیموکریٹک قیادت مبارکباد کی مستحق ہے ، امیگریشن اصلاحات بھی دیرینہ حل طلب مسلہ ہے
نیویارک (اردونیوز)ڈیموکریٹ پارٹی کے پاکستانی امریکن متحرک رہنما سرور چوہدری نے کہا ہے کہ یو ایس سینٹ میں کورونا امدادی بل کی منظوری سے امریکی عوام کی فوری معاشی مدد کی راہ ہموار ہو گئی ہے۔ سینٹ کے بعد ایوان نمائندگان سے بل کی منظوری کی معمول کی کاروائی بھی جلد مکمل ہو جائے گی جس کے بعد صدر بائیڈن کے دستخط سے یہ بل قانون کی شکل اختیار کر لے گا۔اپنے بیان میں سرور چوہدری نے مزید کہا کہ کورونا امدادی بل ، وقت کی ضرورت ہے ۔معاشی مشکلات کے شکار امریکی عوام کی جتنی بھی مدد کی جائے کم ہے ۔ خوش آئند بات ہے کہ مدد کے سلسلے میں بل کی صورت میں اہم پیش رفت ہو رہی ہے ۔
سرور چوہدری نے مزید کہا کہ کورونا امدادی بل کے بعد اب ڈیموکریٹس اور ریپبلکن قیادت ملک کا ایک اور دیرینہ مسلے یعنی کہ جامع امیگریشن اصلاحات کے حل میں بھی اپنا کردار ادا کریں ۔ایک کروڑ سے زائد غیر قانونی تارکین وطن کہ جو سالوں اور دہائیوں سے امریکہ میں رہ رہے ہیں ، کو قانونی سٹیٹس دینا بھی وقت کی ضرورت ہے ۔ امیگریشن اصلاحات ، بائیڈن انتظامیہ اور ڈیموکریٹس کا ایک انتخابی وعدہ بھی ہے اور ہم توقع رکھتے ہیں کہ وہ اپنا یہ وعدہ بھی جلد پورا کریں گے۔
SarwarChaudhry, Corona Relief Bill