عمران خان کی وجہ سے سری لنکا کے مسلمانوں کا بڑا شرعی مسلہ حل ہو گیا
سری لنکا میں کورونا وائرس کی وجہ سے انتقال کرنے والے مسلمانوں کی میت کی تدفین پر پابندی عائد تھی اور لاشوں کو جلادیا جاتا تھا
عمران خان نے سری لنکا کے صدر اور وزیر اعظم سے بات کی جس کے بعد سری لنکن حکومت کی جانب سے مسلمانوں کی لاشوں کی تدفین پر عائد پابندی اٹھا لی گئی ، مسلم کمیونٹی کا اظہار تشکر
اسلام آباد (اردونیوز ) وزیر اعظم عمران خان کے حالیہ دورہ سری لنکا کی وجہ سے سری لنکا میں بسنے والی اقلیتی مسلم کمیونٹی کا کورونا وائرس وبا کی وجہ سے انتقال کرنے والے مسلمانوں کی تدفین کا بڑا مسلہ حل ہو گیا ہے۔کورونا وبا کے دوران سری لنکن حکومت نے اپریل 2020سے کورونا وائرس سے مرنے والوں کو دفن کرنے پر پابندی عائد کرتے ہوئے لاش کو جلانے کا حکم دیا تھا جس پر عالمی برادری اور بالخصوص سری لنکا کی مسلم کمیونٹی کی جانب سے شدید اعتراض کیا جا رہا تھا۔ سری لنکا میں مذکورہ مسلہ اس وقت پیدا ہوا کہ جب ملک کی اکثریتی بدھا کمیونٹی کی جانب سے بے بنیاد اعتراض کیا گیا کہ کورونا کی وجہ سے مرنے والے افراد کی تدفین کی وجہ سے کورونا کا شکار مردہ کے کورونا کے اثرات زیر زمین پانی تک پہنچ سکتے ہیں ۔ اس دعوے کو ماہرین نے مسترد کرتے ہوئے بالکل بے بنیاد قراردیا ۔
عمران خان کے دورہ سری لنکا کے پیش نظر ملک کی مسلم کمیونٹی نے عمران خان سے کہا کہ وہ سری لنکن حکام سے ملاقات میں اس مسلہ کو اٹھائیں ۔بتایا گیا ہے کہ عمران خان نے کولمبو کے دورے کے دوران سری لنکا کے صدر گوٹا بایا راج باسکا اور وزیر اعظم مہندا رج باسکا سے مذکورہ مسلہ اٹھایا ۔
جمعہ 26فروری کو سری لنکا کے وزیر صحت پیوتا ونیا رچی کی جانب سے مسلمانوں کی تدفین پر عائد پابندی کو ختم کرنے کا اعلان کیا گیا ۔ اس اعلان کے ساتھ ہی وزیر اعظم عمران خان کی جانب سے کئے جانے والے ٹویٹ میں سری لنکن حکومت اور قائدین کا شکرئیہ ادا کیا کہ جنہوں نے مسلہ کا نہ صرف نوٹس لیا بلکہ اس کے فوری حل کے لئے اقدام کئے ۔
واضح رہے کہ سری لنکا میں دسمبر 2020میں کورونا کی وجہ سے انتقال کرنے والے 19مسلمانوں جن میں ایک بچہ کی میت بھی شامل تھی ، کو تدفین کی اجازت نہیں دی گئی اور انہیں جلانے کا حکم دیا گیا تھا ۔ایک رپورٹ کے مطابق سری لنکا میں کورونا وائرس کی وجہ سے انتقال کرنے والے 459افراد میں سے آدھے مسلمان تھے ۔
(تاز ہ ترین خبروں کے لئے اردو نیوز کی ویب سائٹ کو وزٹ کرتے رہیں ۔۔۔۔www.urdunewsus.com)
نوٹ: ارد ونیوز کی تمام خبروں اور مواد کاپی رائٹس کی پابندی کے زمرے میں آتے ہیں۔ کسی بھی خبر اور مواد کی بلااجازت اشاعت کی جازت نہیں ہے
Sri Lankan government ends forced cremations of COVID Muslim victims after Pakistan PM Imran Khan’s visit