بین الاقوامی

پاکستان میں اشرافیہ کا ایک طبقہ اوورسیز پاکستانیوں کی حب الوطنی کو شک سے دیکھتا ہے ، شہباز گل

عارف نقوی کے معاملات کا حکومت یا تحریک انصاف سے کوئی تعلق نہیں،عارف نقوی کو بھی قانون کا سامنا کرنا چاہئیے اور انہیں اپنے دفاع کا بھی مکمل حق ہے، شہباز گل

پاکستان میں اشرافیہ کا ایک طبقہ اوورسیز پاکستانیوں کی حب الوطنی کو شک سے دیکھتا ہے ، شہباز گل
امریکہ سمیت اوورسیز میں بسنے والے پاکستانی ’چول ‘ ساستدانوں کو ائیرپورٹ سے اٹھا کر ، شاپنگ کرواکر ان کا دماغ خراب کردیتے ہیں
اوورسیز پاکستانیوں کے الیکشن کے لئے دوہری شہریت کے خاتمے کے لئے شروع کی جانیوالی تحریک کے ساتھ ہوں ، تحریک میں مزید ہیوی ویٹ قائدین بھی شامل کریں
 

نیویارک (محسن ظہیر سے ) وزیر اعظم پاکستان کے ترجمان ڈاکٹرشہباز گل کا کہنا ہے کہ ابراج گروپ کے عارف نقوی کے معاملات کا حکومت یا تحریک انصاف سے کوئی تعلق نہیں۔ اوورسیز میں رہنے ، کام کرنے والے اور بزنس کرنے والے متعلقہ ممالک کے قوانین کے پابند ہوتے ہیں ۔وہ اگر کسی قانون کی خلاف ورزی کریں گے تو متعلقہ ممالک کے قانون کا سامنا کریں گے ۔ عارف نقوی کو بھی قانون کا سامنا کرنا چاہئیے اور انہیں اپنے دفاع کا بھی مکمل حق ہے ۔ یہ بات انہوں نے پاکستان تحریک انصاف یو ایس اے کے زیر اہتمام ٹیلی کمیونیکیشن کانفرنس سے زون پر خطاب کے دوران کہی۔ اس کانفرنس میں تحریک انصاف یوا یس اے کے امریکہ بھر میں موجود مختلف کمیٹیوں کے سربراہ ، کمیونٹی کی اہم شخصیات اور میڈیا ارکان موجود تھے ۔کانفرنس میں تحریک انصاف امریکہ کے صدر امجد نواز نے ڈاکٹر شہباز گل کو تحریک انصاف اور پاکستانی امریکن کمیونٹی کے معاملات سے آگاہ کیا جبکہ کانفرنس میں نظامت کے فرائض راجہ یعقوب نے ادا کئے ۔
کانفرنس میں شہباز گل پر زور دیا گیا کہ حکومت اوورسیز پاکستانیوں کی نہ صرف الیکشن لڑنے کےلئے دوہری شہریت کی شرط کے خاتمے کو یقینی بنائے بلکہ قانون سازی میں یہ بات بھی شامل کرے کہ منتخب ہونے کی صورت میں بھی دوہری شہریت ختم کرنا ضروری نہیں ہوگا۔ ڈاکٹرشہباز گل کا کہنا تھا کہ میں معذرت کے ساتھ کہوں گا کہ اوورسیز میں بسنے والے ہمارے اوورسیز ساتھی ، پاکستان سے بیرون ممالک کے دورے پر آنے والے ”چول “ سیاسی لیڈروں کو منہ نہ لگایا کریں۔ اوورسیز پاکستانی ان ”چول “سیاستدانوں کو ائیر پورٹ سے اٹھا کر ، شاپنگیں کرواکر ، تحائف دے ، ان کے ناز و نخرے اٹھا کر ان کا دماغ خراب کر دیتے ہیں ۔ یہ نام نہاد سیاستدان ، ایوانوں میں اوورسیز کمیونٹی کے لئے کام کرنے میں کوئی دلچسپی نہیں رکھتے ۔
ڈاکٹرشہباز گل نے کہا کہ پاکستان میں ایک اور بڑا مسلہ ہے کہ اشرافیہ کا ایک طبقہ ، اوورسیز پاکستانیوں کو شک کی نگاہ دے دیکھتا ہے ، وہ ان کی حب الوطنی پر شک کرتا ہے ۔ مجھے خود اس مسلہ کا سامنا رہا ہے ۔ یہ مخصوص طبقہ نہیں چاہتا کہ کو صاحب بصیرت ، باصلاحیت اور قابل شخص آکر ان کی اجارہ داری کو توڑ دے ۔
ڈاکٹر شہباز گل نے تحریک انصاف کے صدر امجد نواز اور امریکہ سمیت اوورسیز سے اوورسیز پاکستانیوں کے لئے دوہری شرط کے خاتمے کے لئے کام کرنے والی کمیٹی کے سربراہ شاہد رضا رانجھا کی بات کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ اوورسیز پاکستانیوں کے لئے دوہری شرط کے خاتمے کی تحریک کا مکمل ساتھ دونگا۔مجھے اس تحریک کا حصہ سمجھیں ۔ اس تحریک میں مزید ہیوی ویٹ قائدین کو بھی شامل کریں ۔انہوں نے کہا کہ عمران خان نے ہمیشہ چاہا ہے کہ اوورسیز پاکستانی ملکی سیاست میں موثراور فعال کردار ادا کریں ۔

Shahbaz Gill, PTI USA

Related Articles

Back to top button