پیپلز پارٹی کے رہنما و سابق وزیر دفاع چوہدری احمد مختار انتقال کر گئے
دو ہفتے قبل نمونیہ کے بعد انہیں لاہور کے ہسپتال میں داخل کروادیا گیا تھا جہاں چند روز ندگی و موت کی کشمکش میں مبتلا رہنے کے بعد وہ خالق حقیقی کو جا ملے
لاہور (اردونیو ز ) پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما ، سابق سیکرٹری جنرل ، سابق وفاقی وزیر دفاع و کامرس چوہدری احمد مختار لاہور میں انتقال کر گئے ۔دو ہفتے قبل انہیں نمونیہ ہوا جس کے بعد انہیں لاہور کے ہسپتال میں داخل کروادیا گیا جہاں ان کی طبیعت بہتر نہیں ہوئی اور کچھ دن سے حالت تشویشناک ہو گئی اور اسی حالت میں وہ ز ندگی و موت کی کشمکش میں مبتلا رہنے کے بعد وہ خالق حقیقی کو جا ملے ۔نیویارک میںمقیم ان کی صاحبزادی بھی ان کی علالت کی اطلاع ملنے پر لاہور پہنچ گئیں ۔
چوہدری احمد مختار کا تعلق گجرات سے تھا اور ان کا شمار پاکستان کی اہم ترین سیاسی شخصیات میں ہوتا تھا ۔پاکستان پیپلز پارٹی کے پلیٹ فارم پر سیاست میں نام کمایا اور بھٹو خاندان بالخصوص آصف علی زرداری کے انتہائی قریبی ساتھی بن گئے ۔پاکستان پیپلز پارٹی نے محترمہ بے نظیر بھٹو کے دورمیں انہیں وفاقی وزیر کامرس جبکہ صدر آصف علی زرداری کے دور میں انہیں وفاقی وزیر دفاع بنایا ۔
چوہدری احمد مختار نے اپنی زندگی میں سال 1990،1993،1997،2002،2008اور2013میںکل چھ الیکشن لڑے۔ ان میں سے وہ دو دفعہ الیکش جیتے اور چار دفعہ کامیاب نہیں ہو سکے ۔ انہوں نے سال 1993اور2008میں دو بار چوہدری شجاعت حسین کو الیکشن ہرایا۔وہ چوہدری برادران کے سیاسی حریف تھے ۔
چوہدری احمد مختارپاکستان کی مشہور سروس انڈسٹریز کے مالکان میں شامل تھے ۔ یہ بزنس ان کے والد محمد حسین نے شروع کیا تھا ۔ چوہدری احمد مختار کے بڑے بھائی چوہدری احمد سعید مرحوم ،پی آئی اے کے چئیرمین اور زرعی ترقیاتی بنک کے چئیرمین رہے ۔
امریکہ میں مقیم پاکستان پیپلز پارٹی یو ایس اے کے قائدین سرور چوہدری ، خالد اعوان ، چوہدری اعجاز فرخ، مدثر چوہدری ، سید کلیم شاہ جنگی، سید وسیم شاہ ، وحید احمد، محمد اعجاز، سید زاہد شہباز، سید علی عمیر، سید شیراز کاظم، شفقت تنویر، میاں بشارت ، سلمان بٹ ، شوکت بھٹہ، سید سجاد، سید ثبت حسین ،سلمان ظفر،عذرا ڈار، سمیت دیگر نے چوہدری احمد مختار کی وفات پر گہرے دکھ اور غم کا اظہار کیا ہے اور دعا کی ہے کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کو اپنے جوار رحمت میں اعلیٰ سے اعلیٰ مقام نصیب فرمائیں اور درجات بلند فرمائیں ۔انہوں نے کہا کہ چوہدری احمد مختار کی وفات سے پاکستانی سیاست ایک پرعزم جمہوری رہنما سے محروم ہو گئی ۔ ان کی موت سے پیدا ہونے والا خلاءمدتوں پورا نہیں ہوگا۔
Ch Ahmad Mukhtar passes away