پاکستان

واشنگٹن ڈی سی میں مسلسل چوتھے دن کورونا سے کوئی موت رپورٹ نہیں ہوئی لیکن کیس بڑھ رہے ہیں، مئیر

ہمیں معلوم ہے کہ وائرس ختم نہیں ہوا، یہ ہمارے شہر میں گردش کررہا ہے ۔ ان حالات میں لوگوں کو اپنی سرگرمیوں اور ایک دوسرے سے روابط کے بارے میں بہت محتاط رہنا ہوگا،مئیر مورئیل باوزر

واشنگٹن ڈی سی (محسن ظہیر) امریکی دارالحکومت واشنگٹن ڈی سی کی مئیر مورئیل باوزر کا کہنا ہے کہ 13جولائی تک مسلسل چوتھا دن ہے کہ واشنگٹن ڈی سی میں کورونا وائرس کی وجہ سے کوئی موت رپورٹ نہیں ہوئی ۔ مئیر باوزر کا سوموار (13جولائی ) کو یہاں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ اگرچہ گذشتہ چاردنوں سے کورونا وائرس کی وجہ سے کوئی موت رپورٹ نہیں ہوئی تاہم کورونا کے نئے کیس رپورٹ ہو رہے ہیں ۔13جولائی تک واشنگٹن ڈی سی میں کورونا وائرس کے کل 10,906کیس رپورٹ ہوئے جبکہ 568اموات واقع ہو چکی ہیں ۔
مئیر کا مزید کہنا تھا کہ اگرچہ یہ خوش آئندہ بات ہے کہ گذشتہ چاردنوں میں کوئی موت واقع نہیں ہوئی تاہم ہیں کیسوں کی تعداد میں اضافہ کے حوالے سے صورتحال کو پیش نظر رکھنا چاہئیے ۔انہوں نے کہا کہ کیسوں میں اضافہ کی وجہ سے لوگوں کے علیل ہونے کی تعداد میں اضافہ ہوتا ہے جس کی وجہ سے ہسپتالوں میں مریضوں کی تعداد اوراموات میں بھی اضافہ ہوتا ہے ۔ اس لئے ہر ممکن احتیاط لازم ہے ۔
مئیر نے مزید کہا کہ ہمیں معلوم ہے کہ وائرس ختم نہیں ہوا، یہ ہمارے شہر میں گردش کررہا ہے ۔ ان حالات میں لوگوں کو اپنی سرگرمیوں اور ایک دوسرے سے روابط کے بارے میں بہت محتاط رہنا ہوگا۔واشنگٹن ڈی سی کے ساتھ واقع دو ریاستوں میری لینڈ اور ورجینیا میں کورونا کیسوں کے رجحان میں کمی دیکھنی میں آئی ہے تاہم دونوں ریاستیں ابھی تک اپنی معیشت کھولنے کے حوالے سے دوسرے فیز سے آگے نہیں بڑھی ہیں ۔
نیویارک سٹی کے مئیر کی جانب سے 13جولائی کو فیس بک پوسٹ پر کہا گیا کہ گذشتہ 24گھنٹوں کے دوران نیویارک سٹی میں کورونا کی وجہ سے کوئی موت نہیں ہوئی ۔
ایک طرف نیویارک جو کہ کورونا کیسوں کا ہاٹ سپاٹ بنا رہا اور امریکہ بھر میں سب سے زیادہ اموات نیویارک سٹیٹ میں ہوئیں تاہم اب سٹیٹ میں وائرس کی صورتحال قدرے بہتر ہے لیکن دوسری جانب کیلی فورنیا، ٹیکساس اور فلوریڈا سمیت امریکہ کی جنوب سمیت دیگر حصوں میں واقع ریاستوں میں وائرس تشویشناک حد تک پھیل رہاہے ۔امریکہ میں کورونا کی وجہ سے ہونیوالی اموات کی تعداد ایک لاکھ 35ہزار سے تجاوز کر گئی ہے ۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ جنہوں نے وائرس کے پھیلاو¿ کے بعد سے کبھی ماسک نہیں پہنا، ویک اینڈ پر والٹر ریڈ ہسپتال میں زخمی فوجیوں کی عیادت کے لئے پہنچے تو انہوں نے پہلی بار ماسک پہنا ۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ ماسک پہننے کے مخالف نہیں ہیں لیکن ان کا ماننا ہے کہ ماسک پہننے کا ایک وقت اور مقام ہے ۔
ریپبلکن پارٹی کے سینئر سینیٹر ٹیڈ کروز سوموار کو اس وقت خبروں میں توجہ کا مرکز بن گئے کہ جب انہوں نے امریکن ائیرلائینز کی ایک پرواز کے دوران ماسک نہیں پہنا ۔ پرواز میں ان کی بغیر ماسک کے تصویریں سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئیں اور ناقدین کا کہنا تھا کہ سینیٹر ٹیڈ کروز جیسے پالیسی و قانون ساز کو قانون اور قواعد کی پابندی کی جانی چاہئیے ۔

Washington D.C. reports 4 straight days of no COVID-19 deaths

Mayor Muriel Bowser

Related Articles

Back to top button