امیگریشن نیوز

کورونا وائرس وبا کے دوران نیویار ک میں 92ہزار سے زائد کھانے تقسیم کرنے والوں کی خدمات کااعتراف

خدمات کے اعتراف کے طور پر انہیں شیلڈز کانگریس ویمن ایوٹ کلارک، بورو پریذیڈنٹ بروکلین  ایرک ایڈم اور نیویارک سٹی پبلک ایڈوکیٹ جمانی ولیمز کی جانب سے پیش کی گئیں

نیویارک (محسن ظہیر سے )نیویارک میں کورونا وائرس وبا کے دوران نیویارک کے شہریوں میں بلا امتیاز 92ہزار سے زائد تازہ و گرم کھانے تقسیم کرنے والے پاکستانی و مسلم امریکن کمیونٹی کے خدمتگاروں کی خدمات کو شاندار الفاظ میں خراج تحسین پیش کیاگیا اور ان کی خدمات کے اعتراف کے طور پر انہیں شیلڈز بھی پیش کی گئیں ۔ یہ شیلڈز کانگریس ویمن ایوٹ کلارک، بورو پریذیڈنٹ بروکلین (نیویارک) ایرک ایڈم اور نیویارک سٹی پبلک ایڈوکیٹ جمانی ولیمز کی جانب سے پیش کی گئیں ۔
واضح رہے کہ پاکستانی و مسلم امریکن کمیونٹی کی مختلف تنظیموں ”پاکستانی امریکن یوتھ سوسائٹی (پیز۔PAYS)، خیبر سوسائٹی آف امریکہ ، مسلم آفیسرز سوسائٹی (نیویارک پولیس ) سمیت سات تنظیموں نے ملکر تین سے زائد ماہ میں نیویارک میں مختلف مقاما ت پر روانہ سینکڑوں کی تعداد میں ضرورت مند نیویارکرز میں تازہ ، گرم و حلال کھانے بالکل مفت تقسیم کئے ۔
پاکستانی امریکن یوتھ سوسائٹی کے دفترمیں ہونیوالی خصوصی تقریب میں یوا یس کانگریس ویمن ایوٹ کلارک ، بورو پریذیڈنٹ ایرک ایڈمز، سٹی پبلک ایڈوکیٹ جمانی ولیمز، نیویارک سول جج کینیڈی سمیت ارکان سٹی کونسل و اہم شخصیات شریک ہوئیں ۔ انہوںنے کہا کہ کورونا وائرس وبا کے مشکل ترین حالات میں جب سب نیویارکرز گھروں میں محدود ہو کر رہ گئے تھے ، اس وقت پاکستانی و مسلم امریکن کمیونٹی کے امیگرنٹس نے بلا امتیاز خدمت خلق کا جو کردار ادا کیا ، اس کو جتنا بھی سراہا جائے کم ہے۔ یہ کردار اس بات کا بھی عکاس ہے کہ امیگرنٹس کمیونٹیزنے امریکہ میں کیا کیا گرانقدر خدمات انجام دی ہیں جس پر پورے ملک کو فخر ہے۔
کانگریس ویمن ا یوٹ کلارک نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے خوشی کا اظہار کیا کہ اب پاکستانی، امریکن کمیونٹی کی نئی نوجوان نسل آگے آکر امریکی معاشرے اور نظام کا مفید حصہ بن رہی ہے۔ انہوں نے کمیونٹی کے جواں سال ارکان کی صلاحیتوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ ایک خوش آئند تبدیلی ہے ۔
پاکستان امریکن یوتھ سوسائٹی (PAYS) کی صدر اسرا راشد نے بات کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں خوشی ہوئی کہ ہمارے رضا کاروں کی خدمات کو سراہا گیا۔ ہم نے 90 روز تک انتھک محنت کی اور 92 ہزار لوگوں کو کھانا فراہم کیا۔عوام اورحکام کی بڑی تعداد میں تقریب میں شرکت ہماری حوصلہ افزائی کا سبب بنی ہے۔
پاکستان امریکن یوتھ سوسائٹی (PAYS) اور خیبر سوسائٹی کے اشتراک سے منعقد ہونے والی اس تقریب میں تازہ حلال کھانوں کی تقسیم کے علاوہ کورونا کیلئے ٹیسٹنگ کیلئے بھی کیمپ لگایا تھا۔

 

Related Articles

Back to top button