نیویارک میں تیسرے پاکستانی فارماسسٹ علی اصغر یاسین انتقال کر گئے
کرونا وائرس کا شکار ہونے کی وجہ سے علیل ہوگئے جس کے بعد انہیں ہسپتال داخل کروادیا گیا جہاں ان کا تین ہفتے علاج جاری رہا لیکن سانس کی تکلیف کی وجہ سے ان کی حالت بدستور خراب ہوتی گئی اور وہ بالآخر اپنے خالق حقیقی سے جا ملے
واضح رہے کہ گذشتہ ہفتوں میں نیویارک میں دو پاکستانی امریکن فارماسسٹس محترمہ فرزانہ احسن اور آصف اقتدار بھی انتقال کر چکے ہیں
نیویارک (اردونیوز ) پاکستانی امریکن کمیونٹی کے نیویارک میں تیسرے فارماسسٹ علی اصغر یاسین تین مئی کو یہاں پر انتقال کر گئے ۔ وہ کرونا وائرس کا شکار ہونے کی وجہ سے علیل ہوگئے جس کے بعد انہیں ہسپتال داخل کروادیا گیا جہاں ان کا تین ہفتے علاج جاری رہا لیکن سانس کی تکلیف کی وجہ سے ان کی حالت بدستور خراب ہوتی گئی اور وہ بالآخر اپنے خالق حقیقی سے جا ملے ۔
پاکستانی امریکن فارماسسٹس کی نمائندہ تنظیم پاکستانی امریکن فارماسیوٹیکل ایسوسی ایشن (PAPA)کے محمدسلیم کی فیس بک پوسٹ کے مطابق مرحوم کا انتقال کرونا وائرس کی وجہ سے ہوا۔
مرحوم طویل عرصے سے نیویارک سٹی میں واقع اپنی فارمیسی پر بطورکمیونٹی فارماسسٹ کام کرتے تھے ۔وہ پاکستانی امریکن فارماسیوٹیکل ایسوسی ایشن کے بورڈ ممبر بھی تھے ۔ پاکستان میں مرحوم کا تعلق کراچی سے تھا۔
محمد سلیم نے اردو نیوز سے بات کرتے ہوئے کہا کہ علی اصغر یاسین ، نہایت ہی نفیس اور ہمیشہ بہت ہی عاجزی و انکساری کا مظاہرہ کرنے والے شخص تھے۔ ان کی وفات سے ہماری تنظیم ایک بہت ہی سینئر فارماسسٹ اور مخلص رکن سے محروم ہو گئی ہے ۔
پاکستانی امریکن فارماسیوٹیکل ایسوسی ایشن نے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ وہ سوگوار خاندان کے غم میں برابر کے شریک ہیں اور دعا گو ہیں کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کو جنت الفردوس میں مقام نصیب فرمائیں اور پسماندگان کو صبر جمیل عطاءفرمائیں ۔
واضح رہے کہ گذشتہ ہفتوں میں نیویارک میں دو پاکستانی امریکن فارماسسٹس محترمہ فرزانہ احسن اور آصف اقتدار بھی انتقال کر چکے ہیں ۔