" "
اوورسیز پاکستانیز

شکاگو میں تین پاکستانیوں کی اموات

متوفین میں اسلام بھائی، رفیق گرانترا اور مشتاق بھٹی شامل ہیں ، تینوں کمیونٹی ارکان کی طبیعت کی خرابی کے بعد ہسپتال لے جایا گیا جہاں چند دن کی علالت کے بعد خالق حقیقی سے جا ملے

شکاگو (محسن ظہیر سے) نیویارک اور نیوجرسی کے بعد امریکہ کے ایک اور بڑے شہر شکاگو میں تین پاکستانیوں کی اموات ہوئی ہیں ۔ ان میں 72سالہ محمد اسلام المعروف اسلام بھائی (آف عثمانیہ ریسٹورنٹ ) ، 60سالہ رفیق گرانترااور 76سالہ مشتاق بھٹی شامل ہیں ۔ تینوں متوفین کی نماز جنازہ ایم سی سی اسلامک سنٹرشکاگو میں 20اپریل بروز سوموارالگ الگ ادا کی گئی ۔ایم سی سی کے مفتی ہارون نے الگ الگ نماز جناز ہ پڑھائی جس میں نور یعقوب، نور محمد ، رفیق بادلہ ، نعیم احمد، خورشید شاہ ، ناصر شیخ ، محمد سلیم مکھی ، وسیم بٹ سمیت دیگر نے شرکت کی ۔ بعد ازاں متوفین کو الگ الگ پلاسکی قبرستان میں سپر د خاک کر دیا گیا ۔پاکستانی امریکن کمیونٹی شکاگو کے کمیونٹی رکن نور محمد کے مطابق کرونا وائرس کی وجہ سے سٹی گورنمنٹ کی ہدایت ہے کہ نماز جنازہ اور قبرستان میں دس سے زائد افراد نہ ہوں ، اس لئے نماز جنازہ الگ الگ پڑھائی گئیں اور تدفیق بھی ایسے ہی کی گئی ۔
شکاگو جو کہ امریکی ریاست الے نائے میں واقع ہے ، میں کرونا وائرس کے کنفرم کیسوں کی تعداد 30,357 ہے جبکہ 20اپریل کے اعداد و شمار کے مطابق الے نائے میں ہونیوالی اموات کی تعداد1,290ہے جن میں ان تین پاکستانی بھی شامل ہو گئے ہیں ۔
پاکستانی امریکن کمیونٹی شکاگو کی معروف سماجی شخصیات نعیم احمد اور سلیم مکھی نے اردو نیوز سے بات کرتے ہوئے شکاگو میں ہونیوالی تینوں اموات کی تصدیق کی۔ نور محمد کے مطابق ایم سی سی کے مفتی ہارون جو کہ اسلامک سنٹر کے فیونرل ڈائریکٹربھی ہیں ، نے اسلام بھائی اور رفیق گرانترا کی میتیں وصول کیں اور دونوں میتوں کو اسلامی طریقے سے غسل دیا گیا، شرعی تقاضے پورے کئے ۔
نعیم احمد نے عثمانیہ ریسٹورنٹ شکاگو کے محمد اسلام احمد المعروف اسلام بھائی مرحوم جن کو وہ گذشتہ چالیس سالوں سے جانتے ہیں، کے بارے میں بتایا کہ مرحوم کے پسماندگان میں دو بیٹیاں اور بیوہ شامل ہیں ۔ نعیم احمد کے مطابق اسلام بھائی (جن کو ان کے قریبی دوست پولا بھائی بھی کہتے تھے) کی ایک ہفتے پہلے طبیعت خراب ہوئی، ان کی بیٹی نے ایمبولنس کال کی جو کہ انہیں ہسپتال لے گئے۔ اسلام بھائی اور بیٹی ردیٰ دونوں کو کنفرم کیس آیا۔ہسپتال سے اسلام بھائی کو شام دس بجے ریلیز کر دیا جبکہ ان کی صاحبزاد ی کو گھر پر ہی قرنطینہ کرنے کی ہدایت کی گئی جو کہ صحت مند اور بہتر ہو رہی ہیں ۔
تاہم اسلام بھائی کی پہلے دن ہسپتال جانے کے بعد اگلے دن شام کو دوبارہ طبیعت خراب ہوئی ، پھرایمبولنس کال کی گئی جو کہ انہیں دوبارہ ہسپتال لے گئے ۔ ڈاکٹرز ان کی طبیعت کے متعلق فون پر مطلع کرتے رہے ۔ہسپتال میں اسلام بھائی کو سانس لینے میں دشواری ، بلڈ پریشر اور گردوں کے امراض لاحق ہو گئے اور ان کی بگھڑتی ہوئی صحت کے پیش نظر انہیں وینٹی لیٹر پر لگا دیا گیا جہاں زندگی و موت کی کشمکش میں مبتلا رہنے کے بعد وہ 19اپریل کو خالق حقیقی سے جاملے ۔
نعیم احمد نے کہا کہ اسلام بھائی کا تعلق ملیر ، کراچی سے تعلق رکھتے تھے ۔وہ ہر سا ل بچوں کے ساتھ پاکستان جاتے تھے ۔نعیم احمد اور سلیم مکھی نے کہا کہ اسلام بھائی نہایت ہی نفیس ، ملنسار اور مدد کرنے والے انسان تھے ۔
رفیق گرانترا مرحوم کی عمر 60تھی، ان کے پسماندگان میں چار بیٹیاں اور بیوہ شامل ہیں ۔ پاکستان میں ان کا تعلق کراچی سے تھا۔ مشتاق بھٹی مرحوم کی عمر 76سال بتائی گئی ہے ۔
شکاگو میں بسنے والی پاکستانی امریکن کمیونٹی نے کمیونٹی ارکان کی اموات پر گہرے دکھ اور غم کا اظہار کیا ہے اور دعا کی ہے کہ اللہ تعالیٰ مرحومین کو اپنے جوار رحمت میں اعلیٰ سے اعلیٰ مقام نصیب فرمائیں اور ان کی مغفرت فرمائیں ۔

Three Pakistanis Islam Bhai, Rafiq Grantra and Mushtaq Bhatti passed away in Chicago

Related Articles

Back to top button