مسلہ کشمیر پر سلامتی کونسل کی قراردادیں ، اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کا پاکستان میں بڑا بیان
کشمیر سے متعلق اقوام متحدہ کی قراردادوں پرعمل درآمد ضروری ہے اور مقبوضہ کشمیر میں انسانی اور بنیادی حقوق کو یقینی بنانے کی ضرورت ہے۔انتونیو گوتریس
اسلام آباد (اردو نیوز ) اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس نے اپنے حالیہ دورہ پاکستان کے دوران مسلہ کشمیر پر اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قرار دادوں پر بڑا بیان دیا ہے ۔ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انتونیو گوتریس کا کہنا تھا کہ کشمیر سے متعلق اقوام متحدہ کی قراردادوں پرعمل درآمد ضروری ہے اور مقبوضہ کشمیر میں انسانی اور بنیادی حقوق کو یقینی بنانے کی ضرورت ہے۔
اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کا مزید کہنا تھا کہ لائن آف کنٹرول اور ورکنگ باو¿نڈری پر پاکستان اور بھارت دونوں ممالک تحمل کا مظاہرہ کریں، بھارت اقوام متحدہ کے ساتھ سیزفائر کے معاہدے کو یقینی بنائے۔ان کا کہنا ہے کہ دونوں ملکوں میں امن کی بحالی کے لیے اقوام متحدہ اہم کردار ادا کرسکتا ہے۔
افغان مہاجرین کے حوالے سے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کا کہنا تھا کہ پاکستانی افغان مہاجرین کے لیے کھلے دل کا مظاہرہ کر رہے ہیں، پاکستان اب مہاجرین کو بسانے والا دوسرا بڑا ملک ہے جب کہ دہائیوں تک یہ پہلا ملک رہا ہے۔انتونیو گوتریس کا کہنا تھا کہ امن مشنز میں پاکستان کے بھرپور کردار کو سراہتے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ اسلامو فوبیا کے بڑھتے واقعات ناقابل قبول ہیں، مذہبی ہم آہنگی کے لیے برداشت اور ڈائیلاگ کی ضرورت ہے۔
وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے انتونیو گوتریس کو پاکستان میں خوش آمدید کہتے ہوئے افغان مہاجرین کے لیے ان کی کاوشوں کو قابل ستائش قرار دیا۔وزیرخارجہ کا کہنا تھا کہ سیکریٹری جنرل اقوام متحدہ کےساتھ کئی اہم ایشوز پر بات ہوئی ہے، پاکستان نے امن مشنز میں اپنےکردار کے عزم کو دہرایا ہے۔شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ بھارت مقبوضہ کشمیرمیں انسانی حقوق کی شدید پامالیوں کا مرتکب ہوا ہے، بھارت نے اقوام متحدہ کی قراردادوں کو بھی بالائے طاق رکھ دیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ مقبوضہ کشمیرمیں کثیر آبادی پاکستان کے مو¿قف کی حمایت کرتی ہے، انتونیو گوتریس سے بھارت کے 5 اگست 2019 کے اقدام کے بعد کی صورتحال پر بات ہوئی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان بھارت میں اقلیتوں سے سلوک کو دیکھ رہا ہے، بھارت میں اقلیتوں سے امتیازی سلوک جاری ہے، 25 افراد بھارتی سیکیورٹی فورسز کے ہاتھوں قتل ہوچکے ہیں، پاکستان دنیا کوبتارہا ہے کہ بھارت میں حکمران مائنڈ سیٹ کیا کررہا ہے۔