اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل پاکستان کا دورہ کریں گے
دورے کے دوران وہ وزیر اعظم ، صدر مملکت سمیت پاکستان کے اعلیٰ حکام سے ملاقاتیں کریں گے جن میں مسلہ کشمیر ، اقوام متحدہ اور اس کے مختلف اہم اداروں میں پاکستان کے کردار، خطے کی صورتحال سمیت اہم امور زیر بحث آئیں گے
نیویارک (محسن ظہیر ) اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انٹونیو گٹیرس آئندہ ہفتے پاکستان کا دورہ کریں گے ۔ بطور سکرٹری جنرل یہ ان کا پہلا دورہ پاکستان ہوگا۔ دورے کے دوران وہ وزیر اعظم ، صدر مملکت سمیت پاکستان کے اعلیٰ حکام سے ملاقاتیں کریں گے جن میں مسلہ کشمیر ، اقوام متحدہ اور اس کے مختلف اہم اداروں میں پاکستان کے کردار، خطے کی صورتحال سمیت اہم امور زیر بحث آئیں گے ۔
پاکستان میں قیام کے دوران انٹونیو گٹیرس پناہ گزینوں ، پائیدار ترقی ، ماحالیاتی تبدیلیاں ، پولیس ، ثقافت ، اقوام متحدہ کے امن دستوں کا عالمی کردار اور یوتھ سمیت دیگر امور کے متعلق اہم تقریبات میں شریک ہو ں گے ۔
اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کے دورہ پاکستان کے دوران ایک بار پھر حکومت پاکستان کی جانب سے زور دیا جائے گا کہ مسلہ کشمیر کے حل کے سلسلے میں اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قرار دادوں پر عملدرامد کو جلد از جلد ممکن بنایا جائے ۔ سیکرٹری جنرل کو مقبوضہ کشمیر میں بھارتی محاصرے اور پابندیوں کے نفاذ کے چھ سے زائد ماہ کے عرصے کی صورتحال سمیت کشمیر میں انسانی حقوق کی صورتحال سے متعلق بھی بات کی جائے گی۔
پاکستان کی جانب سے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کے دورہ پاکستان کی تیاریوں کو حتمی شکل دی جا رہی ہے ۔