اوورسیز پاکستانیز

اکنا ریلیف کے زیر اہتمام نیویارک میں ”فیملی سنٹر“ کا افتتاح

اکنا ریلیف یوایس اے کے امریکہ بھر میں 19ویں اور نیویارک میں ”فیملی سنٹر “ کے نام سے اولین فیملی شیلٹر ہوم کا باقاعدہ افتتاح ہوگیا ہے یہ شیلٹر مسلم فیملی (خواتین بچوں کے ساتھ )کےلئے ہوگا

نیویارک ( خصوصی رپورٹ)اکنا ریلیف یوایس اے کے امریکہ بھر میں 19ویں اور نیویارک میں ”فیملی سنٹر “ کے نام سے اولین فیملی شیلٹر ہوم کا باقاعدہ افتتاح ہوگیا ہے یہ شیلٹر مسلم فیملی (خواتین بچوں کے ساتھ )کےلئے ہوگا۔
نیویارک میں یہ دوسرا شیلٹر ہوم ہے۔آٹھ کمروں کے اس گھر میں ہر چیز بہترین لگائی گئی ہے جب کہ بچوں کے کھیلنے کا اسپیشل ہال بھی تیار کیا گیا۔اس عمارت میں کونسلنگ سینٹر بھی رکھا گیا ہے۔تاکہ ضرور مند افراد کی صحیح رہنمائی بھی ہوسکے۔
اس طرح کے شیلٹر کی سخت ضرورت محسوس کی جارہی تھی۔
افتتاحی تقریب میں مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی اہم شخصیات اور ارکان نے بڑی تعداد میں شرکت کی کی مگر سب سے بڑی بات اس کا افتتاح چار خواتین نے کیا جو اپنی جگہ مسلم خواتین کے لیے مثال ہیں جن میں قونصل جنرل عائشہ علی، بیسٹ میڈیکل کئیر کی سی ای او ڈاکٹر بتول حسینی،سسٹر ملائیکہ میکڈاول، اور اسلامک سینٹر آف لانگ آئی لینڈ کی سابق صدر ڈاکٹر اسماءچوہدری شامل ہیں۔ چاروں خواتین اپنے اپنے شعبے میں باکمال ہیں جو نہ صرف اپنی پیشہ وارانہ صلاحیتوں سے اپنی بحیثیت منواچکی ہیں بلکہ انسانیت کی خدمت اور سماجی کاموں کے حوالے سے بھی شاندار پہچان رکھتی ہیں۔
افتتاحی تقریب کے مہمان خصوصی نیویارک سٹی کے پبلک ایڈووکیٹ جمانی ولیمز تھے. انہوں نے اپنے کلیدی خطاب میں اکنا ریلیف کی انسانیت کے لئے خدمات کو سراہتے ھوئے فیملی شیلٹر ھوم کے قیام کو سنگ میل قرار دیا۔ انہوں نے نیویارک سٹی کی معیشت اور روز مرہ معمولات میں پاکستانی و مسلم کمیونٹی کے کردار کی بیحد تعریف کی۔ انہوں نے کہا مسلم کمیونٹی کے افراد کہیں زیادہ پروفیشنل اور اعلی تعلیم یافتہ ہیں۔انہوں نے اپنی انتخابی مہم کے دوران پاکستانی و مسلم کمیونٹی کی جانب سے بھرپور حمایت کی تعریف کی اور کہا کہ ان کا آفس مسلم کمیونٹی کے ساتھ مل کر کام کرے گا۔ انکے ھمراہ انکے پانچ میں سے ایک ڈپٹی ایڈووکیٹ کاشف حسین بھی تھے جنہوں نے شرکاءسے پبلک ایڈووکیٹ کا تعارف کرایا۔ قبل ازیں تلاوت کلام پاک سے تقریب کا آغاز ہوا۔
قونصل جنرل عائشہ علی ، ڈاکٹر اسما چویدری ، ملائیکہ میکڈاول اور بتول حسینی نے اپنے خطاب میں شیلٹر ہوم کے قیام کو مصیبت زدہ فیملیز کے لئے ایک بہترین قدم قرار دیا اور اکنا ریلیف کو اپنے بہترین تعاون کا یقین دلایا۔
تقریب سے اکنا ریلیف کے سی ای او مقصود احمد،ارشد جمال ،حبیب احمد، راجہ حق اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔ ارشد جمال نے اکنا ریلیف کی محنتی اور مشاق ٹیم کا تعارف کروایا اور باری باری سب کو سٹیج پر بلایا۔
اکنا ریلیف کے معوذ اسد صدیقی نے فردا فردا تمام افراد کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے خاص طور سے شبیر گل،ممتاز صحافی میاں عظیم اور بازہ روحی کا شکریہ ادا کیا اور انکی خدمات پر انہیں خراج تحسین پیش کیا۔
بہترین کمیونٹی خدمات پر ڈاکٹر بتول حسینی اور حبیب احمد کو ایوارڈز دیے گئے۔حبیب احمد نے ڈاکٹر اسما چوہدری اور رضوان قریشی کے ھمراہ اکنا ریلیف کے زیرانتظام نئے شیلٹر ھوم کے لئے 5 ہزار ڈالر کا چیک پیش کیا۔ اسکے علاوہ کنیٹکٹ میں سرگرم عمل خواتین کی ایک تنظیم نے بھی شیلٹر ھوم کے لئے چیک دیا۔ اکنا ریلیف نے دونوں اداروں کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا۔
مہمانوں میں ڈپٹی قونصل جنرل نعیم چیمہ بھی شامل تھے۔ بعد ازاں شرکاءکو شیلٹر ھوم کا وزٹ کروایا گیا جنہوں نے شیلٹر ہوم کے معیار کی تعریف کی اور اسے مختصر فیملی کے لئے بہترین قیام گاہ قرار دیا۔

ICNA Relief New York Family Center

Related Articles

Back to top button