کونسل آف پیپلز آرگنائزیشن ”کوپو“”COPO“ کے زیر اہتمام یوتھ کیرئیر ڈے
کنگز بورو کالج میں منعقدہ کیرئیر ڈے کے بڑے اجتماع میں فیڈرل ، سٹیٹ اور سٹی کے زیر اہتمام اہم اداروں کے حکام کی شرکت،مسلم کمیونٹی کے یوتھ ارکان کو روزگار سمیت دیگر مواقع سے آگاہ کیا
کیرئیر ڈے میں نیویارک کے مختلف بوروز سے مسلم امریکن کمیونٹی کے یوتھ ارکان بالخصوص سٹوڈنٹس نے بڑی تعداد میں شرکت کی ، فیڈرل، سٹیٹ اور سٹی اداروں میں کام کرنے والے یوتھ ارکان بھی شریک
کونسل آف پیپلز آرگنائزیشن کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر محمدر ضوی کاکمیونٹی کے جواں سال ارکان ، ہائی سکول اور کالج میں زیر تعلیم بچوں کو روزگار سمیت اہم مواقع سے مسلسل آگاہ رکھنے اور ہر ممکن مدد کا عزم
نیویارک (اردو نیوز) کونسل آف پیپلز آرگنائزیشن (کوپو) کے زیر اہتمام حسب روایت اس سال بھی مسلم امریکن کمیونٹی کے جواں سال ارکان (یوتھ )، سکول اور کالج میں زیر تعلیم سٹوڈنٹس کے لئے روزگار ، انٹرن شپ،رضاکارانہ سروس سمیت دیگر اہم مواقع سے آگاہی کے لئے یوتھ کیرئیر ڈے 2019کا اہتمام کیا گیا ۔کوپو کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر محمد رضوی اور ان کے ساتھیوں کے زیر اہتمام کنگز بوروکمیونٹی کالج میں منعقدہ اس بڑے سالانہ اجتماع میں یو ایس ہوم لینڈ سیکورٹی ، ایف بی آئی، یو ایس پوسٹل سروس، نیویارک پولیس ڈیپارٹمنٹ ،امیگریشن سمیت دیگر فیڈرل ، سٹیٹ اور سٹی ڈیپارٹمنٹ کے نمائندوں نے شرکت کی ۔ انہوں نے اپنے اپنے سٹالز لگائے جن پر ان کے متعلقہ ڈیپارٹمنٹ میں روزگار سمیت دیگر مواقع کے بارے میں معلوماتی مواد موجود تھا اور ان سٹالز پر ان کے نمائندے تمام وقت شرکاءکو ہر قسم کی اہم معلومات بھی فراہم کرتے رہے ۔کیرئیر ڈے میں نیویارک کے مختلف بوروز سے مسلم امریکن کمیونٹی کے یوتھ ارکان بالخصوص سٹوڈنٹس نے بڑی تعداد میں شرکت کی ۔
محمدر ضوی کاکہنا تھا کہ کونسل آف پیپلز آرگنائزیشن ،کمیونٹی کے جواں سال ارکان ، ہائی سکول اور کالج میں زیر تعلیم بچوں کو روزگار سمیت اہم مواقع سے مسلسل آگاہ رکھنے کے سلسلے میں یوتھ کیرئیر ڈے کی صورت میں اپنا ہر ممکن کردار ادا کرتی رہے گی ۔تقریب میں گورنر نیویارک سٹیٹ آف کے نمائندہ ، امیدوار برائے کونسل ممبر فرح لوئس سمیت اہم شخصیات نے شرکت کی ۔تقریب میں شریک بچوں نے مختلف پرفارمنس بھی پیش کیں ۔الایمان اسلامک سکول کے بچوں نے نشید پڑھنے کی سعادت حاصل کی ۔ امام طاہر سمیت دیگر نے بھی خطاب کیا جبکہ امام رفیق نے دعا کروائی ۔