شوکت عزیز کےلئے بھی برا وقت آگیا
مسلسل عدم حاضری کی وجہ سے،احتساب عدالت کے جج ارشد ملک نے اختیارات سے تجاوز اور خلافِ ضابطہ تقرری کے ریفرنس کی سماعت میں شوکت عزیز کے ناقابلِ ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کیے
اسلام آباد (اردو نیوز ) سابق وزیر اعظم شوکت عزیز کےلئے بھی بڑا وقت آگیا ہے ۔اسلام آباد کی احتساب عدالت نے سابق وزیراعظم شوکت عزیز کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردئیے ہیں ۔مسلسل عدم حاضری کی وجہ سے،احتساب عدالت کے جج ارشد ملک نے اختیارات سے تجاوز اور خلافِ ضابطہ تقرری کے ریفرنس کی سماعت میں شوکت عزیز کے ناقابلِ ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کیے۔عدالت کی جانب سے سماعت کے دوران ریفرنس میں نامزد دیگر ملزمان کی عدم حاضری پر برہمی کا اظہاربھی کیا گیا۔احتساب عدالت نے نیب ریفرنس میں نامزد ملزمان لیاقت جتوئی، اسمعٰیل قریشی ، شاہد حامد اور نسیم اختر کی جانب سے حاضری سے استثنیٰ کی درخواستیں منظور کرلیں۔
بعد ازاں احتساب عدالت نے مذکورہ ریفرنس کی سماعت یکم نومبر تک ملتوی کردی۔خیال رہے کہ قومی احتساب بیورو (نیب) نے رواں برس 30 جولائی کو سابق وزیراعظم شوکت عزیز اور سابق وزیر برائے پانی و بجلی لیاقت جتوئی کے خلاف بدعنوانی اور اختیارات سے تجاوزات کے الزام میں ریفرنس دائر کیا تھا۔