المصطفیٰ ٹرسٹ کےلئے نیویارک میں کامیاب فنڈ ریزنگ ، جنرل (ر) محمد مصطفی خان کی خصوصی شرکت
فنڈ ریزنگ کا اہتمام پاکستانی امریکن کمیونٹی کی ممتاز سماجی و کاروباری شخصیت اے آر رانا نے کی ،تقریب میں ٹرسٹ کے سربراہ لیفٹنٹ جنرل (ر) محمد مصطفی خان اور بریگیڈئیر (ر) ایم سرفراز کی خصوصی شرکت
تقریب میں پاکستانی امریکن کمیونٹی کی مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی اہم شخصیات اور ارکان نے شرکت کی ، جنرل (ر) مصطفی خان اور بریگیڈئیر (ر) سرفرا ز نے ٹرسٹ کے زیر اہتمام منصوبوں کے بارے میں بریفنگ دی
المصطفیٰ ٹرسٹ کے زیر اہتمام پاکستان کے 62دیہاتوں و دیگر شہری مقامات پر غریب و مستحق افراد کو فری ہیلتھ کئیر سروسز فراہم کی جا رہی ہے ،ٹرسٹ کی امریکہ میں بھی ٹیکس سے مستثنیٰ تنظیم کے طور پر رجسٹریشن کروالی گئی ہے
تقریب میں نظامت کے فنڈ ریزنگ کے مرحلے میں نظامت کے فرائض فائق صدیقی نے ادا کئے ، کمیونٹی کے مقامی رہنما طاہر بھٹہ نے سیالکوٹ میں اپنے گاو¿ں میں ٹرسٹ کے لئے میڈیکل سنٹر کےلئے جگہ دینے کی پیشکش کی
نیویارک (خصوصی رپورٹ) پاکستان کے 62دیہاتوں ، نواحی و شہری مقامات پر غریب و مستحق افراد کو صحت عامہ کی مفت سروسز فراہم کرنے والے ادارے المصطفیٰ ٹرسٹ کےلئے نیویارک میں فنڈ ریزنگ کا اہتمام کیا گیا ۔اس تقریب کا اہتمام کمیونٹی کی معروف سماجی و کاروباری شخصیت اے آر رانا نے کیا جس میں المصطفیٰ ٹرسٹ کے چئیرمین لیفٹنٹ جنرل (ر) محمد مصطفی خان ، بریگیڈئیر (ر) ایم سرفراز نے خصوصی شرکت کی ۔ نظامت کے فرائض بریگیڈئیر (ر) سرفراز نے ادا کئے جبکہ فنڈ ریزنگ سیشن میں نظامت کے فرائض معروف اینکر پرسن فائق صدیقی نے ادا کئے ۔تقریب میں پاکستانی امریکن کمیونٹی کی مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی اہم شخصیات شریک ہوئیں۔
بریگیڈئیر (ر) سرفراز نے المصطفیٰ ٹرسٹ اور تقریب کے میزبان اے آر رانا کی جانب سے شرکاءکو خوش آمدید کہتے ہوئے انہیں ٹرسٹ اور اس کے زیر اہتمام پاکستان بھر میںمختلف مقامات پر جاری منصوبوں اور ان کے پس منظر کے بارے میں بتایا ۔
بعد ازاں ٹرسٹ کے چئیرمین لیفٹنٹ جنرل (ر) محمد مصطفی خان نے سلائیڈ شوز کے ذریعے ال مصطفی ٹرسٹ کے منصوبوں اور ان کی خدمات تفصیلی طور پر بیان کی۔ انہوں نے کہا کہ الحمد للہ یہ ادارہ مکمل طور پر چیریٹی سے چلایا جا رہا ہے اور اب پاکستان میں خدمت خلق کا ایک رول ماڈل ادارہ بن رہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ٹرسٹ کے زیر اہتمام ملک کے مختلف مقامات پر 19میڈیکل سنٹرز ، 11ڈسپنسریزجن میں چھ موبائیل ہیں اور ملک کے 38مقامات پر خدمات انجام دے رہی ہیں ۔انہوں نے کہا کہ ٹرسٹ کے زیر اہتمام پاکستان میں 62مختلف مقامات پر غریب و مستحق افراد کو فری طبی خدمات فراہم کی جا رہی ہیں ۔ان خدمات سے ساڑھے پانچ لاکھ سے زائد افراد مستفید ہو چکے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ مذکورہ تمام کام ہمارے ڈونرز، سپورٹرز، ٹرسٹیز اور دوست احباب کی مسلسل مدد کی بدولت ممکن ہوئے ۔
لیفٹنٹ جنرل (ر) محمد مصطفی خان نے مزید کہا کہ المصطفیٰ ٹرسٹ کو امریکہ میں بھی ایک غیر نفع بخش اور ٹیکس سے مستثنیٰ ادارے کے طور پر رجسٹرڈ کروادیا گیا ہے ۔ اوورسیز سے ہمیں مدد مل رہی ہے لیکن ابھی اس مدد کا حصہ کم ہے ۔ ہم اوورسیز کمیونٹی سے اپیل کریں گے کہ وہ اس کار خیر میں اللہ تعالیٰ اور اس کے رسول کریم ﷺ کی خوشنودی کے لئے حصہ ڈالیں ۔ پاکستان میں بغیر اطلاع کے کسی بھی میڈیکل سنٹر کا دورہ کریں اور خود دیکھیں کہ وہاں کیسے خدمات انجام دے رہے ہیں ۔ ادارے کا ہر سال باقاعدگی سے آڈٹ ہوتا ہے اور ایک ایک پیسے کا نہ صرف حساب رکھا جاتا ہے بلکہ اس بات کو بھی یقینی بنایا جاتاہے کہ پیسے غریب و مستحق افراد کی زیادہ سے زیادہ مدد پر خرچ ہو ۔
فنڈ ریزنگ سیشن میں معروف سکالر فائق صدیقی نے کامیابی اور اپنے مخصوص انداز میں فنڈ ریزنگ کرکے تقریب کو کامیاب بنا دیا ۔ اس دوران کمیونٹی کی مقامی سماجی شخصیت طاہر بھٹہ نے لیفٹنٹ جنرل (ر) محمد مصطفی خان کو پیشکش کی کہ اگر ٹرسٹ سیالکوٹ میں ان کے گاو¿ں میں میڈیکل سنٹر قائم کرےگا تو وہ نہ صرف زمین فراہم کریں گے بلکہ اپنے استطاعت کے مطابق فنڈز بھی دیں گے ۔ تقریب میں موجود کمیونٹی کی مقامی شخصیات بالخصوص والدین کے ساتھ آنیوالے بچوں نے ٹرسٹ کو فنڈز دے کر تقریب کو کامیاب بنایا ۔
اے آر رانا نے تمام شرکاءکا شکرئیہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ وہ ان کے بے حد مشکور و ممنون ہیں کہ جو ان کی ایک کال پر اس کار خیر میں شریک ہوئے ۔ انہوں نے کہا کہ وہ دعا گو ہیں کہ اللہ تعالیٰ سب کا اجر عظیم عطاءفرمائے ۔