لانگ آئی لینڈ میں پاکستان ڈے پریڈ ،کرکٹر ثقلین مشتاق کی خصوصی شرکت
پریڈ کے انعقاد میں کمیونٹی کے جواں سال ارکان صدیق فاروقی،چئیرمین عماد شیخ ،جنید بھوانی ، فرح بشوانی، احمد قاضی، طاہر میاں اورچاند رضا سمیت دیگر نے اہم کردار ادا کیا
نیویارک (خصوصی رپورٹ) نیویارک کے نواحی علاقہ لانگ آئی لینڈ میں بھی حسب روایت اس سال بھی جشن آزادی پاکستان کے سلسلے میں پاکستان ڈے پریڈ لانگ آئی لینڈ منعقد ہوئی جس کے اہتمام میں کمیونٹی کے جواں سال ارکان صدیق فاروقی،چئیرمین عماد شیخ ،جنید بھوانی ، فرح بشوانی، احمد قاضی، طاہر میاں اورچاند رضا سامنے آئے اور پریڈ کے انعقاد میںاپنا کردار ادا کیا ۔پریڈ ہکس ول کے علاقے سے شاہین پلازہ کے سامنے سے شروع ہو کر پارکنگ لاٹ تک گئی جہاں جشن آزادی پاکستان کی خصوصی تقریب اور رنگا رنگ پروگرام منعقد ہوئے ۔
پریڈ میں پاکستان کے مائیہ ناز کرکٹر ثقلین مشتاق نے خصوصی شرکت کی ، انہوں نے پاکستانی امریکن کمیونٹی کو جشن آزادی کی مبارکباد دی اور کمیونٹی ارکان پر زور دیا کہ وہ اپنے بچوں کی اعلیٰ سے اعلیٰ تعلیم و تربیت پر خصوصی توجہ دیں ۔انہوں نے کہاکہ جس شعبے میں بھی کام کریں ، وہاں محنت اور ایمانداری سے اپنا کردار ادا کریں اور اپنے قول و فعل سے ملک و قوم کا نام روشن کریں ۔
تقریب میں نظامت کے فرائض فرح بشوانی اور ان کے ساتھی میزبان نے انجام دئیے ۔ تقریب میں جیتو پاکستان کے نام سے متعدد مقابلے ہوئے جس میں شرکاءنے حصہ لیا اور مختلف انعامات بھی جیتے ۔پاکستان کے نامور فنکار بلال سعید نے اپنے فن کا مظاہرہ کیا اور شرکاءسے خوب داد وصول کی ۔ اسی طرح پاکستان پریڈ میں پہلی بار نیویارک کے مقامی امریکی فنکاروں اور گلوکاروں نے بھی پرفارم کیا اور پاکستانی کمیونٹی کو جشن آزادی کی مبارکباد دی ۔
پریڈ میں اس سال کمیونٹی ارکان کی تعداد محض چند سو رہی ۔ پریڈ کے منتظمین کے مطابق لانگ ویک اینڈ کی وجہ سے لوگ بڑی تعداد میں شریک نہیں ہو سکے تاہم آئندہ سال پریڈ کو منظم انداز میں منعقد کیا جائے گا۔