تحریک انصاف مڈل ایسٹ کے چیف آرگنائزر ذوالقرنین کی امریکہ آمد، ملک امتیاز کا عشائیہ
تحریک انصاف یو ایس اے اور مڈل ایسٹ کے چیف آرگنائزرز میں موجودہ دور حکومت میں اوورسیز پاکستانیوں اور اوورسیز میں موجود تحریک انصاف کی تنظیموں کے کردار سمیت اہم امور پر تبادلہ خیال ہوا
نیویارک (پ ر ) پاکستان تحریک انصاف مڈل ایسٹ کے چیف آرگنائزر او ر وزیر اعظم عمران خان کے قریبی ساتھی ذوالقرنین علی خان امریکہ پہنچ گئے ہیں ۔ امریکہ آمد پر انہیںپاکستان تحریک انصاف یو ایس اے کے چیف آرگنائزر ملک امتیاز علی نے خوش آمدید کہا اور نیوجرسی میں واقع اپنی رہائشگاہ پر ان کے اعزاز میںعشائیہ دیا ۔اس موقع پر پی ٹی آئی یو ایس اے کے عمران اگرہ اور محمد مالک بھی موجود تھے ۔
اس غیر رسمی ملاقات کے دوران تحریک انصاف یو ایس اے اور مڈل ایسٹ کے چیف آرگنائزرز میں موجودہ دور حکومت میں اوورسیز پاکستانیوں اور اوورسیز میں موجود تحریک انصاف کی تنظیموں کے کردار سمیت اہم امور پر تبادلہ خیال ہوا ۔ملاقات میں پاکستانی میں بیرونی سرمائیہ کاری اور زیادہ سے زیادہ زر مبادلہ سمیت دیگر حکومتی منصوبوں کی کامیابی میں اوورسیز پاکستانیوں کے کردار کے حوالے سے بھی تفصیلی بات چیت ہوئی ۔
ذوالقرنین علی خان نے کہا کہ اوورسیز کے تمام چیپٹرز کی طرح پاکستان تحریک انصاف یو ایس اے کے ساتھی بھی مبارکباد کے مستحق ہیں جنہوں نے عمران خان کے ساتھ شانہ بشانہ جدوجہد کرتے ہوئے پاکستان میں تبدیلی کو یقینی بنایا ۔ انہوں نے کہا کہ منزل پر پہنچنے کے بعد اب ہمیں پاکستان کو حقیقی معنوں میں قائد اعظم کا پاکستان بنانے کے لئے بے لوث عمران خان کی حکومت کو ہر ممکن طریقے سے سپورٹ کرنا ہے ۔