قابل اعتراض سوشل میڈیا پوسٹ آپکے امریکی ویزے اور امیگریشن سٹیٹس کی راہ میں رکاوٹ بن سکتا ہے
Offensive Social Media Posts Can Jeopardize U.S. Visa, Immigration Status Under New Review Rules

امیگریشن پٹیشن کی پراسیسنگ کے دوران درخواست دہندگان کے سوشل میڈیا اکاؤنٹس کی جانچ پڑتال کے سلسلے میں ایک محکمامہ ”رول “ ( قاعدہ ) بنانے کے لئے یو ایس امیگریشن ڈیپارٹمنٹ نے قواعد سازی کا عمل شروع کر دیا ہے
نیویارک ( اردونیوز ) آپ کا سوشل میڈیا اور آپ کی جانب سے سوشل میڈیا پر پوسٹ کی گئی پوسٹ ، آپ کے امریکی ویزے کے اجراء، امریکی ویزے کی منسوخی سمیت امیگریشن کے مسائل کا سبب بن سکتی ہے ۔ اس سلسلے میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی انتظامیہ کی جانب سے اہم اقدام اٹھائے جا رہے ہیں ۔
امیگریشن پٹیشن کی پراسیسنگ کے دوران درخواست دہندگان کے سوشل میڈیا اکاؤنٹس کی جانچ پڑتال کے سلسلے میں ایک محکمامہ ”رول “ ( قاعدہ ) بنانے کے لئے یو ایس امیگریشن ڈیپارٹمنٹ نے قواعد سازی کا عمل شروع کر دیا ہے ۔ قانون کے مطابق کسی بھی محکمے کو اپنا کوئی بھی نیا قاعدہ ( رول ) بنانے کے لئے ضروری ہے کہ اس کو فیڈرل رجسٹری میں شائع کرے ، اس پر رائے عامہ حاصل کرے اور عوام کی جانب سے کئے جانیوالے تبصروں کے بعد قاعدہ ( رول ) مرتب کرے ۔
یو ایس امیگریشن کی جانب سے فیڈرل رجسٹری میں سوشل میڈیا پوسٹ کی جانچ پرتال سے متعلق نیا رو ل ، فیڈرل رجسٹری میںپوسٹ کر دیا گیا ہے ۔
دریں اثناءامریکی سیکریٹری خارجہ مارکو روبیو نے دوسرے ممالک میں موجود سفارتکاروں کو ان افراد کے سوشل میڈیا اکاؤنٹس کی جانچ پڑتال کرنے کا حکم دیا ہے جنہوں نے اسٹوڈنٹ یا کسی اور ویزا کے لیے درخواست دے رکھی ہے۔امریکی حکام کے مطابق اس اقدام کا مقصد ان لوگوں کو روکنا ہے جو امریکا یا اسرائیل پر تنقید کرتے رہے ہیں۔امریکی اخبار ’نیویارک ٹائمز‘ کی رپورٹ کے مطابق مارکو روبیو نے یہ ہدایات ایک طویل کیبل کے ذریعے 25 مارچ کو دوسرے ممالک میں موجود سفارتی مشنز کو بھیجی ہیں۔سفارتی مشنز کو بھیجے جانے والے کیبل کی معلومات رکھنے والے دو امریکی حکام نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر اخبار کو بتایا کہ مارکو روبیو کی ہدایات میں کہا گیا ہے کہ ’فوری طور پر قونصلر افسر کو بعض طلبہ اور وزیٹر ویزا میں تبدیلی کی درخواست دینے والوں کو ’لازمی سوشل میڈیا جانچ‘ کے لیے ’فراڈ پریوینشن یونٹ‘ بھیجنا ہوگا۔
سفارت خانے یا قونصل خانے کے قونصلر امور کے سیکشن کا فراڈ پریوینشن یونٹ، جو ویزا جاری کرتا ہے، درخواست دہندگان کی اسکریننگ میں مدد کرتا ہے۔امریکی سیکریٹری خارجہ کے کیبل میں ان وسیع قواعد کی وضاحت کی گئی ہے جو سفارت کاروں کو یہ فیصلہ کرنے کے لیے استعمال کرنا چاہیے کہ آیا ویزا سے انکار کرنا ہے یا نہیں۔
مارکو روبیو نے 16 مارچ کو ’سی بی ایس نیوز‘ کو دیے گئے ایک انٹرویو میں کہا تھا کہ ہم اپنے ملک میں ایسے لوگ نہیں چاہتے جو جرائم کا ارتکاب کریں اور ہماری قومی سلامتی یا عوامی سلامتی کو نقصان پہنچائیں۔
Offensive Social Media Posts Can Jeopardize U.S. Visa, Immigration Status Under New Review Rules