صحافی مجیب لودھی کی افطار پارٹی،کمیونٹی کا بڑا اجتماع
مجیب لودھی ہر سال افطار پارٹی کے موقع پر کمیونٹی کو ایک جگہ اکٹھا کر دیتے ہیں،کمیونٹی ان کی اور ان کے ادارے کی خدمات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے

نیویارک ( اردو نیوز ) پاکستانی امریکن کمیونٹی کے سینئر صحافی اور پاکستان نیوز کے پبلشر مجیب لودھی نے حسب روایت اس سال بھی افطار پارٹی کا اہتمام کیا ۔ بلخ کباب ہاؤس میں منعقدہ افطار پارٹی کے مہمانان خصوصی نیویارک سٹی کے سویلین کمپلینٹ ریویو بورڈ ( سی سی آر بی ) کے چئیرمین ڈاکٹر محمد خالد اور ناسا کاؤنٹی ایگزیکٹو کے سینئر ایڈوائزر چوہدری اکرم رحمانیہ تھے ۔ افطار پارٹی میں نیویارک سٹی کمیونٹی افئیرز کی مسلم وومین لیزون عطیہ شہناز، ناسا کاؤنٹی آف آف ایشین امریکن افئیرز کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر عون مرتضیٰ نقوی، اسمبلی مین سٹیو رھوڈز کے ڈائریکٹر برائے انٹر فیتھ سعید حسن سمیت پاکستانی امریکن کمیونٹی کی مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی اہم شخصیات اور ارکان نے بڑی تعداد میں شرکت کی ۔
مجیب لودھی کی جانب سے تمام شرکاءکو خوش آمدید کہا گیا اور انہیں ماہ رمضان نصیب ہونے پر مبارکباد دی گئی ۔ انہوں نے کہا کہ وہ ان کے پبلی کیشن ، کمیونٹی کی مسلسل سپورٹ پر شکر گذار ہے اور صحافت کے شعبے میں مسلسل خدمات انجام دیتی رہے گی ۔
تقریب سے خطاب کے دوران مہمانان خصوصی ڈاکٹر محمد خالد، چوہدری اکرم رحمانیہ ،عون مرتضیٰ نقوی،عطیہ شہناز،سعید حسن سمیت دیگر نے بھی مجیب لودھی کی سماجی و صحافتی خدمات کا شکرئیہ ادا کیا اور کہا کہ مجیب لودھی ہر سال افطار پارٹی کے موقع پر کمیونٹی کو ایک جگہ اکٹھا کر دیتے ہیں۔ کمیونٹی ان کی اور ان کے ادارے کی خدمات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے ۔
قبل ازیں نعت خوان اصغر چشتی نے بار گاہ رسالت ﷺ میں نعت کی صورت میں نذرانہ عقیدت پیش کیا ۔ تقریب کے آخر میں خصوصی دعا کی گئی اور شرکاءکے اعزاز میں افطار عشائیہ پیش کیا گیا۔