پاکستانامیگریشن نیوز

امیگریشن نے نیویارک کے کسی سکول، ہسپتال یا عبادتگاہ پر چھاپہ نہیں مارا،امیگرنٹس افواہوں پر توجہ نہ دیں، مئیر ایرک ایڈمز

غلط افواہیں پھیلائی جا رہی ہیں، نیویارکرز افواہوں پر توجہ نہ دیں، میئر ایڈمز نے زور دیا کہ والدین بلا جھجھک اپنے بچوں کو اسکول بھیجیں

نیویارک ( محسن ظہیر سے ) نیویارک سٹی کے میئر ایرک ایڈمز نے جی ایم جی ٹی لائیو کے “دی ری سیٹ ٹاک شو” میں براہ راست انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ شہر میں امیگریشن پالیسیوں سے متعلق غلط فہمیاں پیدا کی جا رہی ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ امیگریشن انفورسمنٹ (ICE) نے نہ تو کسی اسکول میں چھاپہ مارا ہے، نہ اسپتالوں میں، اور نہ ہی عبادت گاہوں میں کوئی کارروائی کی ہے۔ اس کے باوجود، غلط افواہیں پھیلانے سے خوف و ہراس پیدا ہو رہا ہے۔ میئر ایڈمز نے زور دیا کہ والدین بلا جھجھک اپنے بچوں کو اسکول بھیجیں، مریض علاج کے لیے اسپتال جائیں، اور جرائم کے شکار افراد پولیس سے رابطہ کریں۔ انہوں نے مزید کہا کہ شہر کے اسپتال اور تعلیمی ادارے محفوظ ہیں اور وہاں کسی بھی قسم کی امیگریشن کارروائی نہیں ہو رہی۔
میئر ایڈمز نے بتایا کہ ان کی پالیسی دو سال سے واضح ہے کہ جو افراد، چاہے وہ دستاویزی حیثیت رکھتے ہوں یا غیر قانونی، بار بار پرتشدد جرائم میں ملوث ہوں گے، انہیں وفاقی حکام کے ساتھ مل کر ملک بدر کیا جائے گا۔ انہوں نے رائکرز آئی لینڈ میں موجود ICE افسران کے کردار کو بھی واضح کیا کہ وہ صرف خطرناک گینگز اور مجرموں پر نظر رکھنے کے لیے ہیں، عام شہریوں کے لیے نہیں۔ میئر ایڈمز نے اس بات پر روشنی ڈالی کہ پچھلے کچھ عرصے میں نیویارک سٹی میں پناہ گزینوں کی بڑھتی ہوئی تعداد نے اسکولز، اسپتالوں اور دیگر عوامی سہولیات پر دباو¿ ڈالا ہے۔ تاہم، انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ نیویارک کے شہریوں اور یہاں آنے والے پناہ گزینوں دونوں کے حقوق کا تحفظ کریں گے۔ میئر ایڈمز سے ان کے مخالفین کے استعفیٰ کے مطالبات پر بھی سوال کیا گیا۔ انہوں نے ان الزامات کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان کے ناقدین شروع سے ہی ان کی پالیسیوں کی مخالفت کرتے آ رہے ہیں اور اب بھی سیاسی مقاصد کے لیے بے بنیاد پروپیگنڈہ کر رہے ہیں۔
میئر ایڈمز نے اپنے انٹرویو میں اس بات کا اعادہ کیا کہ وہ وفاقی حکومت کے ساتھ تعاون کرتے رہیں گے تاکہ نیویارک سٹی کے اسکولز، اسپتالوں، اور دیگر ضروریات کے لیے وسائل حاصل کیے جا سکیں۔ انہوں نے عوام کو یقین دلایا کہ وہ شہر کے مسائل کے حل کے لیے اپنے عہد پر قائم رہیں گے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button