امریکی شہریت کا پیدائشی حق،ٹرمپ کا فیصلہ عدالت نے عارضی طور پرروک دیا
Federal Judge Declares Trump's Birthright Citizenship Executive Order Unconstitutional
ریاست واشنگٹن کے اٹارنی جنرل کی جانب سے دائر مقدمہ پر فیڈرل جج جان گارنر نے حکم امتناعی جاری کرتے ہوئے پیدائشی شہریت سے متعلق صدارتی حکمانے کو خلاف آئین قرار دیتے ہوئے اس پر عملدرامد عارضی طور پر روک دیا ہے
واشنگٹن (محسن ظہیر)امریکہ میں پیدا ہونیوالے بچے کے پیدائشی امریکی حق کو ختم کرنے کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے صدارتی حکمنامے پر عملدرامد امریکی فیڈرل کورٹ کی جانب سے روک دیا گیا ہے ۔امریکی ریاست واشنگٹن کے اٹارنی جنرل کی جانب سے دائر مقدمہ پر فیڈرل جج جان گارنر نے حکم امتناعی جاری کرتے ہوئے پیدائشی شہریت سے متعلق صدارتی حکمانے کو خلاف آئین قرار دیتے ہوئے اس پر عملدرامد عارضی طور پر روک دیا ہے ۔ واضح رہے کہ امریکی آئین کی 14ویں ترمیم کے تحت امریکہ میں پیدا ہونےوالے بچے کوقطع نظر والدین کے لیگل سٹیٹس کے امریکی شہریت کا حق دیا گیا ہے ۔ ٹرمپ انتظامیہ اس آئینی ترمیم کی اپنے طور پر تشریح کررہی ہے ۔
ڈونلڈ ٹرمپ نے صدارت سنبھالنے کے بعد جو حکمانے جاری کئے تھے ، ان میں پیدائشی امریکی شہریت کے خاتمے کا حکمنامہ بھی شامل تھا ۔ اس صدارتی اقدام کے خلاف فور طور پر امریکہ کی 22ریاستوں اور ان کے گورنرز نے عدالتوں سے رجوع کیا تھا اور صدر ٹرمپ کے اقدام کو غیر آئینی قرار دیتے ہوئے ، اس پر عملدرامد کو روکنے کی استدعا کی ہے ۔ریاست واشنگٹن کے وکیل لین پولو زولا نے عدالت کو بتایاکہ عدالت کے زیر غور ہوتے ہوئے بچوں کی پیدائش کو روکا نہیں جا سکتا۔
دریں اثناءجسٹس ڈپارٹمنٹ کے وکیل بریٹ شو میٹ نے جج سے درخواست کی کہ وہ پالیسی کو بلاک کرنے کا ہنگامی حکم جاری کرنے سے گریز کریں۔ انہوں نے کہا کہ “فوری نقصان” کا کوئی خطرہ نہیں ہے اور عدالت کو فیصلہ کرنے میں جلد بازی نہیں کرنی چاہیے۔
ڈونلڈ ٹرمپ جنہوں نے اپنی انتخابی مہم کے دوران امریکہ میں غیر قانونی امیگرنٹس کو ڈیپورٹ کرنے سمیت امیگریشن کے حوالے سے بڑے اقدام کرنے کا اعلان کیا تھا، صدر کا عہدہ سنبھالنے کے بعد اپنے اعلانات پر عملدرامد شروع کررہے ہیں ۔ ٹرمپ انتظامیہ کا کہنا ہے کہ ملک بھر میں غیر قانونی تارکین وطن بالخصوص جو جرائم میں ملوث ہیں ، کے خلاف کاروائی کی جائے گی ۔ ٹرمپ انتظامیہ کی جانب سے امریکی بارڈرز پر پناہ گزینوں کے حوالے سے امریکی پالیسی بھی بدل دی گئی ہے ۔
امیگرنٹ کمیونٹیز میں نئی انتظامیہ کی جانب سے کئے جانے والی کاروائیوں کی وجہ سے شدید پریشانی اور تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے ۔واضح رہے کہ امریکہ میں ایک کروڑ سے زائد ایسے امیگرنٹ موجود ہیں کہ جن کے پاس لیگل سٹیٹس نہیں ہے ۔
Federal Judge Declares Trump’s Birthright Citizenship Executive Order Unconstitutional