عالمی شہرت یافتہ ڈاکٹر سعید احمد باجوہ امریکہ میں انتقال
Pakistani American Neurosurgeon Dr. Saeed Bajwa Passes at 73, Honored for Compassion and Service

ڈاکٹر سعید احمد باجوہ ایک بہترین نیورو سرجن اور خدمات خلق میں ہمیشہ پیش پیش رہنے والی ایک سماجی شخصیت کے طور پر امریکہ میں خصوصی شہرت کے حامل تھے
نیویارک ( محسن ظہیر) پاکستانی امریکن عالمی شہرت یافتہ نیورو سرجن ڈاکٹر سعید احمد باجوہ امریکہ میں انتقال کر گئے ۔ وہ امریکی ریاست نیویارک کے شہر جانسن سٹی ،بنگ ہیمپٹن میں مقیم تھے اور گذشتہ چند سالوں سے علیل تھے ۔ ڈاکٹر سعید احمد باجوہ گذشتہ سات سالوں سے علیل تھے ، علالت کے سات سالوں کے دوران انہوں نے آکسیجن سپلائی کے ساتھ گذارا کیا۔ہفتہ ،13دسمبر کو طویل علالت کے بعد اپنے خالق حقیقی سے جا ملے ۔ مرحوم کو جانسن سٹی ،بنگ ہپیمپٹن میں ہی سپرد خاک کیا گیا۔ ان کی نماز جنازہ میں پاکستانی اور مسلم امریکن کمیونٹی کی اہم شخصیات اور ارکان کی بڑی تعداد کے علاوہ جانسن سٹی ، بنگ ہیمپٹن شہر کی اہم امریکی شخصیات نے بھی بڑی تعداد میں شرکت کی ۔ نیویارک سے بھی رحیم یار خان سے تعلق رکھنے والے کمیونٹی ارکان ان کی نماز جنازہ میں شریک ہوئے۔
ڈاکٹر سعید احمد باجوہ ایک بہترین نیورو سرجن اور خدمات خلق میں ہمیشہ پیش پیش رہنے والی ایک سماجی شخصیت کے طور پر امریکہ میں خصوصی شہرت کے حامل تھے ۔ان کی نماز جنازہ کے شرکاءکی جانب سے ان کی وفات پر گہرے دکھ اور غم کے اظہار کے ساتھ ساتھ ان کی خدمات کو شاندار الفاظ میں خراج تحسین پیش کیا گیا ۔
ڈاکٹر سعید احمد باجوہ جن کا تعلق رحیم یار خان ، پاکستان سے تھا، کے والد محمد حسین باجوہ جماعت اسلامی کی سرگرم شخصیات میں شمار ہوتے تھے ۔ پاکستان کی مسلح افواج کے تعلقات عامہ کے ادارے آئی اید پی آر کے سابق سربراہ جنرل ( ر) عاصم باجوہ بھی ڈاکٹر سعید احمد باجوہ مرحوم کے قریبی عزیز اور کزن ہیں۔
پاکستانی امریکن کمیونٹی کی جانب سے ڈاکٹر سعید احمد باجوہ کی وفات پر گہرے دکھ اور تعزیت کا اظہار کیا گیا ہے اور کہا گیا کہ ان کی وفات سے کمیونٹی ایک عظیم خدمت گار رکن سے محروم ہو گئی ہے ۔ ڈاکٹر باجوہ کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائیگا۔ڈاکٹر سعید احمد باجوہ نے اپنی زندگی کے آخر ی سات سالوں کے دوران سب سے زیادہ وقت قرآن مجید کے مطالعہ اور تفسیر پڑھنے پر لگایا اور بات چیت میں دشواری کی وجہ سے بذریعہ فون ٹیکسٹ دکھی انسانیت کی خدمت سمیت خدمات خلق کے سلسلہ کو بھی جاری رکھے ہوئے تھے ۔
Pakistani American Neurosurgeon Dr. Saeed Bajwa Passes at 73, Honored for Compassion and Service