نیویارک میں سرفراز امین کی نماز جنازہ ادا کر دی گئی
پاکستانی امریکن کمیونٹی نیویارک کی مقامی سماجی شخصیت محمد سرفراز منہاس المعروف سرفراز امین کا اپنے پارٹمنٹ میں انتقال ہو گیا تھا
نیویارک (اردونیوز ) پاکستانی امریکن کمیونٹی نیویارک کی مقامی سماجی شخصیت محمد سرفراز منہاس المعروف سرفراز امین کی نماز جنازہ منگل 22اکتوبر کو مکی مسجد بروکلین ، نیویارک میںادا کر دی گئی۔ مرحوم کی نماز جنازہ مکی مسجد کے امام قاری محمد اسامہ نے ادا کی ۔۔ نماز جنازہ میں مرحوم کے دوست احباب کے علاوہ کمیونٹی کے مقامی ارکان اور مکی مسجد کے نمازیوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی ۔
نماز جنازہ کے بعد مرحوم کی مغفرت اور درجات کی بلندی کے لئے فاتحہ خوانی اور دعا کی گئی ۔ واضح رہے کہ سرفراز امین گذشتہ تین دہائیوں سے امریکہ میں مقیم تھے ۔ سرفراز امین ، بروکلین میں کمیونٹی کے ایک مقامی رکن کے ساتھ روم میٹ کے طور پر رہتے تھے ۔ وہ اپنے اپارٹمنٹ میں سو رہے تھے اور سونے کے دوران ہی وہ انتقال کر گئے ۔
مرحوم کا تعلق سیالکوٹ شہر سے تھا ۔ ان کے بڑے بھائی جاوید اقبال المعروف جاوید بش سیالکوٹ میں موجود ہیں۔ کمیونٹی نے جاوید اقبال سے ان کے بھائی کی وفات پر تعزیت کا اظہار کیا ہے اور دعا کی ہے کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کے درات بلند فرمائیں اور مغفرت فرمائیں ۔ جاوید اقبال نے دوست احباب اور کمیونٹی بالخصوص ان کے تجہیز و تکفین میں کردار ادا کرنے والے کمیونٹی کے مقامی ارکان کا شکرئیہ ادا کیا ہے ۔