یوٹیوب نے 80 لاکھ سے زائد خلاف ضابطہ ویڈیوز ضائع کردیں
کیلی فورنیا:
ویڈیو شیئرنگ کی معروف ویب سائیٹ ’یوٹیوب‘ نے 3 ماہ میں قواعد و ضوابط کی خلاف ورزی پر مبنی 80 لاکھ سے زائد ویڈیوز حذف کردی ہیں۔
غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق ویڈیو شیئرنگ کی مشہور ترین ویب سائیٹ یوٹیوب نے اپنی انفورسٹ رپورٹ میں دعویٰ کیا ہے کہ اس نے گزشتہ برس اکتوبر اور دسمبر کے درمیان 83 لاکھ ویڈیوز کو سائیٹ سے ختم کردیا ہے۔ رپورٹ کے مطابق جن ویڈیو کو ہٹایا گیا ہے اس میں جنسی مواد پر مبنی ویڈیوز کے خلاف 91 لاکھ جب کہ نفرت انگیز مواد پر مبنی ویڈیوز کے خلاف 47 لاکھ افراد نے شکایات کی تھیں، ضابطۂ کار کی نگرانی کے نظام نے 67 لاکھ ویڈیوز کی نشاندہی کی جسے بعد میں مختلف معائنہ کاروں کو بھیجنے کے بعد تلف کیا گیا۔
اس خبرکوبھی پڑھیں: پرتشدد ویڈیوز اور نازیبا کمنٹس روکنے کیلیے یوٹیوب کا اہم اقدام
یوٹیوب کمپنی کے حکام کا کہنا ہے کہ جن ممالک کے ناظرین کی جانب سے سب سے زیادہ ویڈیوز کے بارے میں شکایت اور ان کی نشاندہی کی گئی ان میں امریکا، روس، برطانیہ، میکسیکو، ترکی، بھارت، برازیل، انڈونیشیا اور سعودی عرب شامل ہیں۔ جب کہ ضائع کی گئی ویڈیوز کے فنگرپرنٹ محفوظ کر لئے گئے ہیں تاکہ اگر یہ ویڈیوز دوبارہ اپ لوڈ کی جائیں تو ان کا پتہ چل سکے۔
اس خبرکوبھی پڑھیں: فیس بک نے داعش اور القاعدہ کی 19 لاکھ پوسٹیں ڈیلیٹ کردیں