نیویارک(محسن ظہیر سے )نیویارک میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 79ویں اجلاس ی تیاریوں کو حتمی شکل دے دی گئی ہے اور نیویارک پولیس ڈیپارٹمنٹ اور سیکرٹ سروس سمیت قانون نافذ کرنیوالے اداروں کی جانب سے بھی سیکورٹی انتظامات کی تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں ۔نیویارک پولیس ڈیپارٹمنٹ کے کمشنر تھامس ڈان لون کا اقوام متحدہ کے سامنے سیکرٹ سروس کے سپیشل ایجنٹ انچارج پیٹرک فرینی، ڈپلومیٹک سیکورٹی سٹاف کے رائن وڈ سمیت دیگر حکام کے ساتھ مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کے دوران کہنا تھا کہ ہماری اولین ترجیح ، جنرل اسمبلی کے اجلاس کے دوران سیکورٹی انتظامات کو یقینی بنانے کے ساتھ ساتھ نیویارکرز کو بھی ہر ممکن خدمات فراہم کرنا ہے ۔
پولیس کمشنر کا کہنا تھا کہ نیویارک میں جنرل اسمبلی کے اجلاس کے دوران کسی بھی قسم کی ”تھریٹ “ نہیں تاہم قانون نافذ کرنیوالے ادارے ہر طرح سے متحرک اور چوکنا رہیں گے۔
کمشنر ڈون لون کا مزید کہنا تھاکہ جنرل اسمبلی کے اجلاس کے دوران ہم دن رات کام کرکے سیکورٹی کو یقینی بنائیں گے اور قانون نافذ کرنیوالے تمام اداروں کے ساتھ مل کر کام کریں گے ۔کمشنر نے شہریوں سے بھی تعاون کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ ان کے علم میں کسی بھی قسم کی مشکوک حرمات و سکنات آئے تو فوری پولیس کو مطلع کریں ۔
یو ایس سیکرٹ سروس کے سپیشل ایجنٹ انچارج پیٹرک فرینی کا کہنا تھا کہ اس سال جنرل اسمبلی میں دنیا کے 142عالمی قائدین شریک ہو رہے ہیں ۔ یقینی طور پر یہ ایونٹ دنیا بھر میں عالمی قائدین کا سب سے بڑا اجتماع ہوتا ہے ۔ اس ایونٹ کی سیکورٹی کے لئے ہم نیویارک پولیس ڈیپارٹمنٹ سمیت قانون نافذ کرنیوانے تمام اداروں کے تعاون کے مشکور ہیں ۔
سیکورٹی حکام نے نیویارکرز سے کہا کہ وہ ٹریفک پلان اور ایڈوائزی کو فالو کریں اور کوشش کریں کہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس کے دوران زیادہ سے زیادہ پبلک ٹرانسپورٹ استعمال کریں ۔حکام کا مزید کہنا تھا کہ جنرل اسمبلی کے اجلاس کے موقع پر ہونے والے مظاہرین قواعد و ضوابط کی پابندی کو یقینی بنائیں ۔
NYPD’s Strategy for UNGA 79: Commissioner Donlon and Partners Share Key Safety Measures