پاکستاناوورسیز پاکستانیز

نیویارک میں پاکستانی ٹیکسی ڈرائیور نوید افضل کے قاتلوں کی تلاش شروع

Two robbers sought in shooting of Brooklyn's Pakistani livery driver Naveed Afzal

نیویارک پولیس کی جانب سے نوید افضل کی ٹیکسی سے اتر کر نا معلوم مقام کی جانب جانے والے دو مسافروں کی تصویریں اور ویڈیو کلپ بھی جاری ،کوئی بھی معلومات ہو تو فوری طور پر پولیس کو مطلع کریں

نیویارک ( محسن ظہیر سے ) نیویارک کے علاقے بروکلین میں 320لنکن پلیس کے سامنے قتل ہونے والے پاکستانی ٹیکسی ڈرائیور نوید افضل کی نماز جنازہ منگل ، 25جون کو مکی مسجد بروکلین میں ادا کر دی گئی جس کے بعد مقتول کے جسد خاکی کو پاکستان روانہ کر دیا گیا جہاں ان کی تدفین فیصل آباد میں ان کے آبائی قبرستان میں کی گئی ۔نوید افضل کی نماز جنازہ صاحبزادہ پیر سید میر حسین شاہ نے پڑھائی جس میں پاکستانی قونصل جنرل عامر احمد اتوزئی ، مرحوم کے قریبی عزیز محمد اشرف، روم میٹ محمد خان رندھاوا، عبدالمجید، مقتول کے عزیز و اقارب کے ایک قریبی جاننے والے چوہدری اسلم ، جامعہ محمدئیہ رضوئیہ مسجد کے ثمر خان سمیت کمیونٹی ارکان نے سینکڑوں کی تعداد میں شرکت کی

۔52سالہ نوید افضل کی جواں سال موت پر نماز جنازہ میں شریک ہر آنکھ اشکبار تھی اور پاکستانی امریکن کمیونٹی کی جانب سے ایک سال میں نیویارک میں دوسرے پاکستانی کے قتل پر شدید تشویش کا اظہار بھی کیا گیا ۔

مقتول نوید افضل کی نماز جنازہ میں نیویارک پولیس ڈیپارٹمنٹ کے اعلیٰ حکام بھی شریک ہوئے جنہوں نے مقتول کے عزیز و اقارب اور پاکستانی کمیونٹی سے اس اندوہناک واقعہ پر گہری ہمدردی کا اظہار کیا اور یقین دلایا کہ نیویارک پولیس ڈیپارٹمنٹ ، اس واردات میں ملوث افراد کی حراست اور قانونی کاروائی میں اپنا ہر ممکن کردار ادا کرے گا۔پولیس حکام نے کمیونٹی کو بتایا کہ نوید افضل کے قتل میں ملوث ملزمان کی تلاش شروع کر دی گئی ہے ۔ اس سلسلے میں سی سی ٹی وی فوٹیج کے ذریعے ملزمان کی شناخت کی کوشش کی جا رہی ہے ۔

دریں اثناءنیویارک پولیس ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے نوید افضل کی ٹیکسی سے اتر کر نا معلوم مقام کی جانب جانے والے دو مسافروں کی تصویریں اور ویڈیو کلپ بھی جاری کئے گئے ہیں اور نیویارکرز سے اپیل کی گئی کہ ان افراد کے بارے میں کوئی بھی معلومات ہو تو فوری طور پر پولیس ڈیپارٹمنٹ کو مطلع کیا جائے ۔
پولیس ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے مشتبہ افراد اور ملزمان کی جو تصویر اور ویڈیو کلپ جاری کیا گیا ہے ، اس میں ملزمان کے چہرے واضح نہیں ہیں۔ وہ نیچے دیکھ کر چل رہے ہیں اور ”ہوڈیز “ پہنے ہوئے ہیں جن کی وجہ سے تصویر اور پہچانے نہیں جا رہے ۔ پولیس حکام کے مطابق جائے وقعہ کے گردو نواح کے علاقوں میں نصب سی سی ٹی وی کیمروں کی مدد سے مزید فوٹیج حاصل کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے اورملزمان کی شناخت معلوم کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے ۔

نماز جنازہ کے اجتماع سے خطاب کے دوران قونصل جنرل عامر اتوزئی کا کہنا تھا کہ پاکستان قونصلیٹ اس کیس کی پیروی کررہا ہے اور پولیس ڈیپارٹمنٹ سے رابطے میں ہے ۔

مقتول نوید افضل کے قریبی عزیز محمد اشرف جو کہ امریکی ریاست ڈیلاس سے واقعہ کی اطلاع ملنے کے بعد اپنی اہلیہ اور بیٹے کے ساتھ نیویارک پہنچے کے مطابق مقتول نوید افضل سعودی عرب میں مقیم تھا اور دو سال قبل امریکہ منتقل ہو ا تھا۔ مقتول کے پسماندگان میں چار بچے جن میں تین بیٹیاں اور ایک بیٹا شامل ہے ، کے علاوہ بیوہ بھی ہیں ۔
مقتول کے روم میٹس محمد خان رندھاوا کے مطابق نوید افضل، انتہائی اچھا انسان تھا ، محنتی ، ایماندار اور نمازی انسان تھا ۔ جامعہ محمد ئیہ رضوئیہ کے سیکرٹری ثمر خان کے مطابق ، نوید افضل ، مسجد میں باقاعدگی سے نہ صرف نماز پڑھنے آتا تھا بلکہ مسجد کی صفائی سمیت مسجد میں ہر ممکن خدمات انجام دیتا تھا۔
چوہدری اسلم جنہیں مقتول نوید افضل کے کینیڈا میں مقیم عزیز و اقارب میں سے واقعہ کی اطلاع دی ، نے نیویارک میں مقتول کے عزیز و اقارب اور دوست احباب کا مشکل وقت میں ہر ممکن ساتھ دیا۔ انہوں نے پاکستان قونصلیٹ اورقونصل جنرل عامر اتوزئی کی جانب سے بھی کردار اداکرنے پر شکرئیہ ادا کیا ۔

نوید افضل جنہیں 20جون، جمعرات کی رات کو دس بجے کے قریب سر پر گولی ماری گئی کو شدید زخمی حالت میں پولیس کی جانب سے میتھو ڈسٹ ہسپتال بروکلین لے جایا گیا جہاں پر وہ تین دن زندگی اور موت کی کشمکش میں مبتلا رہے اور 23جون کو لائف سپورٹ ہٹائے جانے پر وہ اپنے خالق حقیقی سے جا ملے ۔بروکلین، نیویارک کے الریان فیونرل ہوم کی جانب سے پاکستانی ٹیکسی ڈرائیور نوید افضل کی آخری رسومات کی ادائیگی اور میت کی پاکستان روانگی میں خصوصی کردار ادا کیا گیا جس پر کمیونٹی اور عزیز و اقارب کی جانب سے ان کاشکرئیہ ادا کیا گیا ۔

صاحبزادہ میر سید حسین شاہ نے نماز جنازہ کی ادائیگی کے بعد مقتول کے درجات کی بلندی اور سوگواران کے لئے خصوصی دعا کروائی ۔پاکستانی امریکن کمیونٹی نے نیویارک پولیس سے مطالبہ کیا ہے کہ نوید افضل کے قتل میں ملوث افراد کو فوری طور پر گرفتار کیا جائے اور انہیں کیفر کردار تک پہنچایا جائے ۔

 

Two robbers sought in shooting of Brooklyn’s Pakistani livery driver Naveed Afzal

Related Articles

Back to top button