کشمیری امریکن کمیونٹی کا آزاد کشمیر کی جوائنٹ ایکشن کمیٹی کیساتھ اظہار یکجہتی
Kashmir i American Community leaders Express Solidarity with Action Committee AJK
نیویارک میں بسنے والی کشمیری امریکن کمیونٹی کی جانب سے حکومت آزاد کشمیر اور پاکستان پر زور دیا گیا ہے کہ جوائنٹ ایکشن کمیٹی کے مطالبات پورے کئے جائیں، ایکشن کمیٹی سے مکمل یکجہتی کا اظہار
کشمیری امریکن قائدین کا کہنا تھا کہ وہ ہر قسم کی سیاسی وابستگیوں سے بالا تر ہو کراپنے ہم وطنو کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرتے ہیں اور چاہتے ہیں کہ معاملات پر امن طریقے اور خوش اسلوبی سے طے ہوں
نیویارک ( سپیشل رپورٹر سے ) نیویارک میں بسنے والی کشمیری امریکن کمیونٹی کی جانب سے آزد کشمیر کی جوائنٹ ایکشن کمیٹی کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کیا گیا ہے اورحکومت آزاد کشمیر اور پاکستان پر زور دیا گیا ہے کہ جوائنٹ ایکشن کمیٹی کے بجلی کے نرخوں ، آٹے کی قیمت اورتعینات کی جانیوالی فرنٹرئیر کانسٹبلری کی فوری واپسی کے مطالبات پورے کئے جائیں ۔
نیویارک میں کشمیری امریکن رہنما امتیاز احمد اور ساتھیوں کے زیر اہتمام بروکلین میں کشمیری امریکن کمیونٹی کا خصوصی اجلاس منعقد ہوا۔اس اجلاس میں کشمیری امریکن کمیونٹی کی مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی اہم شخصیات اور مقامی قائدین اور ارکان نے بڑی تعداد میں شرکت کی ۔
اس اجلاس میں آزاد جموں و کشمیر میں جاری صورتحال کا مفصل انداز میں جائزہ لیا گیاور شرکاءکی جانب سے اپنی اپنی رائے کا اظہار کیا گیا جس کے بعد اعلان کیا گیا کہ صورتحال کا فوری حل نکالا جائے بصورت دیگر وہ نیویارک میں مظاہرہ کریں گے
نیویارک میں منعقدہ کشمیری امریکن کمیونٹی کا یہ اجلاس ، آل پارٹیز کانفرنس کی شکل اختیار کر گیا تاہم اجلاس سے خطاب کے دوران کشمیری امریکن قائدین کا کہنا تھا کہ وہ ہر قسم کی سیاسی وابستگیوں سے بالا تر ہو کر آزاد جموںو کشمیر میں اپنے ہم وطنو کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرتے ہیں اور چاہتے ہیں کہ معاملات پر امن طریقے سے اور خوش اسلوبی سے طے ہوں ۔
آزاد جموں و کشمیر میں جوائنٹ ایکشن کمیٹی کے احتجاجی مظاہروں کے پرتشدد صورت اختیار کئے جانے کے بعد آزاد کشمیر کے وزیر اعظم اور صدر ریاست اور پاکستان کے صدر اور وزیر اعظم کی جانب سے براہ راست اس معاملے کا نوٹس لے لیا گیا ہے اور معاملات کو طے کرنے کی کوششیں شروع ہو گئی ہیں ۔امریکہ میں بسنے والی کشمیری کمیونٹی کی نظریں بھی تمام معاملات پر ہیں اور کمیونٹی صورتحال کے فوری حل کی خواہاں ہے ۔
Kashmir i American Community leaders Express Solidarity with Action Committee AJK