" "
بین الاقوامی

پاکستانی امریکن کمیونٹی کا ڈیموکریٹک امیدوار برائے کانگریس ٹام سوازی کی حمایت کا اعلان

ٹام سوازی نے سابق کانگریس مین کی حیثیت سے پاک امریکہ تعلقات ، سیلاب کے دوران پاکستان کی امداد سمیت اپنی خدمات سے کمیونٹی کو آگاہ کیا

کسی بھی کمیونٹی کے لئے ووٹ کی بہت قدر ہوتی ہے ۔ کمیونٹی کو کسی بھی صورت میں اپنا ووٹ ضائع نہیں کرنا چاہئیے اور 13فروری ، منگل کو اپنی سو فیصد اپنا حق رائے دہی استعمال کرنا چاہئیے
ڈیموکریٹ امیدوار ٹام سوازی کی سپورٹ اور ووٹرز کو متحر ک کرنے کے سلسلے میں انتخابی ریلی کے اہتمام میں وکیل انصاری ، وسیم سید، چوہدری ظہور اختر ، اشتیاق خان اوررفاقت علی نے کردار ادا کیا
کمیونٹی ووٹ کو ضائع نہ کرے ، ٹام شوازی اگر واپس کانگریس میں پہنچتے ہیں تویوان نمائندگان میں ایک ایسا کانگریس مین موجود ہوگا کہ جو پاکستانی و مسلم کمیونٹی اور ان کے ایشوز کو بخوبی جانتا ہوگا، وکیل انصاری
ٹام سوازی ، منتخب ہونے کی صورت میں تمام کمیونٹیز کی کانگریس میں موثر اور فعال نمائندگی کریں گے،انتخابی ریلی سے ڈیموکریٹک قائدین جان کیمن ، امینڈا فیلڈ، باب لوپیس سمیت فرح موزیوالا کاخطاب

نیویارک ( اردو نیوز ) لانگ آئی لینڈ ، نیویارک کی پاکستانی و مسلم امریکن کمیونٹی نے 13فروری کو کانگریشنل ڈسٹرکٹ 3( لانگ آئی لینڈ، کوینز ) کے ہونیوالے الیکشن میں ڈیموکریٹ امیدوار ٹام سوازی کی حمایت کردی ہے اور کمیونٹی پر زور دیا ہے کہ وہ ’قبل از الیکشن ووٹنگ ‘ آپشن کا فائدہ اٹھاتے ہوئے الیکشن والے دن سے پہلے ہی اپنا ووٹ کاسٹ کر دیں بصورت دیگر 13فروری کو ہر صورت میں اپنا حق رائے دہی استعمال کریں ۔ڈیموکریٹ امیدوار ٹام شوازی کی سپورٹ اور پاکستانی و مسلم امریکن ووٹرز کو متحر ک کرنے کے سلسلے میں خصوصی انتخابی ریلی کا اہتمام کمیونٹی کی ممتاز سماجی و سیاسی شخصیات وکیل انصاری ، وسیم سید، چوہدری ظہور اختر ، اشتیاق خان اوررفاقت علی سمیت ان کے ساتھیوں نے کیا۔ تقریب میں کانگریشنل ڈسٹرکٹ 3سے ڈیموکریٹ امیدوار برائے کانگریس ٹام شوازی نے بھی خصوصی شرکت اور پاکستانی و مسلم امریکن کمیونٹی کی سپورٹ پر شکرئیہ ادا کیا ۔

پاکستانی و مسلم امریکن کمیونٹی کے زیر اہتمام ہونیوالی اس تقریب میں ٹام شوازی کی انتخابی مہم کی آرگنائزر فرح موزیوالا کے علاوہ پاکستانی امریکن کمیونٹی کی مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی اہم شخصیات اشرف اعظمی ، اعظم آدم ، چوہدری ظہور اختر، اشتیاق خان ، وسیم سید، ظل ہما، ڈاکٹر سلمیٰ کوثر ، رفاقت علی،شازیہ جبین سمیت کمیونٹی ارکان نے بڑی تعداد میں شرکت کی ۔تقریب میں ڈیموکریٹ پارٹی لانگ آئی لینڈ کے اہم امریکی قائدین جان کیمن ، امینڈا فیلڈ، باب لوپیس بھی خصوصی طور پر شریک ہوئے ۔

تقریب میں شرکت پر وکیل انصاری نے ٹام سوازی کو منتظمین اور شرکاءکی جانب سے خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ ٹام شوازی کا لانگ آئی لینڈ ، نیویارک کی پاکستانی امریکن کمیونٹی سے ایک دیرینہ تعلق ہے ۔سپیشل الیکشن میں کامیاب ہو کر ٹام سوازی اگر واپس کانگریس میں پہنچتے ہیں توامریکی ایوان نمائندگان میں ایک ایسا کانگریس مین موجود ہوگا کہ جو پاکستانی و مسلم کمیونٹی اور ان کے ایشوز کو بخوبی جانتا ہوگا۔

ٹام شوازی کا خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ وہ یو ایس کانگریس میں کانگریس وومین شیلا جیکسن کے ساتھ پاکستان کاکس کے ’شریک چئیرمین ‘ تھے ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں جب سیلا ب آیا تو وہ قازقستان کے سرکاری دورہ پر تھے ۔وہ وہاں سے واپس امریکہ گھر آنے کی بجائے پاکستان پہنچے اور کانگریس وومین شیلا جیکسن کی قیادت میں پاکستان کا دورہ کرنیوالے وفد میں شامل ہو ئے ۔ ٹام سوازی نے کہا کہ پاکستان میں سیلاب زدہ علاقوں کا ہم نے فضائی اور دیگر ذریعے سے گھنٹوں دورہ کیا اور واپس واشنگٹن پہنچ کر پاکستان کے لئے ہر ممکن مدد کے لئے اپنا کردار ادا کیا ۔ ٹام سوازی نے مزید کہا کہ میں نے USAIDحکام کی پاکستانی کمیونٹی قائدین اور حکام کے ساتھ ملاقات کا بھی اہتمام کیا جس میں کمیونٹی کو بتایا گیا کہ پاکستان کی کہاں کہاں اور کیسے مدد کی جا رہی ہے ۔

ٹام سوازی نے پاکستانی و مسلم امریکن کمیونٹی پر زور دیا کہ وہ 13فروری کو ہونیوالے الیکشن میں انہیں ووٹ دیں کیونکہ کمیونٹی انہیں سابقہ کانگریس مین کی حیثیت سے بخوبی جانتی ہے ۔ انہوں نے کمیونٹی ارکان پر زور دیا کہ وہ ’قبل از الیکشن ‘ ووٹنگ کے آپشن کا استعمال کرتے ہوئے اپنا Early Voteکاسٹ کریں اور الیکشن والے ددن یعنی کہ 13فروری کو بھرپور انداز میں خود اور اپنے عزیز و اقارب کی ووٹنگ کو یقینی بنائیں ۔
ٹام سوازی نے کہا کہ آج کل ہم سب کو مشکل حالات کا سامنا ہے اور ایسے حالات میں باہمی روابط اور بات چیت کے ذریعے مسائل کے حل تلاش کرکے آگے بڑھنا چاہئیے ۔
تقریب سے خطاب کے دورا ن کمیونٹی قائدین اشرف اعظمی ، اعظم آدم ، چوہدری ظہور اختر، اشتیاق خان ، وسیم سید، ظل ہما، ڈاکٹر سلمیٰ کوثر ، رفاقت علی،شازیہ جبین سمیت دیگر کا بھی کہنا تھا کہ ٹام سوازی سے کمیونٹی کا دیرینہ تعلق ہے۔ کسی بھی کمیونٹی کے لئے ووٹ کی بہت قدر ہوتی ہے ۔ کمیونٹی کو کسی بھی صورت میں اپنا ووٹ ضائع نہیں کرنا چاہئیے اور 13فروری ، منگل کو اپنی سو فیصد اپنا حق رائے دہی استعمال کرنا چاہئیے ۔

تقریب سے خطاب کے دوران ڈیموکریٹ پارٹی لانگ آئی لینڈ کے اہم امریکی قائدین جان کیمن ، امینڈا فیلڈ، باب لوپیس سمیت فرح موزیوالا کا کہنا تھا کہ پاکستانی و مسلم امریکن کمیونٹی کی تعداد اور اہمیت میں ہر روز اضافہ ہو رہا ہے۔ کمیونٹی کی خدمات قابل قدر ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ٹام سوازی ، منتخب ہونے کی صورت میں تمام کمیونٹیز کی کانگریس میں موثر اور فعال نمائندگی کریں گے ۔

Related Articles

Back to top button