" "
پاکستانخبریں

پاکستان میں الیکشن ہونگے ، دفاع کیساتھ معیشت کے استحکام بارے پر امید رہیں ، جنرل عاصم منیر

آرمی چیف جنرل عاصم منیر کی واشنگٹن میں پاکستانی سفیر کے استقبالیہ میں شرکت، پاکستانی امریکن کمیونٹی سے خطاب ، اہم امریکی حکام سے ملاقاتیں

واشنگٹن ( محسن ظہیر سے ) امریکہ کے دورے پر آئے چیف آف آرمی سٹاف جنرل عاصم حسین منیرنے واشنگٹن ڈی سی میں پاکستانی سفیر سردار مسعود خان کی جانب سے پاکستانی ایمبسی میں دئیے گئے استقبالیہ میں شرکت کی ۔ اس موقع پر آرمی چیف کے ہمراہ ان کے وفد میں شامل مسلح افواج کے حکام بھی موجود تھے ۔ استقبالیہ میں امریکہ بھر سے پاکستانی امریکن کمیونٹی کی اہم شخصیات نے شرکت کی ۔ ایمبسی پہنچنے پر آرمی چیف جنرل عاصم منیر کو سفیر مسعود خان سمیت سفارتخانے کے حکام اور شرکاءنے خو ش آمدید کہا۔

استقبالیہ میں میڈیا کو مدعو نہیں کیا گیا ۔ استقبالیہ میں شریک کمیونٹی ارکان کے مطابق آرمی چیف دو سے زائد گھنٹوں تک استقبالیہ میں شریک رہے۔ انہوں نے استقبالیہ سے تفصیلی خطاب کیا اور شرکاءکے سوالات کے جواب بھی دئیے ۔ بتایا گیا ہے کہ آرمی چیف کا خطاب کے دوران اوورسیز پاکستانیوں سے کہنا تھا کہ وہ سیاست پر بات نہیں کرتے تاہم انہوں نے کہا کہ پاکستان میں الیکشن ہونگے ۔

جنرل عاصم منیر کا کہنا تھا کہ آرمی چیف کا عہد سنبھالنے کے بعد میرا سب سے پہلاپیغا م تھا کہ ”امید “ کے دامن کو کبھی نہیں چھوڑنا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے بہتر مستقبل کے بارے میں پر امید رہیں ۔آرمی چیف نے آیات قرآنی کے حوالے دیتے ہوئے بھی بندے کی اپنے طور پر کوشش اور جدوجہد کے کردار اور اللہ پر ایمان رکھنے کے حوالے جات دئیے ۔

شرکاءکا کہنا تھا کہ جنرل عاصم منیر کا خطاب کے دوران کہنا تھا کہ پاکستانی کی معیشت میں بہت پوٹینشل ہے ۔ پاکستان کی معیشت کو بہتری کی راہ پر گامزن کیا جائے گااور انشاءاللہ سالوں میں معاشی ترقی کا سفر مکمل کرکے پاکستانی کو ”جی ٹوئنٹی “ اور ” جی ٹین “ ممالک کی فہرست میں شامل کیا جائیگا۔
استقبالیہ سے خطاب کے دوران آرمی چیف نے براہ راست لوگوں سے سوال لئے اور ان کے جواب دئیے ۔ خطاب کے بعد جنرل عاصم حسین منیر ، استقبالیہ میں شریک مہمانوں کی میزوں پر گئے ، ان سے مصافحہ کیا اور علیک سلیک بھی کی ۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ آرمی چیف نے اپنے دورہ امریکا کے دوران نائب امریکی قومی سلامتی مشیر جوناتھن فائنر، امریکی نائب وزیر خارجہ وکٹوریہ نولینڈ، امریکی چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف جنرل چارلس کیو براو¿ن سے ملاقات کی جس کے دوران دوطرفہ دلچسپی، عالمی اور علاقائی سلامتی کے باہمی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

آئی ایس پی آر نے کہا کہ ملاقات میں جاری بین الاقوامی تنازعات پر تبادلہ خیال کیا گیا، آرمی چیف اور امریکی حکام نے دوطرفہ دلچسپی کے امور پر بھی تبادلہ خیال کیا، دونوں اطراف نے مشترکہ مفادات کے حصول کے لیے دوطرفہ تعاون کی کوششیں جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔

ترجمان پاک فوج کے مطابق آرمی چیف اور امریکی حکام میں عالمی اور علاقائی امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا، ملاقاتوں کے دوران انسداد دہشت گردی اور دفاعی تعاون کے شعبوں کو بنیادی اہمیت دی گئی، فریقین نے باہمی دلچسپی کے امور پر بات چیت جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔آئی ایس پی آرنے کہا کہ آرمی چیف نے مسئلہ کشمیر اقوامِ متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل کرنے کی اہمیت کو اجاگر کیا۔

Related Articles

Back to top button