نیویارک سٹیٹ سینیٹر کیون تھامس ، کانگریس کا الیکشن لڑینگے
لانگ آئی لینڈ نیویارک سے تعلق رکھنے والے ساؤتھ ایشین نژاد کیون تھامس نے کانگریس پر نظریں جما لیں
نیویارک ( اردونیوز ) لانگ آئی لینڈ ، نیویارک سے ڈیموکریٹک سٹیٹ سینیٹر کیون تھامس نے آئندہ سال 2024میں کانگریس مین کا الیکشن لڑنے کا اعلان کر دیا ہے ۔سینیٹر تھامس جو کہ 2019سے سٹیٹ سینٹ میں موجود ہیں، ریپبلکن کانگریس مین انتھونی ڈی ایسپی زیٹو کا مقابلہ کرکے ایوان نمائندگان میں پہنچنا چاہتے ہیں۔ واضح رہے کہ کیون تھامس نے سال 2018میں ریپبلکن کیمپ ہینن کو شکست دے کر نیویارک سٹیٹ سینٹ میں اپنی جگہ بنائی تھی ۔وہ سال 2020میں دوسری بار سٹیٹ سینیٹر منتخب ہونے میں کامیاب ہوئے ۔ سال 2022میں کیون تھامس آسانی سے تیسری بار سٹیٹ سینیٹر منتخب ہو ئے اور اب ان کی نظریں ، یو ایس کانگریس پر مرکوز ہیں۔
کیون تھامس ، لانگ آئی لینڈ کے جس حلقے سے کانگریشنل ڈسٹرکٹ 4سے یو ایس کانگریس مین کا الیکشن لڑنے جا رہے ہیں، اس حلقے میں بڑی تعداد پاکستانی ، انڈین اور بنگالی کمیونٹی کی بھی ہے ۔کیون تھامس کو ڈیموکریٹ پارٹی کی جانب سے کانگریس کا امیدوار بننے کے لئے پہلے پرائمری الیکشن میں اپنے ممکن ڈیموکریٹس حریفوں لارنس ہینری ، سارہ ہگاز، جاین جونز اور پٹریشا مہر کا مقابلہ کرنا ہوگا۔