پاکستان

میاں فیاض کی قیادت میں مسلم لیگ (ن) امریکہ کا وفد نواز شریف کا پاکستان میں استقبال کرے گا

میاں نواز شریف کے استقبال کی تیاریوں کے سلسلے میں سابق وزیر اعظم و پارٹی صدر میاں شہباز شریف نے میاں فیاض سمیت امریکہ سے آئے لیگی وفد سے خصوصی ملاقاتیں کیں

ملاقاتوں میں مسلم لیگ (ن) امریکہ کے ارکان کے علاوہ سینیٹر شاہین بٹ ، بیگم شکیلہ لقمان ، ڈاکٹر خالد لقمان سمیت دیگر بھی موجود تھے، لیگی وفد کو پاکستان آمد پر خوش آمدید کہا گیا

لاہور ( اردو نیوز ) پاکستان مسلم لیگ (ن) یو ایس اے کے سینئر نائب صدر میاں فیاض کی قیادت میں پاکستان مسلم لیگ (ن) یو ایس اے کا وفد پارٹی رہنما و سابق وزیر اعظم میاں نواز شریف کا پاکستان میں استقبال کرے گا۔ اس سلسلے میں میاں فیاض سمیت وفد میں شامل مسلم لیگ (ن) یو ایس اے کے ارکان پاکستان پہنچ گئے ہیں ۔ مسلم لیگ (ن) یو ایس اے کے صدر روحیل ڈار کی جانب سے جاری کردہ تفصیل کے مطابق پاکستان پہنچنے والے مسلم لیگ (ن) یو ایس اے کے وفد میں میاں فیاض، کرنل (ر) مقبول ملک ، الیاس ایوب ڈار، حاجی مقصود، چوہدری غلام جیلانی ، ملک اکبر، عارف حمید، اوسامہ چوہدری ، عمر آصف ، افضل بٹ شامل ہوں گے ۔

 

Mian Fayyaz PMLN USA (1)
Mian Fayyaz PMLN USA (1)

مسلم لیگ (ن) یو ایس اکے کے سینئر نائب صدر میاں فیاض نے لاہور میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) یو ایس اے ہمیشہ ، میاں نوازشریف کے ساتھ ان کی جمہوری جدوجہد میں شانہ بشانہ ان کے ساتھ رہی ہے اوراب میاں نوا ز شریف کی ایک عرصے کے بعد وطن واپسی پر ان کے تاریخی اور پرتپاک استقبال کے موقع پر بھی پاکستان میں موجود ہے۔

میاں فیاض کا مزید کہنا ہے کہ گورنرز، سینیٹر ، رکن قومی اسمبلی سمیت اہم عہدوں پر اوورسیز پاکستانیوں کے انتخاب اور تعیناتی سمیت میاں نواز شریف اور مسلم لیگ (ن) کے دور میں اوورسیز پاکستانیوں کے لئے جو کچھ کیا گیا ہے، اتنا کسی بھی دور میں نہیں ہوا۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف کی تاریخ اوورسیز پاکستانیوں کے لئے عملی کردار سے بھری پڑی ہے جبکہ باقی ماندہ نام نہاد سیاسی قائدین نے صرف نعرے لگائے اور اوورسیز پاکستانیوں کو ٹرک کی بتی پیچھے لگائے رکھا اور مسلسل بیوقوف بنایا۔

PMLN USA delegation meet Mian Shehbaz Sharif
PMLN USA delegation meet Mian Shehbaz Sharif

دریں اثنا ءمیاں نواز شریف کے استقبال کی تیاریوں کے سلسلے میں سابق وزیر اعظم و پارٹی صدر میاں شہباز شریف نے میاں فیاض سمیت امریکہ سے آئے لیگی وفد سے خصوصی ملاقاتیں کیں ۔ ان ملاقاتوں میں مسلم لیگ (ن) امریکہ کے ارکان کے علاوہ سینیٹر کیپٹن (ر) شاہین بٹ ، سابق رکن قومی اسمبلی بیگم شکیلہ لقمان ، چئیرمین پاکستانی امریکن کانگریس ڈاکٹر خالد لقمان اور معروف انیکر پرسن راحیلہ فردوس سمیت دیگر بھی موجود تھے۔میاں شہباز شریف نے امریکہ سے آنے والے لیگی ساتھیوں کو پاکستان میں خوش آمدید کہا اور نواز شریف کی وطن واپسی پر استقبال کے لئے پاکستان آمد پر ان کا شکرئیہ اداکیا۔ وفد کے ارکان سے بات کرتے ہوئے سابق وزیر اعظم کا کہنا ہے کہ میاں نواز شریف ، وطن واپس آکر ملک و قوم کی خوشحالی اور ترقی کا سفر وہاں سے ہی شروع کریں گے کہ جہاں سے عمران نیازی نے ترقی کے سفر کو روکا تھا۔انہوں نے مزید کہا کہ اوورسیز پاکستانیوں کے لئے بہت کچھ کیا ہے اور ابھی بہت کچھ مزید کرنا ہے۔ انشاءاللہ جلد مسلم لیگ (ن) ایک بار پھر میاں نواز شریف کی قیادت میں اقتدار میں آئے گی اور پاکستان کی خدمت کرے گی۔

کیپٹن (ر) شاہین بٹ ، بیگم شکیلہ لقمان اور ڈاکٹر خالد لقمان نے بھی میاں فیاض کی قیادت میں پاکستان پہنچنے والے مسلم لیگ (ن) یو ایس اے کے وفد کو خوش آمدید کہا۔

Related Articles

Back to top button