خبریںپاکستان

بھارتی وزیر خارجہ کا خطاب، اقوام متحدہ کے سامنے کشمیریوں کا مظاہرہ

اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے بھارتی وزیر خارجہ کے خطاب کے موقع پر اقوام متحدہ کے سامنے کشمیری اور پاکستانی امریکن کمیونٹی قائدین اور ارکان نے احتجاجی مظاہرہ کیا

نیویارک ( محسن ظہیر سے ) اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے بھارتی وزیر خارجہ کے خطاب کے موقع پر اقوام متحدہ کے سامنے کشمیری اور پاکستانی امریکن کمیونٹی قائدین اور ارکان نے احتجاجی مظاہرہ کیا۔ شدید بارش اور خراب موسم کے باوجود ہونےو الے احتجاجی مظاہرے میں نیویارک ، واشنگٹن ڈی سی سمیت اہم امریکی ریاستوں سے ڈاکٹر غلام نبی فائی ، سردار سوار خان سمیت کشمیری قائدین اور ارکان مظاہرے میں شریک ہوئے جبکہ آزاد جموں و کشمیر کے صدر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے بذریعہ ویڈیو کال مظاہرے سے خطاب کیا۔

صدر سلطان محمود ، ڈاکٹر غلام نبی فائی ، سردار سوار خان سمیت مظاہرین نے اپنے خطاب میں اقوام متحدہ سے مطالبہ کیا کہ سلامتی کونسل کی قرار دادوں کے مطابق مسلہ کشمیر حل کیا جائے اور کشمیریوں کو ان کا حق خود ارادیت دیا جائے ۔

مظاہرین نے کہنا تھا کہ اقوام عالم مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم، انسانی حقوق کی بد ترین خلاف ورزیوں اور عالمی قوانین کی خلاف ورزیوں سے چشم پوشی اختیار کرنے کی بجائے ان کا نوٹس لے اور اپنا عالمی کردارادا کرے ۔

کشمیر ی امریکن کمیونٹی کے اس مظاہرے میں سکھ کمیونٹی کے قائدین بھی شریک ہوئے اور انہوں نے کشمیری کمیونٹی سے اپنی یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بھارت اقلیتوں کے لئے دنیا کا غیر محفوظ ترین ملک بن چکا ہے ۔
اقوام متحدہ کے سامنے دو گھنٹے تک جاری رہنے والے احتجاجی مظاہرے میں مظاہرے تمام وقت کشمیری عوام کے حق میں جبکہ بھارتی مظالم کے خلاف نعرہ بازی کرتے رہے ۔مظاہرین کی جانب سے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کو لکھے گیا مراسلہ بھی جاری کیا گیا جس میں کہا گیا کہ اقوام متحدہ اپنے ایجنڈے پر موجود سب سے پرانے مسلہ کشمیر کو فوری اور بلا تاخیر حل کرے ۔

 

Related Articles

Back to top button