نیویارک سٹی میں اسلامک سنٹرز کو لاؤڈ سپیکر پر پانچ وقت اذان کی اجازت
نیویارک پولیس ڈیپارٹمنٹ کے ڈپٹی کمشنرمارک سٹیورٹ نے میمو جاری کر دیا، کمیونٹی افئیرز یونٹ کے حکام کو اذان کے سلسلے میں مسلم کمیونٹی کے ساتھ تعاون کی ہدایت
نیویارک ( محسن ظہیر سے ) نیویارک سٹی میں واقع تمام اسلامک سنٹرز اور مساجد کو مقامی قواعد و ضوابط کو پیش نظر رکھتے ہوئے پانچ وقت لاو¿ڈ سپیکر پر اذان کی اجازت ہو گی ۔ اس سلسلے میں نیویارک پولیس ڈیپارٹمنٹ کے ڈپٹی پولیس کمشنر مارک سٹیورٹ نے پولیس ڈیپارٹمنٹ کے کمیونٹی افئیرز یونٹ کے تمام حکام کو میمو جاری کر دیا گیا ہے ۔
واضح رہے کہ چند ماہ قبل نیویارک میں بعض اسلامک سنٹرز و مساجد کو لاؤڈ سپیکرز پر اذان کی اجازت دی گئی تھی جس پر مسلم امریکن کمیونٹی کی جانب سے نہایت خوشی اور تشکر کا اظہار کیا گیا تھا تاہم اب ڈپٹی کمشنر نیویارک پولیس کی جانب سے جاری کردی میمو میں امریکہ میں مذہبی آزادی کی حق کی اہمیت بیان کرتے ہوئے واضح کیا گیا ہے کہ مسلم کمیونٹی کی عبادات میں اذان اہم مذہبی فرائض میں شامل ہے ۔
میمومیں کہا گیا ہے کہ نیویارک کی مسلم کمیونٹی لاؤڈ سپیکر پر اذان کے حوالے سے مقامی قواعد و ضوابط کو پیش نظر رکھیں اور لاؤڈ سپیکر پر اذان کے حوالے سے مقامی قواعد کے مطابق لاؤڈ سپیکر کی آواز کے لیول کو برقرار رکھنے کی پابندی کو بھی ملحوظ خاطر رکھیں ۔
نیویارک کی مسلم امریکن کمیونٹی کی جانب سے نیویارک پولیس ڈیپارٹمنٹ کے میمو کا خیر مقدم کیا گیا ہے اور پولیس ڈیپارٹمنٹ اور مئیر ایرک ایڈمز کی انتظامیہ کا شکرئیہ ادا کیا گیا ہے ۔
نیویارک سٹی میں ایک رپورٹ اور اندازے کے مطابق پونے تین سو سے زائد مساجد و اسلامک سنٹرز ہیں ۔