نیویارک میں شہداءکربلا کی یاد میں سالانہ قدیمی عاشورہ جلوس
جعفرئیہ ایسوسی ایشن آف نارتھ امریکہ کے زیر اہتمام عاشورہ محرم کے سلسلے میں نکالے گئے جلوس میں ہزاروں عزاداران کی شرکت، فضاءلبیک یا حسین ؑ کے نعروں سے مسلسل گونجتی رہی
انسان کو بیدار تو ہو لینے دو ۔۔۔ہر قوم پکارے گی ہمارے ہیں حسین ؑ
نیویارک ( اردو نیوز ) جعفریہ ایسوسی ایشن آف نارتھ امریکہ (JANA)کے زیراہتمام عاشورہ محرم کے سلسلے میں سالانہ قدیمی محرم جلوس حسب معمول نیویارک سٹی کے مصروفترین علاقے 50 سٹریٹ اور پارک ایونیو سے برآمد ہوا۔ سید اصطفیٰ نقوی اور جعفرئیہ ایسوسی ایشن کے ساتھیوں کے زیر اہتمام اس سالانہ جلوس کا آغاز نماز ظہرین کی ادائیگی سے ہوا۔ شرکاءنے 50سٹریٹ پر علامہ یعقوب اخوندی کی اقتداءمیں نماز ظہرین ادا کی جس کے بعد مختصر مجلس عزاءمنعقد کی گئی اور شہداءکربلا ءکے فضائل و مصائب بیان کئے گئے ۔
نماز ظہرین کی ادائیگی کے بعد جلوس پارک ایونیو پر 50سٹریٹ سے روانہ ہوا جس میں نیویارک ٹرائی سٹیٹ ایریا سے عزاداران امام حسین نے ہزاروں کی تعداد میں شرکت کی ۔
گرم موسم کے باوجود ہزاروں کی تعداد میں عزاداران سیاہ لباس میں جلوس میں شریک ہوئے اور راستے بھر ماتم زنی کرتے رہے جبکہ مرثیہ خواں و منقبت خواں مرثیے، سوز و سلام پڑھتے رہے۔جگہ جگہ ٹھنڈے پانی و مشروبات کی سبیلیں لگائی گئی تھیں جبکہ نیاز حسین کا بھی وافر اہتمام تھا۔ ہر سال کی طرح اس بار بھی ذوالجناح برآمد ہوا۔ نیویارک میں ذولجناح کے بانی ضمیر حسین خان مرحوم تھے جو ہر سال جلوس کے دوران نماز کی ادائیگی کے لئے بھی انتظامات کیا کرتے تھے۔ ان کی وفات کے بعد انکے صاحبزادے ذوالکفل حسین خان اور زوہیب حسین خان ذولجناح کی برآمدگی کی ذمہ داری نبھا رہے ہیں۔نوجوانوں نے بڑے بڑے علم اٹھا رکھے تھے۔مختلف ماتمی دستے اور شیعیہ انجمنیں شہدائے کربلا اور اسیران شام کو پرسہ دیتے رہے۔
نیویارک پولیس کے جوان آخر وقت تک جلوس کے ساتھ رہے۔ عزاداروں نے بھی مثالی نظم و ضبط کا مظاہرہ کیا۔جلوس کے اختتام پر پاکستان مشن و قونصلیٹ کے باہر اختتامی مجلس منعقد ہوئی جس کی ابتداءتلاوت کلام پاک سے ہوئی۔ جاوید حسین نے نظامت کے فرائض انجام دئیے۔
جعفریہ ایسوسی ایشن آف نارتھ امریکہ( JANA)کے صدر اصطفیٰ نقوی نے خصوصی خطاب کیا ۔انہوں واقعہ کربلا پہ روشنی ڈالی اور کہا کہ ہمیں حضرت امام حسین ؑاور انکے ساتھیوں کی عظیم قربانیوں کے اصل مفہوم کو سمجھنے کی ضرورت ہے کہ انہوں کیونکر آرام سکون چھوڑ کر اللہ کی راہ میں شہید ہونے کا راستہ منتخب کیا۔
مجلس عزا سے علامہ یعقوب اخوندی نے خطاب کیا انہیں فلسفہ شہادت پر متاثر کن خطاب کیا اور مصائب بھی پڑھے۔جلوس کے منتظمین نے عزاداروں، ماتمی دستوں اور مختلف شیعہ انجمنوں اور تنظیموں اور دستوں کا تہہ دل سے شکریہ ادا۔ اصطفیٰ نقوی نے سیکیورٹی کے بھرپور انتظامات کے لئے نیویارک پولیس اور عزاداروں کے لئے مشن کے دروازے کھولنے پاکستان مشن کا خاص طور سے شکریہ ادا کیا۔