اوورسیز پاکستانیزپاکستان

الوداع سیم خان

خصوصی تحریر:امجد نواز( نیویارک )

سیم خان کو اللہ تعالیٰ نے اپنے پاس بلانے سے قبل اپنے گھر (خانہ کعبہ ) میں حاضری کی سعادت نصیب کی ، کمیونٹی سیم خان کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھے گی

عزیز دوست ابرار احمد خان المعروف سیم خان ، 28 مئی 2023 اتوار کی شام ایک ماہ کی شدید علالت اور زندگی اور موت کی کشمکش میں بمبتلا رہنے کے بعد اپنے اہل خانہ ، ہم دوستوں اور اپنے ہزاروں چاہنے والوں کو سوگوار چھوڑ کر اپنے خالق حقیقی سے جاملے۔ انا للہ و اناعلیہ راجعون،

اللہ کریم ان پر اپنی کروڑوں رحمتیں نازل فرمائے اور ان کی آنے والی تمام منزلیں آسان فرماۓ( آمین )
مرحوم کے پسماندگان میں ان کی اہلیہ، دو بیٹیاں اور بہنیں شامل ہیں جو سب کے سب نیو جرسی میں مقیم ہیں

سیم خان ریاست نیوجرسی کے شہر ایڈیسن میں رہائش پذیر تھے۔ یہیں پران کا بزنس تھا، ان کی نماز جنازہ بھی مسجد الولی ایڈیسن میں ادا کی گئی۔ نماز جنازہ میں کمیونٹی کے مختلف مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والی اہم شخصیات اور ارکان کی ایک کثیر تعداد نے شرکت کی اور اپنی بے شمار دعاوں کے ساتھ رخصت کیا۔ مجھے اس بات کا بہت افسوس تھے کہ میں ان کی نماز جنازہ میں شرکت نہ کر سکا جس کی وجہ میری نیو یارک میں عدم موجودگی تھی۔ مجھے اور میری اہلیہ کو اپنے بیٹے کی علالت کی وجہ سے ہیوسٹن آنا پڑا۔ سیم خان مرحوم کے لئے یہ نذرانہ محبت بھی میں ہوسٹن میں سے ہی لکھ رہا ہوں۔

سیم خان ایک انتہائی متحرک شخصیت تھے جو بیک وقت امریکن سیاست ، کمیونٹی خدمات اور پاکستان تحریک انصاف امریکہ میں اپنا کلیدی کردار ادا کر رہے تھے۔ وہ گذشتہ تین دہائیوں سے امریکہ میں مقیم تھے ۔ہر پاکستانی کی طرح انہوں نے بھی شب و روز کی محنت سے اپنے کیئریئر کا آغاز کیا اور پھر ایک کامیاب بزنس مین کی حیثیت سے ترقی کی منازل طے کیں۔ امریکی ریاست نیوجرسی کی مقامی امریکی سیاست میں ایک پاکستانی کی حیثیت سے ان کا سب سے اہم کردار تھا۔ وہ بہت بڑے بڑے پروگرام ارگنائز کرتے جس میں پاکستانی کمیونٹی کے ساتھ نیو جرسی میں مقیم دوسری کمیونٹیز بھی شریک ہوتیں اس کے ساتھ ساتھ امریکی سیاست دان آتے جس کی وجہ سے پاکستانی کمیونٹی کو بہت فائدہ ہوتا تھا ۔

پاکستان کے حوالے سے خوشی کا کوئی موقع ہوتا تو وہ خوشی منانے کا انتظام کرتے اور مختصر وقت میں کامیاب پروگرام ترتیب دے کر سب کو اکٹھا کر لیتے ، امریکی ریاست نیوجرسی میں یوم آزادی پاکستان کے موقع پر پاکستان ڈے پریڈ نیوجرسی کا سلسلہ شروع کیا جو کہ گذشتہ دس سالوں سے جاری ہے ۔ ان کے زیر اہتمام پاکستان ڈے پریڈ اپنی مثال آپ ہوتی ۔

 

Sam Khan, Imran Khan
Sam Khan, Imran Khan

 

سیم خان کا پاکستان تحریک انصاف یو ایس اے میں بڑا کلیدی کردار تھا ۔وہ دو مرتبہ پی ٹی آئی نیو جرسی کے صدر اور پھر پی ٹی آئی یو ایس اے کے جنرل سیکر ٹری منتخب ہوئے ۔انہوں نے پی ٹی آئی میں 2018 . میں اُس وقت شرکت کی جب پاکستان میں عام انتخابات کی مہم شروع ہو چکی تھی ۔اس وقت پی ٹی آئی کا امریکہ میں کوئی باقاعدہ ڈھانچہ یا تنظیم نہیں تھی ۔ سب اپنی حیثیت میں متحرک تھے اور پارٹی کے لیے کام کر رہے تھے۔

سیم خان نے میری درخواست پر نیوجرسی میں مختصر نوٹس پر فنڈ رزینگ کے پروگرام کا اہتمام کیا جس میں پی ٹی آئی سے تعلق رکھنے والے سینکڑوں پاکستانیوں نے شرکت کی اور تحریک انصاف کے لئے فنڈ ریزنگ کی ۔ چیئر مین پی ٹی آئی عمران خان نے اس پروگرام نے لئے خصوصی ویڈیو پیغام جاری کیا۔ یہ سیم خان کا پی ٹی آئی کے لیے پہلا شاندار اور انتہائی اہمیت کا حامل پروگرام تھا۔
اس کے بعد اپنے انتقال تک وہ پی ٹی آئی نیوجرسی اور یو ایس اے میں فعال اور متحرک انداز میں کام کرتے رہے ۔

اس کے ساتھ ساتھ ان کے پاکستان کونسلیٹ کے ساتھ بھی اچھے مراسم تھے ان کے پروگراموں میں کونسل جنرل اور کونسلیٹ کے اہم لوگ شرکت کرتے۔

سیم خان کو اللہ تعالیٰ نے اپنے پاس بلانے سے قبل اپنے گھرخانہ کعبہ میں بھی حاضری کی سعادت نصیب کی ۔ انہوں نے عمرے پر سعودی عرب جانے کا پروگرام ترتیب دیا تو مجھے کال کی اور کہا کہ امجد بھائی ، میں عمرے کئے جا رہا ہوں ۔ وہ بہت خوش تھے کہ اللہ تعالیٰ نے انہیں یہ عظیم سعادت نصیب کی ہے ۔

عمرے کی ادائیگی کے موقع پر انہوں نے خصوصی طور پر خانہ کعبہ سے مجھےکال کی اور ویڈیو کا ل کے ذریعہ کہا کہ امجد بھائی میں اس وقت خانہ کعبہ میں ہوں ۔ پھر انہوں نے اپنے فون کا کیمرہ خانہ کعبہ کی طرف کر کے کہا دعا کر لیں ۔میری آنکھیں نم ہو گئیں ۔ میں نے سب سے پہلی دعا کی کہ یا اللہ سیم خان کی اپنے گھر میں حاضری کو قبول فرمانا ، اجر عظیم عطاءفرمانا ، یہ دعا کرنے کے بعد میں نے اپنے لئے اور دوست احباب و عزیز واقارب کے لئے دعا مانگی ۔ ایسی انمول فون کالز انہوں نے کچھ اور قریبی دوستوں کو بھی کیں

سیم خان کی محبت اور خلوص کا اس سے بڑھ کر کیا ثبوت ہو سکتا ہے کہ اللہ کے گھر میں بھی انہوں نے اپنے دوستوں اور ساتھیوں کو یاد رکھا ۔ میرے نزدیک یہ ان کے عمرے اور حاضری کی قبولیت کی کھلی نشانی تھی

عمرہ کی سعادت حاصل کرنے کے بعد سیم خان ، سعودی عرب سے پاکستان چلے گئے ۔ پاکستان میں قیام کے دوران وہ اپنے دوست احباب کے ساتھ مِلنے کے ساتھ ساتھ خصوصی طور پر زمان پارک لاہور گئے جہاں انہوں نے چئیرمین عمران خان سے ملاقات کی اور ان کو امریکہ میں موجود پارٹی ساتھیوں اور پارٹی کے لئے ان کے کردار کے بارے میں آگاہ کیا ۔ لاہور میں قیام کے بعد وہ اپنے آبائی شہر حیدر آباد اور کراچی گئے ۔

سیم خان پاکستان کا دورہ مکمل کرنے کے بعد واپس امریکہ آئے تو ان کی طبیعت ناساز ہو گئی ۔ ناسازئ طبیعت کے باوجود انہوں نے امریکہ واپسی پر اپنی مصروفیات شروع کر دیں ۔ طبیعت مسلسل ناساز رہنے کی وجہ سے وہ پہلی بار ہسپتال گئے جہاں ٹیسٹ وغیرہ کروائے اورواپس گھر آگئے۔ اس دوران سیم خان نے میری لینڈ میں پارٹی کے قریبی ساتھی اور دوست وقار خان کو کال کرکے خوشی سے بتایا کہ انہوں نے ہسپتال میں جو ٹیسٹ کروائے ان کے رزلٹ ٹھیک ہیں ۔

پی ٹی آئی امریکہ میں ان کا سب سے زیادہ تواتر کے ساتھ رابطہ وقار احمد خان کے ساتھ رہتا تھا۔ ٹیسٹ کروانے کے بعد اگلے ہی روز سیم بھائی کی طبیعت پھر خراب ہو گئی۔ وہ اسی عالم میں ہسپتال گیۓاور پھر کبھی واپس نہ آئے۔ ہسپتال جا کر بے ہوش ہو گئے، انہیں وینٹی لیٹر پر لگا دیا گیا۔ تقریباً ایک ہفتہ کچھ پتہ نہ چل سکا۔ اس دوران ہسپتا ل حکام کی جانب سے بتایا گیا کہ سیم خا ن کو ڈینگی بخار ہوا ہے اور اسی حالت میں انہیں برین ہیمرج بھی ایک سے زائد مرتبہ ہوا۔ ان کی ایک ماہ کی شدید بیماری کے دوران کسی کو ان سے ملنے کی اجازت نہیں تھیں۔ بتایا جاتا ہے کہ ان کی بیوی نے کسی کو بھی ان کو وزٹ کرنے پر پابندی عائد کر وا دی تھی۔

 

 

اس دوران ہم دوستوں کا اُن کی بہن ساجدہ ارشد کے ساتھ رابطہ رہتا اور ان کی خیریت کا دریافت کرتے رہتے۔ اس کے ساتھ ساتھ میرا اور وقار احمد خان کا آپس میں رابطہ رہتا ہم سیم خان کی طبیعت کے بارے میں بات کرتے ، پریشان ہوتے اورآخری دم تک اُن کے لیے دعائیں کرتے رہے لیکن ہوتا وہی ہے کہ جو اللہ کریم کو منظور ہوتا ہے اور بالآخر سیم خان 28 مئی کو زندگی کی بازی ہار گئے اور یکم جون 2023 بروز جمعرات تدفین کے مراحل سے گزر کر اپنے اصلی اور دائمی گھر میں منتقل ہوگئے ۔

 

 

سیم خان اس سے پہلے کبھی عمرے پر نہیں گئے اور پاکستان بھی میری معلومات کے مطابق کم کم ہی جاتے تھے۔ اللہ رب العزت کی رحیمی اور کریمی بھی، ہم سب کی سوچوں سے بہت زیادہ اور بڑھ کر ہے۔ اس کی رحمت اور کرم کو سیم خان کی نہ جانے کونسی نیکی اتنی پسند آئی کہ اللہ تعالی نے موت سے پہلے انہیں اپنے گھر حاضری کی سعادت نصیب کی ، عمرے جیسی عظیم نیکی ان کے حصے میں لکھ دی اور اپنے رحم و کرم کی بارشوں سے نہلا دھلا کر اپنے پاس بُلا لیا

اللہ کریم سے دعا ہے کہ وہ سیم خان کو کروٹ کروٹ جنت بخشے اور ان کے سب چاہنے والوں کو صبر جمیل عطا فرما ئے ،آمین

 

 

Related Articles

Back to top button