لاہور ( احسن ظہیر سے ) پاکستان تحریک انصاف کے ناراض رہنماجہانگیر ترین جو کہ ایک عرصے سے خاموش ہیں ، کا ’سیاسی جہاز‘ ایک بار پھر ’ ٹیک آف ‘ کرنے کے لیئے تیار ہے ۔
نو مئی کے واقعہ کے بعد پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی ) کے جو اہم قائدین اور موجودہ و مستعفی ہونےو الے ارکان اسمبلی ، عمران خان کا ساتھ چھوڑ گئے ہیں ، جہانگیر ترین کے ’سیاسی جہاز‘ کا بورڈنگ پاس لینے کے چکر میں ہیں ۔اہم ذرائع کا کہنا ہے کہ جہانگیر ترین ، اپنی سیاسی جماعت بنانے کا ارادہ رکھتے ہیں ۔ اس سلسلے میں وہ اپنے ساتھیوں کے ساتھ مل کر اہم اعلان کریں گے ۔
یہاں یہ امر قابل ذکر ہے کہ جہانگیر ترین نے سال 2018کے الیکشن میں عمران خان کے وزیر اعظم بننے کے سلسلے میں مطلوبہ ارکان کی تعداد کو پورا کرنے اور پنجاب میں پی ٹی آئی کی حکومت کے قیام میں کلیدی کردار ادا کیا تھا لیکن عمران خان کے وزیر اعظم بننے اور پنجاب میں پی ٹی آئی کی حکومت بننے کے فوری ہی بعد جہانگیر ترین او ر عمرا ن خان میں اختلافات پیدا ہو گئے جو کہ سیاسی علیحدگی پر منتج ہوئے ۔
اب دیکھنا یہ ہے کہ جہانگیر ترین اگر اپنی سیاسی جماعت بناتے ہیں تو اس میں کون کون ان کے ساتھ ’آن بورڈ‘ ہوتا ہے اور ان کی سیاسی پرواز ، پاکستان کی انتخابی سیاست میں کتنی اونچی پرواز کرتی ہے ۔