پاکستانی امریکن کمیونٹی کے ہر دلعزیز رہنما سیم خان انتقال کر گئے
سیم خان نیوجرسی کے ہسپتال میں زیر علاج اور زندگی و موت کی کشمکش میں مبتلا رہے اور سوموار کو جان کی بازی ہار گئے اور اپنے خالق حقیقی سے جا ملے
نیوجرسی (اردو نیوز ) پاکستانی امریکن کمیونٹی کے ہر دلعزیز رہنما، پاکستان تحریک انصاف امریکہ کے سابق سیکرٹری جنرل سیم خان انتقال کر گئے۔ وہ گذشتہ تین ہفتوں سے نیوجرسی کے ہسپتال میں زیر علاج تھے ۔ اس عرصے کے دوران سیم خان زندگی و موت کی کشمکش میں مبتلا رہے اور سوموار کو جان کی بازی ہار گئے اور اپنے خالق حقیقی سے جا ملے ۔
سیم خان ، ایک ماہ سے زائد عرصے پہلے کراچی (پاکستان ) گئے ۔ امریکہ واپسی پر وہ شدید علیل ہو ئے ۔ بتایا گیا کہ پاکستان میں قیام کے دوران انہیں ڈینگی مرض لاحق ہوا جس کی وجہ سے وہ امریکہ واپسی پر شدید بیمار ہو گئے اور ہسپتال داخل ہو گئے ۔ ہسپتال میں انہیں ہر ممکن علاج فراہم کیا گیا اور ان کی زندگی بچانے کی ہر ممکن کوشش کی گئی لیکن سیم خان جانبر نہ ہو سکے اور 29مئی کو نیوجرسی کے ہسپتال میں انتقال کر گئے ۔
پاکستانی امریکن کمیونٹی کی معروف سماجی شخصیت اور ہسپتال میں سیم خان کی دیکھ بھال میں کلیدی کردار ادا کرنے والے ڈاکٹر زبیر نے بھی سیم خان کی موت کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ سیم خان مرحوم کی نماز جنازہ منگل تیس مئی کو نیوجرسی میں ادا کرنے کئے جانے کا امکان ہے ۔
سیم خان پاکستانی ہی نہیں بلکہ امریکی ریاست نیوجرسی کی ساؤتھ ایشین کمیونٹی کی بھی ہر دلعزیز شخصیت تھے ۔ان کی تنظیم ساؤتھ ایشین کمیونٹی آؤٹ ریچ ، نیوجرسی ٹرائی سٹیٹ ایریا میں پاکستانی اور ساؤتھ ایشین امریکن کمیونٹی کی ایک موثراور فعال نمائندہ تنظیم تھی ۔ اس تنظیم کے زیر اہتمام سیم خان گذشتہ پندرہ سے زائد سالوں سے سالانہ گالا ڈنر منعقد کرتے تھے جو کہ امریکہ میں ساو¿تھ ایشین کمیونٹی کا ایک بڑا بین العقائد اجتماع کی حیثیت رکھتا تھا ۔
سیم خان نے پاکستان تحریک انصاف میں شمولیت اختیار کرکے بھی سیاسی طور پر تحریک انصاف ( پی ٹی آئی)امریکہ میں بھی اپنی خوب دھاک بٹھائی۔ پارٹی الیکشن میں وہ تحریک انصاف امریکہ کے سیکرٹری جنرل منتخب ہوئے اور امریکہ میں پی ٹی آئی کو متحرک اور فعال بنانے میں مثالی کردارادا کیا۔
سیم خان کی جواں سال موت پر پاکستانی اور ساؤتھ ایشین امریکن کمیونٹی نہایت ہی غمگین اور سوگوار ہو گئے اور سیم خان کی موت کو ایک ناقابل تلافی نقصان قرار دیا ہے ۔
Sam Khan New Jersey