پاکستان

پوری قوم اور اوورسیز کمیونٹی عمران خان کے ساتھ کھڑی ہے، شہباز گل

شہباز گل کی نیویارک میں PTIنیویارک ، یوایس اے کے قائدین پرویز ریاض اور ضمیر احمد چوہدری کے زیر اہتمام پریس کانفرنس سے خطاب

اس موقع پر پی ٹی آئی قائدین امجد نواز، خورشید بھلی ، خاور بیگ ، رانا جاوید،شاہد رانجھا اور دیوان غلام مصطفی ، عامر اقبال ، وسیم وڑائچ، فاروق وڑائچ بھی موجود تھے

نیویارک (محسن ظہیر سے ) پاکستان تحریک انصاف کے رہنما شہباز گل نے 16مئی کو امریکہ سے پاکستان واپسی کا اعلان کردیا ہے۔ وہ نیویارک میں پاکستان تحریک انصاف نیویارک ، یوایس اے کے قائدین چوہدری پرویز ریاض اور ضمیر احمد چوہدری کے زیر اہتمام پریس کانفرنس سے خطاب کررہے تھے۔ اس موقع پر پی ٹی آئی یو ایس اے کے دیگر قائدین امجد نواز، خورشید احمد بھلی ، مرزا خاور بیگ ، رانا جاوید،شاہد رانجھا اور دیوان غلام مصطفی ، عامر اقبال ، وسیم وڑائچ، فاروق وڑائچ بھی موجود تھے۔

شہباز گل نے کہا کہ مجھے عدالت نے ایک ماہ کے لئے بیرون ملک جانے کی اجازت تھی۔ میں 17 اپریل کو امریکہ آیا تھا اور16 مئی کو عدالت سے اپنے وعدے کے مطابق پاکستان واپس جاو¿ں گا۔

 

شہباز گل کا کہنا تھا پوری قوم عمران خان کے ساتھ ہے اور جب تک عمران خان رہا نہیں ہو جاتے، ملک میں شفاف الیکشن نہیں ہوجاتے ، اس وقت تک ہم اور نہ ہی اوورسیز پاکستانی چین سے بیٹھیں گے۔

شہباز گل کا خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ جب بھی کوئی شخص عدالت میں پیش ہوتا ہے تو وہ خود کو عدالت کے تحفظ میںدے دیتا ہے ۔ نیب اور حکومت نے عدالت کے تحفظ میں موجود عمران خان کو گرفتار نہیں بلکہ اغواءکیا اور آئین اور قانون کی خلاف ورزی کے مرتکب ہوئے ہیں ۔عمران خان کی ٹانگ میں چار گولیاں لگی ہوئی ہیں، وہ قومی ہیرو ہیں، جس انداز میں انہیں عدالت میں گرفتار کیا گیا، ان کا گریبان پکڑا گیا، وہ قابل مذمت ہے ۔ عمران خان کے بعد پی ٹی آئی کے دیگر قائدین کی گرفتاریاں واضح کرتی ہیں کہ پارٹی کو نہ صرف انتخابات سے محروم رکھا جا رہا ہے بلکہ بدترین انتقام کا نشانہ بنایا جا رہا ہے ۔انہوں نے کہاکہ موجودہ حکومت سے عوام کو کسی قسم کے انصا ف کی توقع نہیں ہے ۔اس حکومت نے عوام کا جینا محال کر دیا ہے ۔

شہباز گل نے کہا کہ یہ بد قسمتی ہے کہ چیف جسٹس اسلام آباد نے عدالتی احاطے میں عمران خان کی گرفتاری کو قانونی قرار دے دیا ۔انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کے دشمن ہمیشہ اس کوشش میں رہے کہ پاکستان میں عوام اوراداروں میں فاصلے پیدا کئے جائیں ،محاذ آرائی پیدا کی جائے ۔ جو کام دشمن نہیں کر سکا ، اب پی ڈی ایم کی حکومت کررہی ہے اور دشمن کے عزائم کو کامیاب بنا رہی ہے ۔ہم سمجھتے ہیں کہ پی ٹی ائی اور عمران خان کے خلاف آپریشن ملک دشمن ایجنڈے پر عملدرامد ہے ۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ عمران خان کی گرفتاری کے بعد لاہور ، اسلام آباد، راولپنڈی سمیت دیگر شہروں میں جن لوگوں نے توڑ پھوڑ کی ، وہ پی ٹی آئی کے نہیں تھے ، ہو سکتا ہے کہ وہ نواز لیگ کے ارکان ہوں ۔ پی ٹی آئی ایک امن پسند اور قانون پسند جماعت ہے ۔

شہباز گل کا کہنا تھا کہ امریکہ میں ریپبلکن اور ڈیموکریٹ پارٹیوں کو بطور ایک سیاسی ادارے کو طور پر ٹریٹ کیا جاتا ہے ۔ مہذب جمہوریت میں سیاسی جماعتیں ایک ادارے ہوتے ہیں ۔ پاکستان میں تحریک انصاف بھی ایک ادارہ ہے ۔تحریک انصاف ، ملک کی واحد قومی سیاسی جماعت ہے۔ اس کے برعکس ن لیگ ، جاتی عمرہ کی جبکہ پیپلز پارٹی سندھ تک محدود پارٹی ہے ۔

شہباز گل نے کہا کہ فواد چوہدری کو ضمانت کے باوجود گرفتار کر لیا گیا ، اسد عمر ، شاہ محمو د قریشی سمیت دیگر قائدین کو بھی حراست میں لے لیا گیا ہے ۔ہمیں معلوم ہوا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کی پوری قیادت سمیت پارٹی کے کل 13ہزار ساتھیوں اور ارکان کو گرفتار کرنے کا منصوبہ بنا ہوا ہے ۔

مسلح افواج کے بارے بات کرتے ہوئے شہباز گل کا کہنا تھا کہ ہم نے اور تحریک انصاف نے ہمیشہ پاک فوج کا ساتھ دیا۔ ہم نے اپنے دور حکومت میں عالمی محاذ پر پاکستان کی مسلح افواج کا جس طرح تحفظ اور دفاع کیا ، اس کی وجہ سے عالمی سطح پر پی ٹی آئی کے لئے مشکلات پیدا کرنے کی کوششیں کی گئیں اور ہمارے خلاف جھوٹا پروپیگنڈا کیا گیا ، ہمیں ہدف بنایا گیا ۔

پی ٹی آئی کے رہنما نے کہا کہ پاکستان میں چند لوگ ملک کا بیڑہ غرق کرنے کی کوشش میں ہیں ، عمران خان تمام تر مشکلات کے باوجود صبر کررہے ہیں ۔ ان کا صبر کا امتحان نہ لیں ۔ عمران خان بہت کچھ کہہ سکتے ہیں، میرے پاس کہنے کو بہت کچھ ہے لیکن ہم ملک و قوم کے مفاد میں خاموش ہیں ۔ اس کے برعکس حکومت ہمارے لئے ملک میں ایک انچ بھی جگہ چھوڑنے کے لئے تیار نہیں ہے ۔

شہباز گل نے اپنی گرفتاری کا احوال بتاتے ہوئے کہا کہ گرفتاری کے بعد جب مجھ پرتشدد ہورہا تھا تو میں نے پوچھا کہ میرے ساتھ ایسا سلوک کیوں کررہے ہو؟کیا میں کوئی ہندوستانی جاسوس ہوں۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ عمران خان تک پارٹی کو رسائی نہیں دی جا رہی ، ان کے خلاف لوگوں کو تعلیم دینے کے لئے ایک یونیورسٹی بنانے کو جرم بنا کر ایک جھوٹا کیس درج کر دیا گیا ہے ۔ یونیورسٹی کوئی عمران خان یا ان کے خاندان کے کسی فرد کی ملکیت نہیں ، القادرئیہ یونیورسٹی میں سو فیصد مفت تعلیم دی جاتی ہے اور تعلیم بھی سیرت نبی ﷺ پر دی جاتی ہے ۔ اس یونیورسٹی کا نصاف دنیا کے ایک سو مستند اسلامی سکالرز نے مرتب کیا ہے ۔عمران خان کو یونیورسٹی کا ٹرسٹی بننے پر گرفتار کر لیا گیا ہے جبکہ دوسری جانب نیب نے گیارہ سو ارب کی کرپشن میں شہباز شریف اور حمزہ شہباز کر بری کر دیا ہے۔

شہباز گل نے کہا کہ عمران خان کے خلاف جعلی فر جرم عائد کرکے ان کو نا اہل قراردلوانے کا پلان بنا ہوا ہے ، اس پلان پر عملدرامد ہو رہا ہے۔ لیکن ہم بتا دیں کہ ہم اور پوری قوم عمران خان کے ساتھ کھڑی ہے ۔انہوں نے مزید کہا ہماری اطلاعات ہیں کہ عمران خان کی گرفتاری کے بعد پی ٹی آئی کے خلاف ہونیوالے آپریشن میں ہمارے 47ساتھیوں کو شہید کر دیا گیا ہے ، ان کی لاشیں نہیں دی جا رہیں اور حقائق کو عوام سے چھپانے کی کوشش ہے ۔

شہباز گل نے کہا کہ یہ عدالتوں کے لئے بھی آزمائش کا وقت ہے، عدالتیں انصاف کو یقینی بنائیں ، پی ٹی آئی کو انصاف نہ ملا تو عوام کا عدالتوں سے اعتماد اٹھ جائیگا۔عدالتیں ، پاکستانی عوام کے حقوق کو یقینی بنائیں ۔ ہم پاکستانی ہیں ، پاکستان ، ہمارے آباو¿ اجداد نے بنایا تھا۔ پی ٹی آئی کو نان سٹیٹ ایکٹر کے طور پر ٹریٹ نہ کیا جائے۔

ایک سوال کے جواب میں شہباز گل کا کہنا تھا کہ جب مجھے گرفتار کرکے عدالت میں پیش کیا گیا تھا تو عدالت میں پیش کرنے سے پہلے مجھے کوئی انجکشن دیا گیا تھا۔ اس انجکشن نے مجھے نیم پاگل بنا دیا تھا ۔ جو لوگ گرفتار کرتے ہیں ، وہ انجکشن لگا کر عدالتوں میں پیش کرتے ہیں تاکہ بندہ ہوش و حواس میں نہ رہے۔ وکلاءکو خدشہ ہے کہ عمران خان کو بھی انجکشن لگائے گئے ہوں گے تاکہ وہ ٹوٹ جائیں اور پھر پی ٹی آئی کو توڑنے کا منصوبہ کامیاب ہو سکے ۔

شہباز گل نے کہا کہ ہمیں عمران خان کی زندگی اور صحت کے بارے میں شدید تشویش ہے ۔ مقصود چپڑاسی سمیت بہت سے لوگوں کے بارے میں کہا جاتا ہے کہ انہیں سست اثر کرنے والا شہر دے کر مار دیا گیا ۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ عمران خان ایک نظرئیہ کا نام ہے ۔ مشکل ترین وقت میں سب عمران خان کے ساتھ ہیں اور ساتھ رہیں گے ۔ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ عمران خان کا نظرئیہ امن ہے ۔ عمران خان کا نظرئیہ ہے کہ پر امن رہیں لیکن خاموش نہ رہیں ۔ ہم ظالم کے آگے آواز بلند کریں ۔ ہم میں سے کوئی بھی عمران خان کے حکم کی خلاف ورزی نہیں کر سکتا۔ ہم امت محمدی ﷺ ہیںاور امن پر یقین رکھتے ہیں ۔پی ٹی آئی کو لٹھ بردارجماعت یا ملیشیا نہیں ہے ۔

شہباز گل کا کہنا تھا کہ ہمارے دور حکومت میں ہمیں بتایا جاتا تھا کہ ن لیگ اور پیپلز پارٹی کے فلاں فلاں لوگ کرپٹ ہیں ۔ جو لوگ ہمیں کرپٹ لوگوں کی نشاندہی کرتے تھے ، انہوں نے کسی ایک کرپٹ کے خلاف کبھی کوئی کاروائی نہیں کی بلکہ انہیں لا کر اقتدار کی مسند پر بٹھا دیا ہے ۔اس کے برعکس عمران خان پر غریبوں کے لئے یونیورسٹی بنانے کا ایک جھوٹا کیس بنا دیا ہے ۔

شہباز گل نے اشارے میں بات کرتے ہوئے کہا کہ جب ہم حکومت میں تھے تو در اصل ”ہماری حکومت“ بھی ”اُن“ کی حکومت تھی ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں ایک ”ایلیٹ “ کلاسہے جو کہ ملک کا سب سے بڑا مسلہ ہے ۔ میڈیا سمیت ہر ادارے میں ”ایلیٹ کلاس“ کے بندے بیٹھے ہوئے ہیں۔ وہ کسی کو ان کے ایجنڈے کے خلاف چلنے کی اجازت نہیں دیتے۔ کوئی اپنی مرضی کرنے لگتا ہے تو اس کے خلاف سب مل کر متحرک ہو جاتے ہیں ۔ ”ایلیٹ “ کلاس نے ہر شے کو اپنے کنٹرول میں لے رکھا ہے ۔جو کوئی ”ایلیٹ “ کلاس کے بارے میں بات کرے اس کو ”تُن “ کر رکھ دیتے ہیں ۔اس سلسلے میں بول ٹی اور اس کے مالک شعیب شیخ کا کیس ہی دیکھ لیں ۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہماری لڑائی کسی ایک شخص کے ساتھ نہیں بلکہ ان کے ساتھ ہے کہ جنہوں نے ہر شے کو اپنے کنٹرول میں لے رکھا ہے ۔ پاکستان میں جمہوریت کا ہر شے پر کنٹرول ہونا چاہئیے ۔
ایک سوال کے جواب میں شہباز گل نے کہا کہ سال 2018کے الیکشن میں ہمارے ساتھ کسی نے کسی کو شامل نہیں کروایا۔ جب پی ٹی آئی کی جیت سب کو یقینی نظر آئی تو سب پی ٹی آئی کی طرف بڑھے اور ہمارے ساتھ شامل ہوئے ۔ جس طرح عمران خان کو اللہ تعالیٰ کی ذات سال2018میں اقتدار میں لائی ، ویسے ہی آئندہ بھی عمران خان دوبارہ وزیر اعظم بنے گا۔انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ ، آزاد اتھارٹی ہے، سپریم عدالت ہے ، ہم سپریم کورٹ کے ساتھ کھڑے ہیں ۔

ایک سوال کے جواب میں شہباز گل نے کہا کہ میں نے انٹر نیٹ پر اپنے بارے میں کوئی شے چھپائی نہیں ہوئی ۔میری پیدائش سے لے کر پاکستان اور بیرون ممالک بشمول امریکہ میں میری اعلیٰ تعلیم کے بارے ہر مواد انٹر نیٹ پر موجود ہے ۔ امریکہ میں میرے ایک ریسرچ پیپر کے بارے میں جو بات کی جاتی ہے ، وہ میں نے اکیلے نہیں لکھا بلکہ میرے ساتھ اور بھی پروفیسر تھے جو کہ پاکستانی تھے اور آج بھی پاکستان میں موجود ہیں اور کام کررہے ہیں ۔ ہمارا ریسرچ پیپر دفاعی بجٹ اور قومی معیشت کے تعلق کے بارے میں تھا،ایسی ریسرچ ، ہر ملک کرتا ہے ۔ اس ریسرچ کے حوالے سے سٹڈی سال2013میں کوئی ۔ اس سٹڈی کوکسی نے سپانسر نہیں کیا۔ ایک سوال کے جواب میں شہباز گل نے کہا کہ پاکستان کا اصل مسلہ کرپشن ہے ، کرپشن ختم ہو جائے گی تو ملک کا ہر مسلہ حل ہو جائیگا۔

Urdu News USA, Imran Khan arrest, PTI, Urdu News Islamabad

 

Related Articles

Back to top button