تحریک انصاف سیالکوٹ کے رہنما دلاور بیگ لودھراں جیل سے رہا
لودھراں جیل سے رہائی کے بعد مرزا دلاور بیگ کا تحریک انصاف کے ساتھیوں اور ارکان نے پرتپاک استقبال کیا، انہیں پھولوں کے ہار پہنائے اور پارٹی کے لئے ان کی جدوجہد اور قربانی کو خراج تحسین پیش کیا
سیالکوٹ (احسن ظہیر سے ) پاکستان تحریک انصاف سیالکوٹ کے رہنما اور پی پی 135(تحصیل سیالکوٹ ) سے پی ٹی آئی کے سابق واحد ٹکٹ ہولڈر مرزا دلاور بیگ کو نو دن کی قید کے بعد لودھراں جیل سے رہا کر دیا گیا۔ مرزا دلاور بیگ نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی ) کے چئیرمین و سابق وزیر اعظم عمران خان کی جیل بھرو تحریک کی کال پر سیالکوٹ سے گرفتاری دی تھی۔ انہیں دفعہ تھری ایم پی او کے تحت گرفتار کرکے لودھراں جیل میں نظر بند کر دیا گیا تھا ۔
لودھراں جیل سے رہائی کے بعد مرزا دلاور بیگ کا تحریک انصاف کے ساتھیوں اور ارکان نے پرتپاک استقبال کیا، انہیں پھولوںکے ہار پہنائے اور پارٹی کے لئے ان کی جدوجہد اور قربانی کو خراج تحسین پیش کیا ۔ مرزا دلاور بیگ ساتھیوں اور پارٹی ارکان کے ساتھ ایک بڑے قافلے کی شکل میں سیالکوٹ پہنچے تو وہاں پر بھی ان کا پرتپاک استقبال کیا گیا ۔
مرزا دلاور بیگ نے رہائی کے بعد پارٹی ساتھیوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان کی ہر ایک کال پر ہمیشہ لبیک کہا اور ہمیشہ لبیک کہتے رہیں گے ۔انہوںنے کہا کہ عمران خان کی پاکستان میں منصفانہ اور شفاف الیکشن کی جدوجہد ہی پاکستا ن کے تمام مسائل کا حل ہے ۔دلاور بیگ نے کہا کہ پنجاب میں انتخابات کا اعلان ہو چکا ہے ۔ انشاءاللہ اس الیکشن میں اہالیان سیالکوٹ ثابت کر دیں گے کہ سیالکوٹ عمران خان اور تحریک انصاف کا قلعہ ہے ۔ اس الیکشن میں ن لیگ کے تمام برجوں کا الٹا دیں گے اور فتح عمران خان کی ہو گی ۔
امریکہ میں موجود دلاور بیگ کے حلقہ نیابت سے تعلق رکھنے والے اوورسیز پاکستانیوں اور اہالیان سیالکوٹ نے بھی مرزا دلاور بیگ کو رہائی کی مبارکباد دی ہے اور کہا ہے کہ وہ پی پی 135کے عوام اور عمران خان کی حقیقی آواز اور نمائندے ہیں ۔
مرزا دلاور بیگ کے بڑے بھائی مرزا خاور بیگ نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ مجھے اپنے بھائی دلاور بیگ کی سیاسی و عوامی خدمات پر فخر ہے ۔