تاج اکبر ،بہادر علی سمیت عوامی نیشنل پارٹی امریکہ اور خیبر سوسائٹی کے قائدین کا پشاور دھماکے کی شدید مذمت ، بلور خاندان کے ساتھ اظہار تعزیت
حکومت ایک بار پھر عوامی نیشنل پارٹی کی قائدین کے جان و مال کے تحفظ میں ناکام ہوئی ہے ۔تاج اکبر ،صدیق علی ، افسر علی ، بہادر شاہ،ڈاکٹر بشیر اور رحیم اللہ کا مشترکہ بیان
نیویارک (اردو نیوز ) عوامی نیشنل پارٹی امریکہ کے صدر تاج اکبر، سینئر وائس پریذیڈنٹ صدیق علی ،جنرل سیکرٹری افسر علی ،ڈاکٹر بشیر ،بہادر شاہ، رحیم اللہ نے پشاور کے شہر یکہ توت میں اے این پی کے جلسے میں ہونے والے دھماکےاور اس میں این اے 31 اور پی کے 78 کے امیدوار ہارون بلور سمیت بارہ افراد کی ہلاکتوں کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے ۔انہوں نے کہا کہ گذشتہ الیکشن میں بشیر احمد بلور شہید نے جان کی قربانی پیش کی اور موجودہ الیکشن میں ان کے بیٹے ہارون بلور کی شہادت کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے ۔انہوں نے کہا کہ ہم بلور خاندا ن کے ساتھ مکمل یکجہتی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہیں اور امریکہ میں بسنے والی کمیونٹی ان کے اس غم میں برابر کی شریک ہے ۔
تاج اکبر ،صدیق علی ، افسر علی ، بہادر شاہ،ڈاکٹر بشیر اور رحیم اللہ نے اپنے مشترکہ بیان میں مزید کہا کہ حکومت ایک بار پھر عوامی نیشنل پارٹی کی قائدین کے جان و مال کے تحفظ میں ناکام ہوئی ہے ۔اس نا قابل معافی غفلت اور حملے میں ملوث افراد کو قرار واقعی سزا دی جائے ۔
عوامی نیشنل پارٹی کے علاوہ امریکہ میں بسنے والی پاکستانی کمیونٹی کی اہم شخصیات اور ارکان نے بھی پشاور دھماکے کی شدید مذمت کی ہے اور سوگوار خاندانوں کے ساتھ تعزیت کا اظہار کیا ہے ۔
واضھ رہے کہ ہارون بلور کے یکہ توت میں انتخابی مہم کے دوران اسٹیج پر پہنچنے پر آتش بازی ہورہی تھی کہ بم دھماکا ہوا۔پولیس کے مطابق اے این پی اے کی انتخابی مہم کے دوران خودکش دھماکا ہوا،جس میں بارہ افراد ہلاک ہوئے اور متعدد زخمی ہوئے ۔پولیس نے دھماکے کی جگہ کو گھیرے میں لے کر شواہد جمع کرنا شروع کردیے ہیں۔ریسکیو ٹیموں نے جائے حادثہ پر پہنچ کے امدادی سرگرمیوں کا آغاز کردیا اور زخمیوں کو فوری طبی امداد کی فراہمی کے لیے قریبی اسپتال منتقل کرنا شروع کردیا ہے۔واضح رہے کہ ہارون بلور کے والد بشیر بلور 2012 میں قصہ خوانی بازار میں ہونے والے خودکش دھماکے میں شہید ہوگئے تھے۔