کراچی میں مائنس ایم کیو ایم بلدیاتی الیکشن
Who will be the next Mayor of Karachi? PPP, Jamat e Islami and PTI start negotiations
کراچی کے بلدیاتی الیکشن میں چونکہ کوئی بھی جماعت اکیلے مئیر بنانے کی پوزیشن میں نہیں ہے لہٰذا تین جماعتوں جماعت اسلامی ، پیپلز پارٹی اور پی ٹی آئی میں سے کسی دو کو آپس میں اتحاد بنانا ہوگا
کراچی ( احسن ظہیر سے ) پاکستان کے سب سے بڑے شہر کراچی میں ”مائنس ایم کیو ایم “ بلدیاتی الیکشن کا مرحلہ مکمل ہو گیا ہے، بیشتر نتائج سامنے آگئے ہیں اور کوئی بھی جماعت اکیلے مئیر کراچی بنانے کی پوزیشن میں نہیں ہے۔ بلدیاتی الیکشن کا ایم کیو ایم کی جانب سے از خود بائیکاٹ کیا گیا اور چونکہ پاک سر زمین پارٹی کے مصطفی کمال اور پارٹی کے سابق کنوینئر فاروق ستار بھی ایم کیو ایم میں شامل ہو گئے ہیں ، لہٰذا ان کی جانب سے بھی الیکشن میں حصہ نہیں لیا گیا ۔ کراچی کے بلدیاتی الیکشن میں جماعت اسلامی، پاکستان پیپلز پارٹی اور پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی ) کی جانب سے حصہ لیا گیا ، جماعت اسلامی اور پیپلز پارٹی دونوں دعویدار ہیں کہ انہیں بلدیاتی الیکشن میںاکثریت حاصل ہو ئی ہے ۔
کراچی کے بلدیاتی الیکشن میںچونکہ کوئی بھی جماعت اکیلے مئیر بنانے کی پوزیشن میں نہیں ہے لہٰذا تین جماعتوں جماعت اسلامی ، پیپلز پارٹی اور پی ٹی آئی میں سے کسی دو کو آپس میں اتحاد بنانا ہوگا۔ اس سلسلے میں تینوں جماعتوں کے قائدین کے آپس میں رابطے اور مذاکرات جاری ہیں اور امکان ہے کہ آنیوالے دنوں میں اس اہم ترین سوال کا جواب مل جائیگا کہ کون بنے گا کراچی کا مئیر ؟
کراچی میں بلدیاتی انتخابات کے بعد میئر کراچی کیلئے سعید غنی اور حافظ نعیم الرحمان کے درمیان ملاقات ہوئی ہے ۔جماعت اسلامی نے کہا کہ میئر سے پہلے نتائج تبدیل کیے جانے پر بات کی جائے، آر اوز اور ڈی آر اوز صورتحال خراب کر رہے ہیں۔حافظ نعیم الرحمان کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی کی قیادت سے فون پر بات ہوئی، براہ راست ملاقات نہیں ہوئی لیکن براہ راست ملاقات جلد متوقع ہے۔
دوسری جانب ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما وسیم اختر نے کہا ہے کہ بلدیاتی الیکشن میں پیپلز پارٹی کا پھر سے اصل چہرہ سامنے آیا ہے، چیٹنگ کر کے کامیابی حاصل کی۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وسیم اختر نے کہا کہ پورا شہر کراچی، حیدر آباد اس الیکشن کو مسترد کرتا ہے، غلط حلقہ بندیوں کے باوجود عوام نے پیپلز پارٹی کو مسترد کیا، پیپلز پارٹی نے پری پول رگنگ کرائی، جماعت اسلامی کو بہت سمجھانے کی کوشش کی اب سمجھ آجانی چاہیے، ہم نے جماعت اسلامی کو کہا تھا پہلے حلقہ بندیاں درست کرا لیں۔
وسیم اختر نے بلدیاتی الیکشن کے خلاف عدالت جانے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ سپریم کورٹ کے چیف جسٹس صاحب سے درخواست کروں گا سوموٹونوٹس لیں، خدا کا واسطہ ہے الیکشن کمیشن میں کوئی صلاحیت والے لوگ رکھے جائیں، دنیا بلدیاتی انتخابات کا مذاق اڑا رہی ہے، جس کا خدشہ تھا وہ پندرہ جنوری کو سب کچھ سامنے آگیا، سب نے دیکھا لوگوں نے سڑکوں پر ٹھپے لگائے۔
ایم کیو ایم کے رہنما نے کہا کہ حکومت نے ڈھائی سال بعد بھونڈا الیکشن کرایا، کراچی اور حیدر آباد کے الیکشن کو دھبے کے طور پر یاد رکھا جائے گا، الیکشن نتائج میں تاخیر کی گئی، الیکشن کمیشن نے بلدیاتی الیکشن ایسا کرایا تو عام انتخابات کیسا ہو گا؟، بیلٹ پیپر کو لوگ گلی، سڑکوں پر لیکر گھوم رہے تھے، سب نے دیکھا لوگ گلی، محلوں میں مہریں لگا رہے تھے۔