سانحہ 911کی برسی ، مئیر ایرک ایڈمز کی خصوصی شرکت
نائن الیون کی برسی کے موقع پر خاموشی اختیار کی گئی اور اس سانحہ میں جاں بحق ہونیوالے افراد کے لواحقین کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا گیا
نیویارک کی پاکستانی امریکن کمیونٹی کی جانب سے حسب روایت اس سال بھی سانحہ نائن الیون کی برسی کے موقع پر خصوصی تقریب منعقد کی گئی جس میں نیویارک سٹی کے مئیر ایرک ایڈمز سمیت اعلیٰ منتخب قائدین ، پولیس اور سٹی انتظامیہ کے حکام نے شرکت کی ۔
پاکستانی امریکن کمیونٹی کی ایک اہم و نمائندہ تنظیم ”پاکستانی امریکن یوتھ سوسائٹی “(PAYS) کے زیر اہتمام کونی آئی لینڈ ایونیو جو کہ نیویارک میں ”لٹل پاکستان“ کے نام سے بھی جانا جاتا ہے ، پر ”نائن الیون “ کی برسی کی خصوصی تقریب منعقد ہوئی ۔پاکستانی امریکن یوتھ سوسائٹی کے احسن چغتائی، کاشف حسین ، زنیرا چغتائی سمیت ساتھیوں کے زیر اہتمام منعقدہ تقریب میں نائن الیون کی برسی کے موقع پر خاموشی اختیار کی گئی اور اس سانحہ میں جاں بحق ہونیوالے افراد کے لواحقین کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا گیا ۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے نیویارک کے مئیر ایرک ایڈمز کا کہنا تھا کہ نائن الیون کو جو ہوا ، اسے یاد رکھنا ضروری ہے لیکن نائن الیون کے بعد اگلے روز اور پھر مسلسل ہم سب نے ملکر جس طرح چیلنجوں کا سامنا کیا ، اسے بھی ہمیشہ پیش نظر رکھنا چاہئیے ۔
تقریب سے نیویارک سٹیٹ کے ارکان اسمبلی ، نیویارک کے پبلک ایڈوکیٹ ، بروکلین ڈسٹرکٹ اٹارنی، نیویارک سٹی کونسل ممبرز اور نیویارک پولیس کے اعلیٰ کی جانب سے پاکستانی امریکن کمیونٹی کی خدمات کو شاندار الفاظ میں سراہا گیا۔ اُن کا کہنا تھا کہ نیویارک سے دنیا بھر کے امیگرنٹس آکر آباد ہوئے ۔ نیویارک کی ”ڈائیورسٹی“ (Diversity) ہماری طاقت ہے ۔ ہمیں کسی کی وہ سے آپس میں تقسیم نہیں ہونا بلکہ اپنے اتحاد کو اپنی طاقت بنانا ہے ۔
پاکستانی امریکن یوتھ سوسائٹی کی زونیرا چغتائی اور کاشف حسین کا کہنا تھا کہ آج ہم جہاں سانحہ نائن الیون میں جاں بحق ہونیوالے شہریوںکو یاد کررہے ہیں ، وہاں نیویارک پولیس ، فائر ڈیپارٹمنٹ اور ایمرجنسی میڈیکل سروسز کے ان ہیروز کو بھی یاد کررہے ہیں کہ جنہوںنے اپنی جانوں کی قربانی دے کر اور اپنی جانوں کی بازی لگا کر ، نائن الیون والے دن بے مثال کردار ادا کیا۔
پاکستانی امریکن یوتھ سوسائٹی کی تقریب میں مسلم اور پاکستانی امریکن کمیونٹی کے امریکی قانون نافذ کرنےو الے اداروں سمیت دیگر اداروں میں نمایاں اور قابل قدر کردار ادا کرنے والے حکام اور آفیسرز کی خدمات کا بھی اعتراف کیا گیا اور انہیں خصوصی ایوارڈز پیش کئے گئے
PAYS, 911 anniversary 2022