جارج بش کا بل کلنٹن سے ملنے کا انوکھا انداز
نیویارک (محسن ظہیر سے ) امریکہ کے دو سابق صدور جارج بش سینئر اور بل کلنٹن میں انوکھی ملاقات ہوئی ۔ صدر کلنٹن اپنی کتاب ”دی پریذیڈنٹ از مسنگ“ جو کہ انہوں نے معروف مصنف جیمز پیٹرسن کے ساتھ ملکر لکھی ،کے سلسلے میں امریکی ریاست مین کے دورے ہر تھے۔ اس دورے کے دوران وہ جب جارج بش سینئر سے ملنے گئے تو بش سینئر نے نیلے اور کالے رنگ کی جرابیں پہنی ہوئی تھیں جن پر صدر کلنٹن کی تصویر شائع ہوئی تھی ۔
صدر کلنٹن نے صدر بش سینئر کی پینٹ کے پائنچہ کو اوپر کرکے ان کی جرابیں دیکھیں ، خوش آمدید کہنے کے اس منفر د انداز کو سراہا اور بش سینئر اور ان کی جرابوں کے ساتھ تصویر بھی بنائی جو کہ انٹر نیٹ پر وائرل ہو گئی ہے ۔ملاقات کے حوالے سے جارج بش نے اپنے ٹویٹر پیغام میں لکھا کہ مجھے اپنے عظیم دوست کے ساتھ ملاقات کرکے بہت خوشی ہوئی ہے جو کہ اب ایک بہترین مصنف بھی بن گیا ہے ۔
جارج بش سینئر کی عمر94جبکہ بل کلنٹن کی عمر71سال ہے ۔ دونوں ریٹائر زندگی بسر کررہے ہیں ۔واضح رہے کہ بل کلنٹن جن کا تعلق ڈیموکریٹ پارٹی سے ہے ، نے 1992میں جارج بش سینئر کو صدارتی الیکشن میں شکست دی تھی۔ماضی کے سیاسی حریف اب خود کو ایک دوسرے کا بہترین دوست قرار دیتے ہیں ۔