نیویارک میں کورونا وبا کی وجہ سے تین سال کے وقفے کے بعد منعقد کی جانیوالی پاکستان ڈے پریڈ کو پاکستان میں متاثرین سیلاب سے یکجہتی کی پریڈ میں تبدیل کر دیا گیا، اہم شخصیات کی شرکت
پریڈ میں یو ایس سینیٹر چارلس شومر، نیویارک سٹی کے مئیر ایرک ایڈمز، پبلک ایڈوکیٹ جمانی ولیمز، ڈپٹی پولیس کمشنر،رمیش کمار،پاکستان کے سفیر مسعود احمد خان اور قونصل جنرل عائشہ علی نے خصوصی شرکت کی
پاکستان ڈے پریڈ کی قیادت چئیرمین ڈاکٹر حق، پریذیڈنٹ سید حمیم شاہ ، جنرل سیکرٹری ملک عباس، جوائنٹ سیکرٹری افتخار بٹ ، فنانس سیکرٹری اسد چوہدری ، منیر لودھی ، قاسم مجید باجوہ ، احمد جان ، ہارون رامے ،احمد خان ،شازیہ وٹو، پرویز صدیقی ، ڈاکٹر فرحت صبا، مرزا خاور بیگ ، وسیم سید، مظفر بھٹہ ، تنویر چوہدری اور عائشہ باری نے کی ۔ اس سال پاکستان ڈے پریڈ کے گرینڈ مارشل کمیونٹی کی معروف سماجی شخصیت ڈاکٹر پرویز اقبال تھے
نیویارک (اردونیوز ) نیویارک سٹی کے مصروف ترین علاقے میڈیسن ایونیو پر پاکستان کے 75ویں یوم آزادی اور آزادی کی ڈائمنڈ جوبلی کے سلسلے میں حسب روایت اس سال عظیم الشان پاکستان ڈے پریڈ نکالی گئی۔پریڈ میں پاکستانی امریکن کمیونٹی کے ارکان بڑی تعداد میں قومی لباس، ہاتھوں میں سبز ہلالی پرچم تھامے شریک ہوئے اور نیویارک سٹی کی فضاءپاکستان زندہ آباد کے نعروں سے مسلسل گونجتی رہی ۔نیویارک میں کورونا وبا کی وجہ سے تین سال کے وقفے کے بعد منعقد کی جانیوالی پاکستان ڈے پریڈ کو پاکستان میں متاثرین سیلاب سے یکجہتی کی پریڈ میں تبدیل کر دیا گیا ۔
پاکستان ڈے پریڈ میں ڈیموکریٹک پارٹی کے سینئر رہنما اور امریکی سینٹ میں اکثریتی لیڈر سینیٹر چارلس شومر، نیویارک سٹی کے مئیر ایرک ایڈمز، نیویارک سٹی پبلک ایڈوکیٹ جمانی ولیمز، نیویارک پولیس ڈیپارٹمنٹ کی ڈپٹی پولیس کمشنر سمیت اہم شخصیات کے علاوہ رکن قومی اسمبلی رمیش کمار،واشنگٹن ڈی سی میں پاکستان کے سفیر مسعود احمد خان اور قونصل جنرل نیویارک عائشہ علی نے خصوصی شرکت کی ۔امریکی قائدین کی جانب سے پاکستانی کمیونٹی کو یوم آزادی پاکستان کی مبارکباد دی گئی ،کمیونٹی کی خدمات کو سراہا گیا اور پاک امریکہ تعلقات کے فروغ میں کردار ادا کرنے کا عزم کیا گیا ۔
نیویارک سٹی کہ جہاں کورونا وبا کی وجہ سے گذشتہ تین سال تک سٹی گورنمنٹ کی جانب سے عائد پابندیوں کی وجہ سے پریڈ منعقد نہیں ہو سکی تھی ، میں اس سال پاکستان کی سالانہ پریڈ کا سلسلہ بحال ہو گیا ۔پاکستان ڈے پریڈ کی قیادت چئیرمین ڈاکٹر حق، پریذیڈنٹ سید حمیم شاہ ، جنرل سیکرٹری ملک عباس، جوائنٹ سیکرٹری افتخار بٹ ، فنانس سیکرٹری اسد چوہدری ، منیر لودھی ، قاسم مجید باجوہ ، احمد جان ، ہارون رامے ،احمد خان ،شازیہ وٹو، پرویز صدیقی ، ڈاکٹر فرحت صبا، مرزا خاور بیگ ، وسیم سید، مظفر بھٹہ ، تنویر چوہدری اور عائشہ باری نے کی ۔ اس سال پاکستان ڈے پریڈ کے گرینڈ مارشل کمیونٹی کی معروف سماجی شخصیت ڈاکٹر پرویز اقبال تھے ۔
پریڈ میں پاکستانی امریکن کمیونٹی کی مختلف اہم سماجی تنظیموں ، شخصیات اور کاروبار ی اداروں کی جانب سے فلوٹس بھی شامل کئے گئے تھے جن پر پاکستان کی تاریخ ، ثقافت اور کلچر کی خوبصورتی سے عکاسی کی گئی تھی جبکہ ان فلوٹس پر سوار ، کمیونٹی ارکان مسلسل پاکستان زندہ آباد کے نعرے لگاتے رہے اور فلوٹس سے قومی نغمے گونجتے رہے ۔یہ فلوٹس 38سٹریٹ سے چلتے ہوئے 26سٹریٹ تک آئے اور امریکی عوام اور راہ گیروں کی مسلسل توجہ کا مرکز بنے رہے ۔
پاکستان ڈے پریڈ میں نیویارک پولیس ڈیپارٹمنٹ کے بینڈ کے علاوہ مختلف بینڈز اور نیویارک پولیس ڈیپارٹمنٹ میں فرائض ادا کرنےو الے پاکستانی امریکن پولیس آفیسرز پر مشتمل خصوصی دستے نے بھی خصوصی شرکت کی اور پریڈ میں کمیونٹی کے ساتھ ساتھ مارچ کیا جبکہ بینڈ کی دھنیں ، میڈیسن ایونیو سمیت نیویارک سٹی کے شہریوں کو جشن آزادی پاکستان کی اس تقریب کی جانب توجہ مبذول کرواتے رہے ۔
سینیٹر چارلس شومر نے پاکستانی کمیونٹی کو جشن آزادی پاکستان کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ پاکستانی امریکن کمیونٹی کی خدمات قابل ستائش ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ وہ پاکستانی کمیونٹی اور پاکستانی عوام کو یوم آزادی پاکستان کی مبارکباد دیتے ہیں ۔
نیویارک سٹی کے مئیر ایرک ایڈمز کا کہنا تھا کہ امریکہ میں ہم ایک دوسرے کے دکھ درد میں شامل ہوتے ہیں ۔امریکہ میں بسنے والی پاکستانی امریکن کمیونٹی کے پاکستان میں سیلاب کی تباہ کاریوں کے غم میں ہم برابر کے شریک ہیں اور اس اہم موقع پر ہمیں متاثر ہ کمیونٹی کی ہر ممکن مد د کرنی چاہئیے ، یہی اعلیٰ امریکی اقدار ہیں جو کہ ہمیں ممتاز بناتی ہیں۔
امریکہ میں پاکستان کے سفیر سردار مسعود خان کا کہنا تھا کہ پاکستان کے یوم آزادی کی ڈائمنڈ جوبلی کا موقع ہمارے لئے مسرت اور اعزاز کا باعث ہے تاہم ہم پاکستان کے متاثرین سیلاب کے دکھ درد میں شریک ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ، امریکہ اور اقوام متحدہ سمیت عالمی برادری کا مشکور ہے کہ جو اس مشکل وقت میں ہماری مدد کررہا ہے ۔ سفیر مسعود خان نے کہا کہ پاکستانی امریکن کمیونٹی بھی اس آزمائش کے موقع پر اپنے ہم وطنو کی مدد کررہی ہے ، کمیونٹی اپنی مدد کے سلسلے کو ہر ممکن سطح پر آگے بڑھائے ۔
پاکستان ڈے پریڈ کے گرینڈ مارشل ڈاکٹر پرویز اقبال نے کہا کہ نیویارک سٹی میں یوم پاکستان کے فلیگ شپ ایونٹ میں گرینڈ مارشل بننا ، ایک اعزاز کی بات ہے ۔انہوں نے کہا کہ زندہ قومیں اپنا یوم آزادی جو ش و خروش سے مناتی ہیں ، جیسا کہ آج ہم نیویارک سٹی میں منا رہے ہیں ۔
پریڈ میں پاکستانی امریکن کمیونٹی کی مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی اہم شخصیات کو ان کی خدمات کے اعتراف کے طور پر ایوارڈز پیش کئے گئے ۔
پاکستان ڈے پریڈ میں اس سال شریک ہونے والے خوش قسمت کمیونٹی ارکان میں عمرے کے پانچ ٹکٹ تقسیم کئے گئے ۔ اپنا کمیونٹی سنٹر ، شازیہ وٹو سمیت دیگر کمیونٹی تنظیموں اور شخصیات کی جانب سے عطیہ جانیوالے عمرے کے ٹکٹ ریفل کے ذریعے تقسیم کئے گئے ۔
پریڈ میں پاکستان کے معروف فنکاروں حمیرا ارشد، نعیم عباس روفی اور سعدئیہ ملک سمیت دیگر نے اپنے فن کا مظاہرہ کیا اور قومی نغموں سے حاضرین کو خوب محظوظ کیا ۔ ان کی جانب سے گائے جانیوالے قومی نغموں پر پریڈ میں شریک کمیونٹی ارکان جھوم اٹھے اور پاکستان کے حق میں نعرہ بازی کرتے رہے ۔
Pakistan Day Parade New York