جشن آزادی گولڈن جوبلی ،بروکلین میلہ ، مئیر ایرک ایڈمز کی شرکت
چئیرمین راجہ ساجد کی قیادت میں جشن آزادی پاکستان کے سلسلے میں پاکستانی امریکن کمیونٹی کے گڑھ کونی آئی لینڈ ایونیو ، بروکلین جسے لٹل پاکستان بھی کہا جاتا ہے ، پر عظیم الشان بروکلین میلہ منعقد ہوا
نیویارک (اردو نیوز ) جشن آزادی پاکستان کے سلسلے میں نیویارک میں پاکستانی امریکن کمیونٹی کے گڑھ کونی آئی لینڈ ایونیو ، بروکلین جسے لٹل پاکستان بھی کہا جاتا ہے ، پر عظیم الشان بروکلین میلہ منعقد ہوا۔ چئیرمین بروکلین میلہ کمیٹی راجہ ساجد کی قیادت میں ہونیوالے اس میلے کے انعقاد میں بروکلین میلہ کے صدر رانا سعید، جنرل سیکرٹری ظفر اقبال آف میر پور ، آزاد کشمیر ، مرچنٹس ایسوسی ایشن کے جاوید خان، عزیز بٹ،چوہدری پرویز اختر اور کونسل آف پیپلز آرگنائزیشن کے محمد رضوی سمیت ساتھیوں نے کلیدی کردار ادا کیا ۔پاکستان کے75ویں یوم آزادی کے حوالے سے پاکستان کی ڈائمنڈ جوبلی کے موقع پر ہونیوالے بروکلین میلہ میں پاکستانی امریکن کمیونٹی کے ہزاروں ارکان ، بزرگوں ، خواتین ، بچوں اور جوانوں نے شرکت کرکے روایتی جوش و خروش سے یوم آزادی پاکستان منایا ۔
اس موقع پر کونی آئی لینڈ کی فضاءمسلسل پاکستان زندہ آباد کے نعروں سے گونجتی رہی۔ نیویارک سٹی کے مئیر ایرک ایڈمز بھی اچانک بروکلین میلہ میں پہنچ گئے اور انہوں نے پاکستانی امریکن کمیونٹی کو جشن آزادی پاکستان کی مبارکباد دیتے ہوئے پاکستانی امریکن کمیونٹی کی خدمات کو شاندار الفاظ میں خراج تحسین پیش کیا ۔میلے میںکانگریس وومین ایوٹ کلارک کے علاوہ نیویارک کے پبلک ایڈوکیٹ جمانی ولیمز، ارکان کونسل ریٹا جوزف، فرح لوئس، ایری کیگن سمیت دیگر منتخب قائدین نے بھی بڑی تعداد میں شرکت کی اور پاکستانی کمیونٹی کو یوم آزادی پاکستان کی مبارکباد دی ۔
بروکلین میلے میں چئیرمین راجہ ساجد علی روایتی انداز میں دھوم دھام سے ڈھول ، بھنگڑوں اور بینڈز کے ساتھ شامل ہوئے تو میلے کی رونق کو چارچاند لگ گئے اور میلے میں شریک کمیونٹی ارکان سبز ہلالی پرچم فضاءمیں لہراتے ہوئے خوشی سے جھوم اٹھے ۔میلے کی نظامت کے فرائض صدر رانا سعید نے ادا کئے جبکہ دیگر عہدیداران راجہ ساجد،ظفر اقبال ، جاوید خان، عزیز بٹ ، محمد رضوی اور چوہدری پرویز اختر سمیت دیگر نے کہا کہ لٹل پاکستان سے پاکستان کے بائیس کروڑ عوام کو جشن آزادی کی مبارکباد پیش کرتے ہیں ۔تلاوت چوہدری پرویز اختر نے کی جبکہ اصغر چشتی ، رانا اخلا ق اور غلام عباس نے ہدئیہ نعت اور منقبت پیش کیں۔
میلے میں پاکستان کے نامور فنکاروں نرمل شاہ ، ملائکہ فیصل ، نعمان خالد اور لائبہ علی نے اپنے فن کا مظاہرہ کرکے خوب داد وصول کی اور ان کی جانب سے گائے جانیوالے قومی نغموں پر میلے میں شریک کمیونٹی ارکان خوشی سے جھوم اٹھے اور پاکستان زندہ آباد کے فلک شگاف نعرے لگاتے رہے ۔میلے میں سٹی اور پولیس حکام سمیت کمیونٹی کی اہم شخصیات کو ایوارڈز پیش کئے گئے ۔