پروفیسر سید محمد ہاشم”سہ ماہی ورثہ نیو یارک” کے سرپرستِ اعلیٰ مقرر
اس سے قبل پروفیسر گوپی چند نارنگ ” سہ ماہی ورثہ نیو یارک“کے سر پرستِ اعلیٰ تھے، ان کے انتقال کے بعدپروفیسر سید محمد ہاشم کا تقرر کیا گیا ہے
نیویارک (اردونیوز ) سابق ڈین، فیکلٹی آف آرٹس،علی گڑھ مسلم یونیورسٹی، سینٹر آف ایڈوانسڈ اسٹڈی، شعبہ اردوکے کو آرڈینیٹر اورڈائریکٹراردو اکادمی(اے ایم یو) پروفیسرسید محمد ہاشم تاحال علی گڑھ سے شائع ہونے والے ادبی و تحقیقی سہ ماہی مجلہ فکرونظر کے مدیر بھی ہیں۔ پروفیسر سیدمحمد ہاشم کو اردو مرکز نیو یارک کی جانب سے شائع ہونے والے دنیاے اردو کے پہلے عالمی ادبی جریدے”سہ ماہی ورثہ نیو یارک”کا سر پرست اعلیٰ مقرر کردیا گیا ہے۔اس سے قبل پروفیسر گوپی چند نارنگ اس عالمی ادبی جریدے کے سر پرستِ اعلیٰ تھے ا±ن کے انتقال کے بعدان کا تقرر کیا گیا ہے۔
پرو فیسرسید محمد ہاشم ماہر اقبالیات ،تحقیق و تدوین کے اساطین میں ان کا شمار ہوتا ہے۔ ان کی کئی اہم کتابیں شائع ہو کر مقبول عام ہو چکی ہیں۔اسی طرح شعبہ اردو کے تحت ان کی نگرانی میں آٹھ اہم اور وقیع کتابیں بھی شائع ہوچکی ہیں۔
قومی اور بین الاقوامی سطح پر ہونے والے سیمیناروں میں شرکت کر چکے ہیں،اسی طرح اب تک ساٹھ سے زائد مقالات بھی قومی و بین الا اقوامی سطح پر شائع ہو چکے ہیں۔ گرانقدر خدمات کی بنا پر انھیں ملک کی متعدد ریاستی اردو اکادمیوں نے ایوارڈ سے بھی نوازا ہے۔پروفیسر سید محمد ہاشم کی نگرانی میں اب تک ۳۳پی ایچ ڈی کی ڈگریاں بھی تفویض کی جا چکی ہیں۔دو طلبا نے ان کی نگرانی میں ایم فل کے مقالے لکھ کر ڈگری حاصل کی ہے۔انہوں نے اردو اور فارسی میں نہ صرف ماسٹرس کیا ہے بلکہ ان دونوں زبانوں میں پی ایچ ڈی بھی کی ہے۔اردو میں ان کو پی ایچ ڈی کی ڈگری 1982میں حاصل ہوئی جبکہ فارسی میں 2020میں جاوید نامہ کا تنقیدی مطالعہ کے موضوع پر پی ایچ ڈی کی ڈگری تفویض کی گئی۔
اردو مرکز نیو یارک اور سہ ماہی ورثہ نیو یارک کی انتظامیہ مدیراعلی و اراکین سید محمد ہاشم صاحب کی بحیثیت سرپرست اعلیٰ تقرری پر تہہ دل سےان کا خیر مقدم کرتے ہیں-اور امید کرتے ہیں کہ آپ کی سرپرستی میں اردو ادب کا یہ عالمی جریدہ اردو ادب و ثقافت کے ترجمان کی صورت میں مزید ترقی اور مقبولیت حاصل کرے گا۔
اہم و تازہ خبروں کے لئے پڑھتے رہیں ۔ Urdu News USA ۔ اردو نیوز یو ایس اے