گورنر نیویارک کے الیکشن میں کتنے لوگ ووٹ ڈالیں گے ؟ ٹام شوازی نے بتادیا
پرائمری الیکشن میں 8لاکھ ووٹ ڈالے جانے کا امکان ہے ، اینڈریو کومو گورنر دوڑ میں شامل نہیں ہوں گے ، ایرک ایڈمز کو شروع میں سپورٹ کیا، ٹام شوازی
گورنر نیویارک کے ڈیموکریٹک پرائمری الیکشن میں امیدوار کانگریس مین ٹام شوازی کی نیویارک کے ایتھنک میڈیا سے زوم پر پریس کانفرنس ، اہم سوالات کے اہم جوبات جانیں
نیویارک (محسن ظہیر سے ) گورنرنیویارک کے لئے 28جون کو ہونیوالے ڈیموکریٹک پرائمری الیکشن میں امیدوار کانگریس مین ٹام شوازی نے گورنر الیکشن کے حوالے سے پانچ اہم ایسے سوالات کہ جن کا ہر کوئی جواب جاننا چاہتا ہے یا پانچ اہم باتیں جو کہ الیکشن کے حوالے سے نیویارکرز میں زیر بحث ہیں ، کے تفصیلی جوابات دئیے ہیں ۔
Video
نیویارک کے ایتھنک میڈیا سے زوم پر ہونیوالی پریس کانفرنس میں اردو نیوز کے ایڈیٹر محسن ظہیر کی جانب سے پانچ اہم سوالات پوچھے گئے ۔ سوالات اور جوابات درج ذیل ہیں
سوال؛ بعض لوگ یہ کہتے ہیں کہ ہو سکتا ہے کہ سابق گورنر اینڈریو کومو پرائمری الیکشن نہیں لیکن جنرل الیکشن کے موقع پر گورنر کی دوڑ میں شامل ہو جائیں ۔آپ کیا کہتے ہیں ؟
ٹام شوازی : گورنر اینڈریو کومو اب گورنر کی دوڑ میں شامل نہیں ہو سکتے ۔انہوں نے دیر کر دی ہے اور ڈیڈ لائن مس کر دی ہے ۔میں نہیں سمجھتا کہ اینڈریو کومو ، ہارنے کے لئے الیکشن لڑنے کا رسک لیں گے ۔ہو سکتا ہے کہ وہ صدارتی الیکشن کے موقع پر طبع آزمائی کے لئے کوشش کریں۔
سوال ؛ آپ نے نیویارک کے مئیر ایرک ایڈمز کو مئیر الیکشن میں سپورٹ کیا لیکن انہوں نے آپ کی حریف کیتھی ہوکل کی تائید کر دی ۔ کیا مئیر ایڈمز کے فیصلے سے مایوسی ہوئی ؟
ٹام شوازی : میں نے ایرک ایڈمز کی شروع سے سپورٹ کی ۔ ان کے لئے فنڈ ریزنگ کی ۔جہاں تک مایوسی کے حوالے سے سوال ہے تو یہ کہوں گا کہ سیاست میں ایک کہاوت ہے کہ اگر سیاست میں وفاداری حاصل کرنی ہے تو دوستی کی بجائے ، کتا پال لیں ۔ سیاست میں ہر کوئی اپنی سیاست کرتا ہے ۔
سوال : گورنر الیکشن میں ایک ہفتہ رہ گیا ہے ، لوگ پوچھتے ہیں کہ ٹام شوازی ، اپنی حریف کیتھی ہوکل کی پولز میں برتری کے چیلنج سے نمٹیں گے ؟
ٹام شوازی : انتخابی پولز ، رائے عامہ کی عکاسی نہیں کر تے ۔ کیتھی ہوکل کے بارے میں لوگ پرجوش نہیں ہیں ۔ ان کے پروگرامو ں سے عام لوگوں کو کوئی خاص سروکار نہیں ہے ۔اس لئے الیکشن میں فیصلہ پولز نہیں ووٹ اور ایشوز کریں گے ۔ گورنر کے گذشتہ پرائمری الیکشن میں 14لاکھ لوگوں نے ووٹ ڈالا ۔مجھے خدشہ ہے کہ اس سال ووٹوں کی شرح بہت کم ہو گی ۔ میرا اندازہ ہے کہ 28جون کو آٹھ لاکھ نیویارکرز پرائمری میں ووٹ ڈالیں گے ۔اس صورتحال کے تناظر میںایتھنک اور امیگرنٹ کمیونٹیز کے ووٹ بہت اہمیت کے حامل ہیں۔ امیگرنٹ اور ایتھنک کیونٹیز کو بھی اب احساس ہے کہ ڈیموکریٹک پارٹی سے ایسی قیادت سامنے آنی چاہئیے کہ جو پبلک سیفٹی ، جرائم اور تعلیم سمیت روز گار کے مواقع کے بارے میں ان کی توقعات پر بھی پورا اترے ۔ وہ قیادت نیویارک کو صرف میں ہی فراہم کر سکتا ہوں ۔
سوال : ایک عام تاثر یہ بھی ہے کہ ڈیموکریٹک ایسٹبلشمنٹ چاہتی ہے کہ کیتھی ہوکل ہر قیمت پر کامیاب ہو اور وہ در پردہ پرئمری الیکشن میں اسے سپورٹ کررہے ہیں ۔کیا یہ تاثر درست ہے ؟
ٹام شوازی : میں یونین ممبرز ، لیڈرز، منتخب قائدین اور پارٹی قائدین سے باتیں کر تا رہتا ہوں ۔میں کہتا ہوں کہ کیتھی ہوکل کی ایک سال میں کیا کارکردگی رہی ۔اس نے عام نیویارکرز کے لئے کچھ نہیں کیا ۔ میں پرا عتماد ہوں کہ لوگ ایشوز پر مجھے ووٹ دیں گے اور سپورٹ کریں گے ۔
قبل ازیں ایک سوال کے جواب میںٹام شوازی نے کہا کہ میں ”ہمارا شہر ، ہمارا ووٹ “ پروگرام کا حامی نہیں ہوں ۔ میں اس کو سپورٹ نہیں کرتا ۔ میرے خیال میں ووٹ کا حق ، امریکی شہریوں کو ہونا چاہئیے ۔
سب وے کرائم کے بارے میں ایک سوال کے جواب میں ٹام شوازی کا کہنا تھا کہ ہم سب کو سب وے کرائم کے بارے میں بہت تشویش ہے۔ میں سمجھتا ہوں کہ سب وے میں پولیس کی تعیناتی کے نظام کو بحال کرکے پبلک سیفٹی کو یقینی بنانا ہوگا۔
امیگریشن کے بارے ایک سوال کے جواب میں ٹام شوازی نے کہا کہ گورنر بننے کی صورت میں ، میں نیویارک میں امیگریشن کو اپنی اولین ترجیح بناو¿ں گا ۔ میں خود فرسٹ جنریشن امیگرنٹ ہوں ۔ میرے والا اٹلی سے آئے ۔ایک اور سوال کے جواب میں ٹام شوازی کا کہنا تھا کہ نیویارک میں 66فیصد کالج سٹوڈنٹ گریجویٹ نہیں ہو رہے ۔ لہٰذا ہمیں ہائی پرفارمنس کے ساتھ ساتھ بہتر پرفارم نہ کرنے والے سکولوں پر بھرپور توجہ دینا ہو گی ۔